Topics
اللہ کے
آخری نبی اور رسول حضرت محمد ﷺ کا اسوۂ حسنہ نا صرف امتِ مسلمہ کے لیے بلکہ پوری
نوعِ انسانی کے لیے ہدایت و رہنمائی کا بہترین اور ابدی ذریعہ ہے۔
حضرت محمد
رسول اللہ ﷺ پر اللہ کی آخری کتاب قرآن کا نزول ہوا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی
حیات طیبہ قرآن پر عمل کی سب سے اعلیٰ اور نہایت شاندار مثال ہے۔ حضور ﷺ کی حیات
مبارکہ میں ہر شعبہ زندگی کے لیے ہدایت و رہنمائی کا سامان موجود ہے۔
موجودہ دور
سائنس و ٹیکنالوجی اور مواصلات کی تیز رفتار ترقی کا دور ہے۔ اس دور میں انسان کو
بالعموم اور مسلمانوں کو بالخصوص نت نئی مشکلات و مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ مشکلات ایک طرف تو انفرادی طور پر محسوس کی جا رہی ہیں دوسری طرف پورے پورے
معاشرے شدید مسائل بلکہ ڈپریشن میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ دینِ فطرت اسلام ، انسانیت
کے احترام کا درس دیتا ہے۔ یہ انسانوں کو ایک دوسرے سے بھائی چارہ ، اخوت و محبت
کے تعلق میں منسلک دیکھنا چاہتا ہے۔ اس مقصد کی خاطر اسلام لوگوں میں تحمل ،
برداشت ، ایثار و قربانی کے جذبات کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔ ان مقاصد کے حصول کا
بہترین ذریعہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات ہیں۔
رسول اللہ ﷺ
کی حیات مبارکہ کے واقعات ، آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات پوری نوع انسانی
کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ یہ نہایت قیمتی اور متبرک اثاثہ آنے والی نسلوں تک صحابہ
کرام ، تابعین اور تبع تابعین کے ذریعہ منتقل ہوا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی احادیث کے
فروغ و اشاعت کی ہر کوشش نہایت مبارک اور احسن عمل ہے۔
انسان ِ
کامل ، خیرُالبشر حضرت محمد ﷺ کی احادیثِ مبارکہ میں سے تعمیر شخصیت ، کردار سازی
اور اعلیٰ انسانی اوصاف کے حوالے سے ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے چند احادیث کا ایک
مختصر مجموعہ مرتب کیا ہے ۔ انہوں نے اس مجموعہ کا نام ” صُفَّہ“ رکھا ہے۔ ڈاکٹر
وقار یوسف عظیمی کے اس کام سے مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ایک تو اس وجہ سے کہ
احادیث نبوی ﷺ کی اشاعت بجائے خود ایک نہایت احسن عمل ہے اور یہ کام ہر مسلمان کے
لیے باعث مسرت و اطمینان ہے۔ دوسرے اس وجہ سے کہ ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی میرے
شاگردوں کے حلقہ میں شامل ہیں۔ انہوں نے ”سلسلہ عظیمیہ اور اس کی علمی و سماجی
خدمات کا تحقیقی جائزہ“ کے موضوع پر پی۔ ڈی کے لیے اپنا تحقیقی مقالہ میری زیرِ
نگرانی مکمل کیا۔
ماہنامہ
روحانی ڈائجسٹ اور اخبارات میں ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی کی تحریریں نہایت شوق اور
توجہ سے پڑھی جاتی ہیں۔ ان کی تحریروں میں تحقیقی ، تجزیاتی اور تخلیقی رنگ جھلکتا
ہے ، اس مجموعہ احادیث کے نام کے لیے ” صُفَّہ“ کا انتخاب بھی ڈاکٹر وقار یوسف
عظیمی کی تحقیقی سوچ کا مظہر ہے۔ اس مجموعہ میں شامل احادیث کے راویان کے مختصر
حالاتِ زندگی بھی آخر میں بطور ضمیمہ شامل کیے گئے ہیں۔ اس ضمیمہ کی شمولیت سے
طالب علموں اور عام قارئین کے لیے اس کتاب کی افادیت مزید بڑھ گئی ہے۔
ڈاکٹر وقار
یوسف عظیمی سلسلہ عظیمیہ کے ایک نہایت متحرک و فعال رکن ہیں۔ حضرت محمد رسول اللہ
ﷺ سے گہرا قلبی و روحانی تعلق اور آپ ﷺ کی تعلیمات میں شغف سلسلہ عظیمیہ کے اراکین
کی نمایاں پہچان ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ گرامی کے ساتھ اس خصوصی تعلق کا سبب
سلسلہ عظیمیہ کے مرشد حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی کی جانب سے ملنے والی تعلیمات
اور اراکین ِ سلسلہ کی ایک خاص نہج پر تربیت ہے۔
سلسلہ
عظیمیہ کے امام حضرت قلندر بابا اولیاءؒ اور حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی کے تربیت
یافتہ ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی کی جانب سے احادیث نبوی ﷺ کے اس مجموعہ کی تیاری و
اشاعت پر میں ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی ، ان کے والد بزرگوار حضرت خواجہ شمس الدین
عظیمی اور سلسلہ عظیمیہ کے تمام وابستگان کو بطور خاص مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
پروفیسر
ڈاکٹر عبدالرشید
ستارۂ
امتیاز