Topics

اچھے نام

 

تم لوگوں کو قیامت کے روز تمہارے اور تمہارے آباء کے نام سے بلایا جائے گا اس لیے اپنے نام اچھے رکھو۔

        حضرت ابو درداءؓ ۔۔ ابی داؤد۔کتاب الادب۔ح۔4936۔ض۔12

        نبی کریم ﷺ نے ایک مرتبہ ایک اونٹنی کو دیکھ کر فرمایا۔

اس اونٹنی کا دودھ کون دوہے گا؟

ایک شخص اُٹھا تو نبی کریم ﷺ نے دریافت فرمایا ۔ تمہارا نام کیا ہے؟

اس نے کہا مرہ (کڑوی چیز)

آپ ﷺ نے فرمایا تم بیٹھ جاؤ۔

پھر فرمایا اسے کون دوہے گا؟

ایک دوسرا شخص کھڑا ہوا۔ آپ ﷺ نے فرمایا ۔ تمہارا نام کیا ہے؟

اس نے عرض کیا حرب(جنگ) آپ ﷺ نے فرمایا تم بھی بیٹھ جاؤ۔

پھر دریافت فرمایا تو تیسرا شخص اُٹھا ۔فرمایا ۔ تمہارا نام کیا ہے؟

اس نے عرض کیا۔

یعیش (خوشحال زندگی گزارنے والا)

آپ ﷺ نے فرمایا ۔ ہاں! تم دودھ دوہو۔

حضرت یحییٰ بن سعیدؓ ۔۔ موطاء امام مالک ۔ح۔199۔کتاب الجامع۔ض۔76

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔

انبیاء کے نام پر نام رکھا کرو۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک پسندیدہ نام عبداللہ اور عبدالرحمٰن ہیں اور صادق ترین نام حارث اور ہمام ہیں اور سب سے زیادہ برے نام حرب اور مرہ ہیں۔

حضرت ابووہب جشمیؓ ۔۔ ابی داؤد۔کتاب الادب۔ح۔4938۔ض۔18

حضرت ابواسیدؓ اپنے بیٹے کی پیدائش پر انہیں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں لے گئے۔ نبی کریم ﷺ نے ابو اسیدؓ کے نوزائیدہ بیٹے کو اپنے زانو پر لٹا لیا اور فرمایا اس کا نام کیا ہے؟

ابو اسیدؓ نے عرض کیا فلاں نام ہے۔

آپ ﷺ نے فرمایا۔

نہیں۔ اس کا نام منذر ہے۔

اس کے بعد ابو اسیدؓ نے بچہ کا نام منذر رکھ دیا۔

حضرت سہل بن سعدؓ ۔۔ بخاری۔ کتاب الادب۔ح۔6191

حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ قبیح (بے معنوں یا برے معنوں والے) ناموں کو بدل دیا کرتے تھے۔

حضرت عائشہ صدیقہؓ ۔۔ ترمذی۔ابواب الاداب۔ح۔2638

حضرت عمرؓ کی ایک صاحبزادی کا نام عاصیہ تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ نام تبدیل کر کے جمیلہ رکھ دیا۔

حضرت عبد اللہ بن عمرؓ ۔۔ ترمذی۔ ابواب الادب۔ح۔2637

ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ بازار میں تھے کہ ایک آدمی نے کہا۔ اے ابوالقاسم! نبی کریم ﷺ اُس کی طرف متوجہ ہوئے تو اُس نے کہا ۔ میں نے تو یہ آواز کسی اور کو دی تھی۔

آپ ﷺ نے فرمایا۔

میرے نام پر نام رکھ لیا کرو لیکن میری کنیت پر کنیت نہ رکھو۔

حضرت انسؓ ۔۔ مسلم۔ کتاب الاداب۔ح۔5586

ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ ﷺ نے پوچھا۔

تمہارا نام کیا ہے؟

اس شخص نے عرض کیا۔

اصرم (بے آب۔ بنجر)

آپ ﷺ نے فرمایا۔

تم زُرعہ (سرسبز) ہو۔

حضرت بشیر بن میمون عن عمہؓ ۔۔ ابی داؤد۔کتاب الادب۔ح۔4942۔ض۔69

Topics