Topics

نوعِ انسانی کی فلاح

 

        نوعِ انسانی کو ہدایت و رہنمائی عطا فرمانے ، انسانوں کو اللہ کی مرضی سے واقف کروانے کے لیے اور دیگر مخلوقات سے انسان کو اشرف اور ممتاز رہنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے منتخب برگزیدہ بندوں کا ایک سلسلہ قائم فرمایا۔ حضرت آدمؑ سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ آخری نبی حضرت محمد رسول اللہ ﷺ پر مکمل ہوا۔

        تمام انبیاء کرامؑ نے اللہ تعالیٰ کی توحید پر ایمان لانے کی تلقین اور نیک اور بد اعمال سے واقف کرانے کے ساتھ ساتھ اس بات کی تلقین بھی فرمائی ہے کہ انسان بحیثیت مخلوق اپنے خالق و مالک اللہ کے ساتھ ایک خاص تعلق اور ربط رکھتا ہے۔ اس خصوصی تعلق کے ادراک کے لئے ضروری ہے کہ انسان کو اپنی منفرد اور افضل حیثیت کا ادراک ہو۔

اللہ تعالیٰ کی معرفت ، قربت اور نیابت کے لئے جو استعداد عطا کی گئی اس کا ذریعہ وہ علم ہے جو انسان کو عطا کیا گیا ہے اور یہ بات بہت اہم ہے کہ علم الاسماء صرف انسان کو عطا کیا گیا ہے۔ انبیاء کرام اور رسول علم کے بالا تر مقام پر فائز ہیں اور اللہ تعالیٰ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ تمام انبیاءؑ میں علوم کے انتہائی اعلیٰ اور ارفع ترین مقام کے حامل ہیں ۔ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ مشیت ِ ربی اور اسرارِ الٰہی کے سب سے بڑے واقف ہیں۔ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی اعلیٰ و ارفع شان یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ ساری نوع انسانی کے مُزکّی و معلم ہیں۔

رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات نوعِ انسانی پر یہ واضح کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا اور تعمیری و مثبت طرزِ فکر اختیار کرنا نوع انسان کی فلاح کا ضامن ہے جبکہ منفی سوچ اور تخریب غیر فطری اور شیطانی طرزِ فکر ہے۔

رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات سے انسان کو یہ ترغیب و رہنمائی ملتی ہے کہ تخریب کے بجائے تعمیری طرزِ فکر اختیار کی جائے۔ مثبت اور تعمیری طرزِ فکر میں یہ راز مخفی ہے کہ انسان میں دوسرے انسانوں کے لیے نفرت ، حقارت نہ ہو بلکہ احترام کے جذبات ہوں اور لوگ اس دنیا میں امن و بھائی چارہ کے ساتھ زندگی بسر کریں۔

حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کرامؓ نے آپ ﷺ کے ارشادات کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ فرما کر نوع انسانی پر بہت بڑا احسان فرمایا ہے۔ احادیث کی تدوین کے سلسلہ میں صحابہ کرام ، صحابیات ، تابعین

اور تبع تابعین نے نہایت شاندار خدمات سر انجام دی ہیں۔ محدثین اور علمائے کرام نے اس شعبہ کو بہت زیادہ وسعت دی ہے

صحابہ کرام کے ذریعہ منتقل ہونے والے عظیم المرتبت ذخیرۂ حدیث کی ترویج و اشاعت کا اہتمام ہر دور میں ہوتا رہا ہے۔ حدیث کی اشاعت ایک نہایت مبارک و محترم عمل ہے۔ محدثین کے علاوہ دیگر حضرات نے بھی اس مبارک کام میں حصہ لیا ہے۔

میرے بیٹے ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے احادیث کے مجموعوں میں سے چند احادیث مبارک جمع کر کے ”صُفَّہ “ کے نام سے ایک مجموعہ مرتب کیا ہے۔ اس کام میں ان کے پیشِ نظر یہ مقصد ہے کہ آج کے دور میں زندگی بسر کرنے والے انسانوں کی شخصیت کی تعمیر اور معاشرہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات سے رہنمائی اور استفادہ کیا جائے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ”صُفَّہ“ کے نام سے مرتب کیا جانے والا احادیث کا یہ مجموعہ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی فکر اور تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کا ذریعہ بنے۔ سلسلہ عظیمیہ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی غلامی کا دم بھرنے والوں کا سلسلہ ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سلسلہ عظیمیہ کے اراکین حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی روشن تعلیمات سے اپنے ظاہر و باطن کو روشن اور منور کرتے رہیں اور نہ صرف اُمت محمد یہ بلکہ پوری انسانی برادری میں ان تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش بھی کریں۔

اللہ تعالیٰ ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی کی اس مبارک کاوش کو قبول فرمائے اور ان کی یہ کاوش ، ہمارے پیارے نبی رحمت اللعالمین حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی خوشی کا باعث ہو۔ آمین یا رب العالمین۔

خواجہ شمس الدین عظیمیؔ

چیف ایڈیٹر ، روحانی ڈائجسٹ

مرکزی مراقبہ ہال کراچی ۔ پاکستان

Topics