Topics
نام عبادہ
اور کنیت ابو الولید ہے۔ والد کا نام صامت بن قیس ہے۔ والدہ کانام قرۃ العین ہے۔
حضرت عبادہ
بن صامتؓ ایک طویل القامت ، مضبوط جسم اور خوبصورت انسان تھے۔ سردار انِ انصار میں
سے تھے۔ ابھی عنفوان شباب میں تھے کہ مکہ میں اسلام کی صدا بلند ہوئی۔ یہ ان خوش
نصیبوں میں سے تھے جنہوں نے بیعت عقبہ اولیٰ میں اسلام قبول کیا۔ مکہ سے مسلمان ہو
کر واپس آئے اور اپنی والدہ محترمہ کو مشرف بہ اسلام کیا۔
حضور ﷺ نے
حضرت عبادہؓ کو ایک مقام کا عامل بھی مقرر فرمایا۔
حضرت عبادہؓ
فضلائے صحابہ میں سے تھے۔ قرات کا خاص فن تھا۔ انہوں نے حضور ﷺ کی حیات مبارکہ میں
پورا قرآن حفظ کر لیا تھا۔ اسلام کا پہلا مدرسہ جو عہد نبوی ﷺ میں قائم ہوا وہ صفہ
تھا۔ آپؓ اہلِ صُفَّہ میں سے بھی تھے۔
34 ہجری میں
76 سال کی عمر میں شام میں انتقال فرمایا۔
آپ کا اسم
گرامی عباس ، کنیت ابو الفضل ہے۔ والد کا نام عبد المطلب اور والدہ کا نام نتیلہ
ہے۔ حضرت عباسؓ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے چچا ہیں لیکن عمروں میں کچھ زیادہ فرق نہ
تھا۔ حضرت عباسؓ دو تین برس ہی حضور ﷺ سے بڑے تھے۔
حضرت عباسؓ
قریش کے ایک سربرآوردہ رئیس تھے۔ خانہ کعبہ کے اہتمام و انصرام کا عہدہ حضرت عباسؓ
کو اپنے والد عبد المطلب سے وراثت میں ملا۔
حضرت عباسؓ
نے 32 ہجری میں 88 سال کی عمر میں وفات پائی۔
نام عبد
الرحمٰن اور کنیت ابو محمد ہے۔ والد کا نام عوف ہے۔ والدہ کا نام شفاء ہے۔ حضرت
عبد الرحمٰنؓ کا اصلی نام عبد عمر تھا۔ ایمان لانے کے بعد رسول اللہ ﷺ نے بدل کر
عبد الرحمٰن رکھا۔
حضرت عبد
الرحمٰنؓ واقعہ فیل کے دسویں سال میں پیدا ہوئے۔ حضرت ابو بکرؓ کے معرفت اس وقت
اسلام قبول کیا جب صرف چند روشن ضمیر لوگ اس شرف سے بہرہ مند ہوئے تھے۔
اسلام قبول
کرنے کے بعد حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ نے حبشہ اور پھر یثرب ہجرت کی۔ حضرت عبد
الرحمٰن بن عوفؓ نبی کریم ﷺ کے ساتھ ہر غزوہ میں شریک رہے۔ واقعہ احد میں حضرت عبد
الرحمٰن بن عوفؓ نے جانثاری میں بدن پر بیس زخم کھائے۔
حضرت عبد
الرحمٰن بن عوفؓ کا شمار عشرہ مبشرہ میں ہوتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ
کی صحبت نے حضرت عبد الرحمٰنؓ کو علم و فضل و کمال سے مزین کر دیا تھا۔
75 سال کی
عمر میں وفات پائی۔
آپؓ کا نام
عبد اللہ ہے۔ حضور ﷺ کے چچا حضرت عباسؓ کے بیٹے ہیں۔ ہجرت سے تین سال قبل پیدا
ہوئے۔ آپ کی پیدائش شعب ابو طالب میں ہوئی۔ حضرت عباسؓ اپنے صاحبزادہ کو بارگاہِ
نبوی ﷺ میں لے آئے۔ آپ ﷺ نے منہ میں اپنا لعاب دہن ڈال کر دعا فرمائی۔
ایک موقع پر
حضور ﷺ نے آسمان کی طرف ہاتھ اُٹھائے اور دعا کی۔
”الٰہی !
عبد اللہ کو حکمت و دانائی عطا فرما!“
رسول اللہ ﷺ
کی دعا اور آپ ﷺ کی صحبت ِ کیمیاء اثر کا اعجاز دنیا نے اس طرح دیکھا کہ یہ ہاشمی
جوان حکمت و دانائی میں بڑے بڑے دانشمندوں اور حکماء پر بازی لے گئے۔ حضرت عبد
اللہ بن عباسؓ کو اللہ تعالیٰ نے ایک حساس دل ، پاکیزہ ذہن اور نہایت قوی حافظہ
عطا فرمایا تھا۔
امت محمدیہ
ﷺ کے بڑے عالموں اور بہترین اشخاص میں آپ کا شمار ہوتا ہے۔ حضور ﷺ نے حکمت ، فقہ ،
تاویل قرآن کی آپ کے لیے دعا فرمائی تھی۔
طائف میں 68
ھ میں 71 سال کی عمر میں وفات پائی۔
اسم گرامی
عبداللہ سلمی مازنی اور والد کا نام بسر ہے۔ آپؓ کی والدہ محترمہ ، بھائی عطیہ اور
بہن صماء کو بھی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضری کا شرف حاصل ہے۔
آپؓ شام میں
قیام پذیر ہوئے۔ حمص میں 88 ہجری میں وفات پائی۔
نام عبد
اللہ اور کنیت ابو عبد الرحمٰن ہے۔ آپؓ امیر المومنین حضرت عمر فاروقؓ کے صاحبزادہ
ہیں۔ والدہ کا نام زینب ہے۔ نزول وحی سے ایک سال پہلے پیدا ہوئے۔
حضرت عبد
اللہ بن عمرؓ کو حضور ﷺ کی بارگاہ میں حاضر باش رہنے کا اعزاز ملا۔ آپؓ کو تلاوت ِ
قرآن کی طرف غیر معمولی شغف تھا۔ قرآن پاک کی آیات پر فکر و تدبر میں زندگی کا ایک
بڑا حصہ صرف کیا۔
تفسیر قرآن
کے بعد حدیث نبوی میں بھی ابن عمرؓ کا شمار اساطین حفاظ حدیث میں ہوتا ہے۔ آپؓ کی
ذات مبارک سے حدیث کا وافر حصہ اشاعت پذیر ہوا۔ حضرت ابن عمرؓ حضور ﷺ کے وصال کے
بعد ساٹھ سال تک حیات رہے۔ اس میں آپؓ کا مشغلہ صرف علم کی اشاعت تھا اسی لیے آپؓ
نے کوئی عہدہ لینا پسند نہ فرمایا۔
74ھ میں 83
سال کی عمر میں رحلت فرمائی۔
حضرت عبد
اللہؓ ، حضرت عمرو بن العاصؓ کے صاحبزادہ ہیں۔ حضرت عمرو بن العاصؓ کو حضرت عمر
فاروقؓ کے دور خلافت میں فاتح مصر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ حضرت عبد اللہ بن عمروؓ
کی کنیت ابو محمد اور ابو عبد الرحمان ہے۔ والدہ کا نام ریطہ ہے۔
قبول اسلام
کے بعد حضرت عبد اللہؓ اکثر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں رہنے لگے۔ ایک روز حضور ﷺ کے
ارشادات کو تحریر کر لینے کی اجازت طلب کی، نبی کریم ﷺ نے حضرت عبد اللہ بن عمروؓ
کو یہ اجازت مرحمت فرما دی۔ حضرت عبد اللہؓ نے احادیث لکھنا شروع کر دیں۔ احادیث
نبوی ﷺ کے دنیا بھر میں اس پہلے تحریری مجموعہ کا نام انہوں نے ”صادقہ“ رکھا۔
حضرت عبد
اللہؓ کا اکثر وقت یا تو خدمت نبوی ﷺ میں بسر ہوتا یا پھر آپؓ اپنے گھر میں عبادات
میں مصروف رہتے۔ آپؓ کثرت سے روزے بھی رکھا کرتے۔ کثرت عبادت کی وجہ سے اہل و عیال
کی طرف توجہ اور دنیاوی معاملات زیادہ متاثر ہونے لگے۔ حتیٰ کہ ایک روز نبی کریم ﷺ
نے انہیں اپنی عبادات میں اعتدال کی تاکید فرمائی اور بیوی بچوں کا خیال رکھنے کی
تلقین کی۔
حضرت عبد
اللہ بن عمروؓ کو عبرانی زبان پر بھی عبور حاصل تھا۔ آپؓ کا سن وفات عموماً 65 ھ
بتایا جاتا ہے۔
آپؓ کا نام
عبد اللہ ، کنیت عبد الرحمٰن ہے۔ والد کا نام مسعود اور والدہ کا نام ام عبد ہے۔
حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ ابتدائی دور میں اسلام لانے والوں میں شامل ہیں۔ شمار میں
آپؓ چھٹے مسلمان ہیں۔ قبول اسلام کے بعد عبد اللہ بن مسعودؓ نے خود کو رسول اللہ ﷺ
کی خدمت کے لیے وقف کر دیا۔
عبد اللہ بن
مسعودؓ کو حجرہ مبارک میں بھی آنے جانے کی اجازت تھی۔ اس طرح عبد اللہ بن مسعودؓ
کی تربیت رسول اللہ ﷺ کے گھر پر ہوئی۔ عبد اللہ بن مسعودؓ کو حضور ﷺ کی سیرت و
کردار اور عادات کے مشاہدہ کے بھر پور مواقع ملے۔
حضرت عبد
اللہ بن مسعودؓ نے رسول اللہ ﷺ سے قرآن فہمی اور اسلام کے احکامات سیکھے۔ رسول
اللہ ﷺ کو آپؓ کی تلاوت بہت پسند تھی۔ آپؓ نے قرآن پاک کی 70 سورتیں براہ راست
حضور ﷺ سے سیکھیں۔
حضرت عبد
اللہ بن مسعودؓ صحابہ کرام میں وہ پہلے فرد ہیں جنہوں نے اولین دور اسلام میں خانہ
کعبہ میں با آواز بلند قرآن کی تلاوت کی۔
حضرت عبد
اللہؓ نے کفار مکہ کی مسلسل ایذا رسانیوں سے تنگ آکر دو مرتبہ حبش کی جانب ہجرت کی
پھر یثرب ہجرت کر گئے۔
آپؓ تمام
غزوات میں شریک رہے۔
عہد رسالت ﷺ
میں جن چند افراد کو نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے اور فتویٰ دینے کی
اجازت ملی اُن میں حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ بھی شامل ہیں۔
32ھ میں 61
سال کی عمر میں وفات پائی اور جنت البقیع میں مدفون ہیں۔
عطیہ بن
عُروہؓ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں بنو سعد بن لیث کے ایک وفد کے ہمراہ حاضر تھے۔ اس
وقت نبی کریم ﷺ فرما رہے تھے۔
”حق تعالیٰ!
جو تجھے دے اسے لے لے ، اور لوگوں سے کسی چیز کا سوال نہ کر کیونکہ اونچا ہاتھ
دینے والا ہے اور نیچا ہاتھ لیے جانے والا اور اللہ کے مال سے سوال کیا جانے والا
ہے جو اسے دیا جاتا ہے۔
صحابی رسول
ﷺ حضرت عقبہ بن عامرؓ انصاری ہیں۔ آپ کی کنیت ابو عمرو ہے۔ آپؓ کا تعلق قبیلہ بنو
خزرج سے تھا۔ رسول اللہ ﷺ جب مدینہ تشریف لائے تو دربار ِ اقدس میں حاضر ہوئے اور
اسلام قبول کیا۔
علم و فضل
کے اعتبار سے حضرت عقبہؓ ممتاز شخصیت تھے۔ عقبہ کتاب اللہ کے قاری ، فرائض کے ماہر
فقیہ ، فصیح اللسان شاعر اور بلند مرتبہ شخص تھے۔
آپؓ کا ایک
خاص اعزاز سفر میں حضور پاک ﷺ کی سواری کی مہار تھامنا تھا۔
قرآن پاک کی
تلاوت سے خاص شغف تھا۔ ایک مرتبہ جب آپؓ سفر میں حضور ﷺ کی رفاقت میں تھے اور آپ ﷺ
کی سواری اقدس کھینچ رہے تھے کہ آپ ﷺ نے فرمایا عقبہ! میں تم کو دو بہترین سورتیں
پڑھنے کے لیے بتاتا ہوں، آپؓ نے عرض کی ۔ نوازش ، کرم ہوگا۔ ارشاد ہوا سورہ فلق
اور سورہ الناس پڑھو۔
آپؓ نے بعض
سورتیں خود رسول اللہ ﷺ سے سیکھی تھیں۔ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ کے قدموں سے چمٹ گئے
اور عرض کیا۔” یا رسول اللہ ﷺ! مجھے سورۂ ہود اور یوسف پڑھایئے۔
عہد فاروقی
میں شام کی فتوحات میں مجاہدانہ شریک ہوئے۔ دمشق کی فتح کا مژدہ حضرت عمرؓ کے پاس
یہی لائے تھے۔
آپؓ کی وفات
کے بارے میں مختلف روایتیں ہیں۔ بہ روایت صحیح 58ھ میں وفات پائی۔
نام عمران
اور کنیت ابو نُجید ہے۔ والد کا نام حصین بن عبید ہے۔ مکہ کے قریبی علاقے کے رہنے
والے تھے۔ ہجرت کی ابتداء میں اسلام لائے۔ آپؓ کے ہمراہ آپ کے والد گرامی حصین اور
بہن بھی شرف اسلام سے بہرہ مند ہوئے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد مدینہ منورہ سے واپس
اپنے آبائی وطن لوٹ گئے۔
عمرانؓ
گومکہ کے قریب اپنے وطن میں رہتے تھے لیکن ذوق جہاد میں غزوات کے موقع پر مدینہ
پہنچ جاتے تھے۔ فتح مکہ میں حضور ﷺ کے ہمرکاب تھے اور ان کے قبیلہ کا علم ان کے ہی
ہاتھ میں تھا۔
حضور ﷺ کی
حیات مبارکہ میں حضور ﷺ کی خدمت میں حاضری دینے کے لئے بکثرت مدینہ آتے رہے۔ رسول
اللہ ﷺ کے وصال کا اتنا اثر لیا کہ مدینہ آنا جانا چھوڑ دیا اور گوشہ نشیں ہو گئے۔
عام طور پر
لباس بہت سادہ ہوتا لیکن کبھی کبھی نعمت اور اظہار تشکر کے لیے بیش قیمت لباس زیب
تن کر لیتے تھے۔ ایک مرتبہ خلاف معمول خز کی چادر اوڑھ کر نکلے اور کہنے لگے رسول
اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب اللہ کسی بندہ پر احسان و انعام کرتا ہے تو اس کا ظاہری
اثر بھی اس پر ہونا چاہیئے۔
52 ھ میں آپ
نے وصال فرمایا۔
عمرو بن ابی
سلمہؓ ام المومنین حضرت سلمہؓ کے پہلے شوہر کے بھتیجے تھے۔ آپؓ کی ولادت حبشہ میں
ہوئی۔ آپ کا نام عبد اللہ بھی بتایا گیا ہے۔ وفات نبوی ﷺ کے وقت آپؓ کی عمر نو سال
بتائی گئی ہے۔ لیکن آپؓ نے نبی کریم ﷺ سے سماعت حدیث کی اور انہیں یاد رکھا۔
83ھ میں
وفات پائی۔