Topics

ارشاداتِ نبوی ﷺ سے رہنمائی

 

وقار یو سف عظیمی سے میری واقفیت تو کافی پرانی ہے لیکن اُن سے ملنے کے زیادہ مواقع اس وقت میسر آئے جب یہ پی ایچ ۔ ڈی کے لیے اپنے تحقیقی مقالے ”سلسلہ عظیمیہ اور اس کی علمی و سماجی خدمات کا تحقیقی جائزہ “ کی تیاری میں مصروف تھے اور اس دوران اکثر کراچی یونیورسٹی آیا کرتے تھے۔ میں نے اُنہیں خوش لباس اور خوش گفتار ہونے کے علاوہ ایک خوش مزاج اور خوش اخلاق فرد پایا۔ ان سب سے بڑھ کر یہ اپنے بزرگوں اور اساتذہ کا بہت زیادہ ادب و احترام کرنے والے ہیں۔ اِن کی شخصیت میں اخلاق و ادب یقیناً اُن کے والد بزرگوار ولی کامل حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی تربیت ِ خاص اور سلسلہ عظیمیہ کے ماحول کا اثَر ہے۔

ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی کی شخصیت کے کئی پہلو ہیں۔ صحافت و طب کی مصروفیت کے ساتھ ساتھ وہ سلسلہ عظیمیہ میں بھی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں ۔ بطور ایک قلم کار ان کی تحریر میں سلا ست و روانی اور ایک خاص کشش ہے۔ یہ کشش اُن کی شخصیت میں بھی موجود ہے۔ ان کے اخلاق اور اعلیٰ اوصاف کی وجہ سے اکثر لوگ ان کے گرویدہ ہو جاتے ہیں اور اُن لوگوں میں ، میں بھی شامل ہوں۔

میرے پیارے بھائی ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے منتخب احادیث ِ نبوی ﷺ پر مشتمل اپنی کتاب ”صُفَّہ“ کا مسودہ مجھے مطالعہ اور رائے کے لیے دیا ۔ سب سے پہلے تو یہ کہ اس مجموعہ کا نام ”صُفَّہ“ مجھے بہت پسند آیا۔ اِس مجموعہ میں احادیث کا انتخاب ماشاء اللہ کیا ہی خوب ہے۔ آج ہمارا معاشرہ گونا گوں مصائب و مشکلات کا شکار ہے۔ نبی کریم ﷺ کے ارشادات پر عمل کر کے پاکستانی قوم اپنی مشکلات سے با آسانی نجات حاصل کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے موجودہ حالت کے مطابق ارشادات نبوی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے کی نیت سے احادیث کا انتخاب کر کے نہ صرف ایک دینی کام کیا ہے بلکہ ایک سماجی اور قومی ضرورت کو بھی پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ کتاب کے آخر میں راویانِ حدیث کے مختصر حالات بھی درج کیے گئے ہیں جو کہ قاری کے لیے نہایت ہی معلومات افزا ہے۔

مجھے امید ہے کہ اس مجموعہ احادیث ”صُفَّہ“ سے اہلِ علم و قلم اور عوام الناس خوب فائدہ اُٹھائیں گے۔

میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ برادر ِ عزیز ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی کی اِس کاوش کو قبول فرمائے اور انہیں اللہ اوراُس کے رسول ﷺ کی رضا اور خوشنودی حاصل ہو۔ اُن کی یہ کاوش اُن کے لیے دنیا اور آخرت میں کامیابیوں کا ذریعہ بنے۔ آمین

(استاذ الحدیث )   پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد

(سابق)         ڈائریکٹر شیخ زید اسلامک سینٹر کراچی

(سابق)         چیئر مین شعبہ القرآن والسنہ جامعہ کراچی

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

والصلوٰۃ والسلام علیٰ خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہ

Topics