Topics

حضرت ابو شریح کعبیؓ

 

حضرت ابو شریحؓ خویلد ، کعبی ، خزاعی ہیں۔ فتح مکہ سے قبل اسلام لائے۔ اپنی کنیت سے زیادہ مشہور ہوئے۔ آپؓ کا شمار اہلِ حجاز میں ہوتا ہے۔

68 ہجری میں مدینہ منورہ میں وصال فرمایا۔

حضرت اسامہ بن شریکؓ

حضرت اسامہ بن شریکؓ کا تعلق بنو ثعلبہ سے تھا۔

حضرت اَنَسؓ

حضرت اَنسؓ اور کنیت ابو حمزہ ہے۔ لقب ”خادمِ رسول ﷺ“ ہے۔ آپ کے والد گرامی کا نام مالک بن نضر ہے۔ آپؓ کا تعلق مدینہ کے قبیلہ بنو خزرج سے ہے۔ آپؓ کی والدہ کا نام ام سلیم سہلہ بنت ملحان انصاریہ ہے۔

حضرت انسؓ ہجرت نبوی سے دس سال پہلے پیدا ہوئے۔

حضرت انسؓ حضور ﷺ کے خاص خادمان میں شامل تھے اور دس سال تک آپ ﷺ کی خدمت میں حاضر باش رہے۔

رسول اللہ ﷺ کی وفات کے بعد حضور ﷺ کے دیدار کے لیے ظاہری آنکھیں ترس گئیں لیکن باطنی آنکھ پر یہ پردہ حائل نہ تھا۔ اکثر خواب میں حضور ﷺ کی زیارت سے مشرف ہوتے اور صبح گریہ وزاری کا ایک طوفان بپا ہوتا۔

حضرت عمر فاروقؓ نے اپنے دور خلافت میں انہیں بصرہ میں تبلیغ دین اسلام پر مامور فرمایا تو وہیں اقامت پذیر ہو گئے۔ حضور ﷺ نے آپؓ کے لیے دین و دنیا کے علاوہ خاص کر کثرت مال اور کثرت اولاد کے لیے دعا فرمائی۔ آپؓ کی عمر ایک سو تین سال ہوئی۔ آپؓ کی زندگی ہی میں آپؓ کی اولادوں کی تعداد سو تک پہنچ گئی تھی۔ آپؓ کا باغ خلاف معمول سال میں دو بار پھل دیتا تھا۔

بصرہ کے مقام پر 91ھ میں انتقال فرمایا۔

حضرت ایمن بن خریمؓ

نام ایمن ہے۔ والد کا اسم گرامی خریم ہے۔ ایمن کے والد خریم بدری صحابی ہیں لیکن ایمنؓ فتح مکہ کے زمانہ میں اسلام لائے۔ یہ شاعر بھی تھے۔

حضرت بریدہؓ

آپ کا اسم گرامی بریدہ ، کنیت ابو عبد اللہ ہے۔ والد کا نام حصیب بن عبداللہ ہے۔ بریدہؓ عین زمانہ ہجرت میں مشرف بہ اسلام ہوئے۔

6ھ میں صلح حدیبیہ میں شریک ہوئے ۔ بیعتِ رضوان کا شرف بھی حاصل ہوا۔ 8ھ میں حضور ﷺ نے مکہ کی جانب کوچ کیا تو آپ بھی ہمرکاب تھے۔

حضرت بریدہؓ کو حضور ﷺ کی بار گاہ میں بہت نیاز مندی حاصل تھی۔ حضور ﷺ آپ سے بے تکلفانہ ملتے، کبھی کبھی حضور ﷺ آپ کے ہاتھ میں ہاتھ دیے ہوئے نکلتے تھے۔

حضرت عمرؓ کے زمانہ میں بصرہ آباد ہوا تو دوسرے کئی صحابہ کے ساتھ مدینہ منورہ سے بصرہ منتقل ہوگئے۔ 63 ہجری میں وفات پائی۔

حضرت ثوبانؓ

اسم گرامی ثوبان اور کنیت ابو عبداللہ ہے۔ یمن کے مشہور حمیری خاندان سے تعلق تھا۔ نبی کریم ﷺ نے خرید کر فرمایا دل چاہے تو اپنے خاندان والوں کے پاس چلے جاؤ اور دل چاہے تو میرے ساتھ رہو ، میرے ساتھ رہو گے تو اہلِ بیت میں شمار ہوگا۔ حضرت ثوبانؓ نے اہلِ خاندان کے ساتھ رہنے پر خدمت نبوی میں حاضر باش رہنے کو ترجیح دی اور تمام زندگی نبی کریم ﷺ کے ساتھ رہے۔

حضرت ثوبانؓ رسول اللہ ﷺ کے خاص خادم تھے۔ اس لیے بیشتر وقت نبی کریم ﷺ کی خدمت میں ساتھ رہنے کا موقع ملتا ۔ قرب نبوی ﷺ میں رہنے کے باعث حضرت ثوبانؓ علوم نبوی ﷺ سے زیادہ بہرہ ور ہوئے۔

نبی کریم ﷺ کی وفات کے بعد جو جماعت صاحب علم و افتاء تھی اس جماعت کے ایک رکن حضرتِ ثوبانؓ بھی تھے۔ 54 ہجری میں حمص میں وفات پائی۔

حضرت جابرؓ

آپ کا اسم گرامی جابر ، کنیت ابو عبد اللہ ہے۔ قبیلہ خزرج سے تعلق ہے۔ والد کا نام عبد اللہ بن عمرو ، والدہ کا نام نسیبہ ہے۔ حضرت جابرؓ کے دادا (عمرو) اپنے خاندان کے رئیس تھے۔

بیعت عقبہ ثانی میں حضرت جابرؓ کو اپنے والد حضرت عبد اللہ بن عمروؓ کے ساتھ قبول اسلام کا شرف ملا۔ حضرت جابرؓ کی عمر اس وقت تقریباً اٹھارہ برس تھی۔ اس موقع پر حضرت عبد اللہ بن عمروؓ کو یہ شرف بھی ملا کہ انہیں رسول اللہ ﷺ نے بنو حرام کا نقیب مقرر کیا۔

رسول اللہ ﷺ کو حضرت جابرؓ سے بہت محبت تھی ۔ ایک مرتبہ آپؓ بیمار ہوئے تو نبی کریم ﷺ عیادت کے لیے تشریف لائے ، حضرت جابرؓ اس وقت شدت مرض سے بے ہوش تھے۔ نبی کریم ﷺ نے وضو کر کے خود اپنے دست مبارک سے انہیں پانی کے چھینٹے دیئے۔ نبی کریم ﷺ کے دست مبارک سے ملنے والے چھینٹوں سے حضرت جابرؓ کو شفاء عطا ہوئی۔

نبی کریم ﷺ کی کسی مسلمان کے ہاں دعوت ہوتی تو آپ ﷺ اکثر جابرؓ کو بھی ساتھ لے جاتے ، کبھی انہیں اپنے درِ اقدس پر ساتھ لے آتے اور ان کے ساتھ تشریف فرما ہو کر کھانا کھاتے۔

مدینہ میں 74 ھ میں وفات پائی۔

حضرت حارثہ بن وہبؓ

آپؓ خزاعی اور حضرت عبداللہ بن عمر بن خطابؓ کے ماں شریک بھائی تھے۔ ان کا شمار کوفیین میں ہوتا ہے۔ ان سے ابو اسحٰق سبیعی نے روایت کی ہے۔

حضرت حذیفہ بن یمانؓ

حضرت حذیفہؓ کی کنیت ابو عبداللہ العبسی ہے۔ لقب صاحب السر ہے۔ والد گرامی کا نام حسیل بن جابر ہے۔ والدہ کا نام رباب بنت کعب ہے۔

ہجرت سے پہلے ہی آپ کے والدین مشرف بہ اسلام ہوئے۔

حضرت حذیفہؓ خاندانی اعتبار سے مکی اور پیدائشی لحاظ سے مدنی تھے۔ ایک مرتبہ انہوں نے حضور ﷺ سے دریافت کیا میں مہاجر ہوں یا انصاری؟ حضور ﷺ نے فرمایا۔” تمہیں اختیار ہے مہاجر کہلاؤ یا انصاری۔“

ان کی جانب سے کفار سے کیے گئے ایفائے عہد کے تحت نبی کریم ﷺ نے انہیں غزوۂ بدر میں شرکت کی اجازت نہ دی۔

غزوۂ احد میں والد کے ہمراہ شریک ہوئے۔ غزوۂ خندق میں حضرت حذیفہ بن یمانؓ کو رسول اللہ ﷺ نے دشمن افواج کی خبر گیری کے لیے روانہ کیا۔

حضور ﷺ کے انتہائی معتمدین صحابہ میں ان کا لقب ”محرم راز نبوی“ تھا۔

عہد رسالت ﷺ میں جن چند افراد کو نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے اور فتویٰ دینے کی اجازت ملی ان میں حضرت حذیفہ بن یمانؓ کا شمار بھی ہوتا ہے۔

حضرت حکیم بن حزامؓ

نام حکیم بن حزام اور کنیت ابو خالد ہے۔ قریشی اسدی ہیں۔ حضرت حکیم بن حزامؓ اُم المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰؓ کے بھتیجے تھے۔ یہ عرب کے معززین میں شمار کیے جاتے تھے۔

فتح مکہ کے وقت اسلام قبول کیا۔ اسلام قبول کرتے وقت آپ کی عمر 60 سال تھی۔ اسلام قبول کرنے کے بعد بھی آپؓ نے 60 سال عمر پائی۔

54 ھ میں 120 سال کی عمر میں مدینہ منورہ میں وفات پائی۔

حضرت رافع بن خدیجؓ

نام رافع اور کنیت ابو عبد اللہ ہے۔ آپؓ کا تعلق یثرب کے قبیلہ اوس سے ہے۔ والد کا نام خدیج بن عدی ہے۔ والدہ کا نام حلیمہؓ بنت عروہ ہے۔

حضرت رافعؓ بنو حارثہ کے رئیس اور سردار تھے،

غزوۂ بدر کے وقت آپؓ کی عمر 14 سال تھی۔ حضور ﷺ نے کم عمری کی وجہ سے آپؓ کو شرکت کرنے کی اجازت نہ دی۔ دوسرے سال غزوۂ احد میں رافعؓ کو محاذ پر جانے کی حضور ﷺ سے اجازت مل گئی۔

اسی غزوہ میں حضرت رافعؓ کے سینہ میں ایک تیر لگا جو ہڈیوں کو توڑتا ہوا اندر گھس گیا ، لوگوں نے کھینچا تو نوک اندر رہ گئی۔ حضور ﷺ کو خبر ہوئی تو فرمایا۔” میں تمہارے نسبت قیامت میں (تمہاری) شہادت (کی گواہی) دوں گا۔

حضرت رافع بن خدیجؓ نے 74 ہجری میں وفات پائی۔

حضرت رافع بن مَکِیثؓ

حضرت رافع بن مکیثؓ کا تعلق قبیلہ جہنیہ سے ہے۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر نبی کریم ﷺ کے ساتھ موجود تھے۔

حضرت زبیر بن عوامؓ

نام زبیر اور کنیت ابو عبداللہ ہے۔ لقب حواری ِ رسول ﷺ ہے۔ والد کا نام عوام اور والدہ کا نام صفیہ ہے۔ ذات نبوی ﷺ کے ساتھ حضرت زبیرؓ کو متعدد نسبتیں حاصل تھیں۔ حضرت زبیرؓ کا سلسلہ نسب قصی بن کلاب پر محمد بن عبداللہ ﷺ سے مل جاتا ہے ، آپؓ کی والدہ حضرت صفیہؓ سرور کائنات ﷺ کی پھوپھی اور سید الشہداء حضرت حمزہؓ کی بہن تھیں۔ اس طرح زبیرؓ حضرت حمزہؓ کے بھتیجے اور حضور ﷺ کے پھوپھی زاد بھائی تھے۔ اس کے علاوہ حضرت ابو بکرؓ کے داماد بھی تھے۔

حضرت زبیرؓ ہجرت نبوی ﷺ سے اٹھائیس سال قبل پیدا ہوئے۔

حضرت زبیرؓ نے سولہ یا سترہ سال کی عمر میں اسلام قبول کیا۔ کفار مکہ کے ظلم و ستم کے باعث حبشہ ہجرت فرمائی۔ آپؓ تمام غزوات میں شریک رہے۔ حضرت زبیرؓ ایک انتہائی دلیر اور بے خوف صحابی تھے۔ اسلام کے دفاع کے لیے انہوں نے کئی خطرات کا بے خوفی سے سامنا کیا۔ انؓ کی جرات مندانہ خدمات پر رسول اللہ ﷺ نے انہیں یہ کہہ کر نوازا ۔” تم پر میرے ماں باپ فدا ہوں۔“

رسول اللہ ﷺ نے ان کے لیے یہ بھی فرمایا کہ ” ہر نبی کے حواری ہوتے ہیں ، میرا حواری زبیر ہے ۔“

حضرت زبیر بن عوامؓ عشرہ مبشرہ میں بھی شامل ہیں۔

حضرت زبیرؓ نے 36 ہجری میں 64 سال کی عمر میں شہادت پائی۔

حضرت سعد بن ابی وقاصؓ

حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کی کنیت ابو اسحاق ہے۔ ان کے والد کا نام مالک بن وہیب ہے۔ والدہ کا نام حمنہ ہے۔ قبیلہ قریش سے تعلق ہے۔

اولین دور میں ہی 17 سال کی عمر میں اسلام لے آئے تھے۔ حضرت سعدؓ کی والدہ اپنے بیٹے کے قبول اسلام کی سخت مخالف تھیں۔ چونکہ وہ اپنی والدہ کے فرمانبردار تھے اس لیے یہ آزمائش بہت سخت تھی۔

غزوہ بدر میں آپؓ کے بھائی حضرت عمیرؓ نے شہادت پائی۔

غزوہ احد میں چند مسلمانوں کی غفلت سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس نازک موقع پر حضرت سعدؓ کے قدموں میں کوئی لغزش نہ آئی۔ آپؓ تیر اندازی میں کمال رکھتے تھے۔ جب کفار کا نرغہ ہوا تو انہوں نے کمال مہارت سے تیر اندازی کرتے ہوئے دشمن کی پیش قدمی کو روکے رکھا۔ اس موقع پر رسول اللہ ﷺ آپؓ کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے۔ حضور ﷺ آپؓ کو اپنے ترکش سے تیر نکال کر دیتے جاتے اور ان کی تیر اندازی کی تعریف کرتے ہوئے فرماتے ” اے سعد ! تیر چلا ۔ میرے ماں باپ تجھ پر فدا ہوں۔“ رسول اللہ ﷺ کی جانب سے ایسے ستائشی کلمات حضرت سعدؓ کے علاوہ حضرت طلحہؓ اور حضرت زبیرؓ کے لیے منقول ہیں۔ تاہم غزوہ احد میں یہ فخر صرف حضرت سعدؓ کے لئے ہی مخصوص رہا۔ آپؓ عشرہ مبشرہ میں بھی شامل ہیں۔

اس بات کی لوگوں میں بڑی شہرت تھی کہ وہ بڑے مستجاب الدعوات ہیں۔ لوگ ان سے دعا کی تمنا رکھتے تھے۔ روایت ہے کہ حضور ﷺ نے ان کے حق میں دعا کی تھی کہ ” اے اللہ ان کے تیر کو سیدھا پہنچا دے اور ان کی دعا قبول فرما لے۔“

55 ھ میں بعمر 70 سے کچھ اوپر مدینہ منورہ میں وفات پائی۔

حضرت سعید بن زیدؓ

اسم گرامی سعید اور کنیت ابو الاعور ہے۔ والد کا نام زید اور والدہ کا نام فاطمہ بنت بعجہ ہے۔ حضرت سعید بن زیدؓ کا سلسلہ نسب کعب بن لوی پر حضرت محمد بن عبد اللہ ﷺ سے اور نفیل پر حضرت عمر بن خطابؓ سے مل جاتا ہے۔ حضرت سعیدؓ کے والد زید ان سعادت مند بزرگوں میں سے ہیں جو زمانہ کفر میں بھی ہر قسم کے فسق و فجور اور بت پرستی سے بے زار تھے۔

ایام جاہلیت میں لوگ بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیا کرتے تھے لیکن سعیدؓ کے والد زید ان معصوم لڑکیوں کو بچا کر انہیں اپنی کفالت میں لے لیتے اور جب ایسی کوئی لڑکی بڑی ہوجاتی تو اس کے باپ سے کہتے ، چاہو تو واپس لے لو اور چاہو تو میری کفالت میں رہنے دو۔

حضرت سعید بن زیدؓ نے اپنی نیک بخت بیوی حضرت فاطمہؓ بنت خطاب کے ساتھ اسلام قبول کیا۔ یہی وہ فاطمہؓ ہیں جن سے قرآن سننے کے بعد حضرت عمرؓ حلقۂ بگوش اسلام ہوئے۔

حضرت سعیدؓ عشرہ مبشرہ میں شامل ہیں۔

51 ہجری میں تقریباً ستر سال کی عمر میں مقام عقیق میں وفات پائی اور وہاں سے ان کے جسد خاکی کو مدینہ لا کر تدفین کی گئی۔

حضرت سعید بن عاصؓ

آپؓ 1 ہجری میں پیدا ہوئے۔ نام سعید رکھا گیا۔ والد کا نام عاص بن سعید ہے۔ والدہ کا نام اُم کلثوم ہے۔ مکہ میں سعید کے آباؤ اجداد کا شمار بڑے رئیسوں میں ہوتا تھا۔

حضرت سعیدؓ نے جب ہوش سنبھالا تو ارد گرد اسلام کو سایہ فگن دیکھا۔

حضرت عثمان غنیؓ نے مصاحف کی کتابت کے لیے جو جماعت منتخب کی تھی اس جماعت میں حضرت سعیدؓ بھی شامل تھے۔ قرآن پاک کی کتابت میں صرف و نحو اور زبان کی صحت کی نگرانی حضرت سعیدؓ کے ذمہ تھی۔

حضرت سعیدؓ نے 69 ہجری کو وفات پائی۔

حضرت سفیان بن اسیدؓ

آپؓ کا نام سفیان ہے۔ والد کا نام اسید الحضری الشامی ہے۔ آپؓ کی روایت کردہ احادیث حجازیوں میں مروج ہیں۔

حضرت سہل بن سعدؓ

نام سہل کنیت ابو العباس ، ابو مالک اور ابو یحییٰ ہے۔ والد کا نام سعد ہے۔ آپؓ کے والد نے آپ کا نام حزن رکھا لیکن نبی کریم ﷺ جب مدینہ تشریف لائے تو آپ ﷺ نے ان کا نام حزن سے بدل کر سہل رکھ دیا۔

91 ہجری میں آپؓ نے وصال فرمایا۔

حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ

آپؓ کا نام طلحہ اور کنیت ابو محمد قریشی ہے۔ ابتدا ء میں ہی اسلام لے آئے۔ غزوۂ بدر کے موقع پر میدان ِ جنگ میں موجود نہ تھے کیونکہ انہیں اور حضرت سعید بن زیدؓ کو نبی کریم ﷺ نے کافروں کے قافلہ کا پتہ چلانے کے لئے بھیج دیا تھا جس میں ابو سفیان غلہ لے کر آرہا تھا۔ غزوۂ احد کے روز نبی کریم ﷺ کی حفاظت پر معمور تھے۔ غزوۂ احد میں حضرت طلحہؓ ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے اس روز رسول اللہ ﷺ سے موت پر بیعت کی۔ احد میں جب نبی کریم ﷺ کے قریب آنے کے لیے کفار اپنی پوری کوششیں کر رہے تھے اور پے در پے مسلمانوں پر وار کر رہے تھے ایسے میں حضرت طلحہؓ نے کفار کے حملہ کو روکنے اور دشمنوں پر حملہ کرنے میں اتنی تیز تلواریں چلائیں کہ ہاتھ کی انگلیاں سُن ہو گئیں۔ کفار کی جانب سے جب تیروں کی بارش ہوئی تو ان تیروں سے نبی کریم ﷺ کو بچانے کے لیے اپنی کمر کو ڈھال بنا کر اس طرح کھڑے ہو گئے کہ تمام کمر تیروں سے چھلنی ہو گئی لیکن قدم نہ ڈگمگائے۔ معرکۂ احد میں با اختلاف روایت پچھتر زخم آئے جس میں سے کچھ نیزے اور تلواروں اور زیادہ تر تیروں کے تھے۔ اس دن سب سے زیادہ زخموں سے نڈھال جسم حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ کا تھا۔

حضرت طلحہ بن عبید اللہؓ کا شمار بھی عشرہ مبشرہ میں ہوتا ہے۔

جمادی الثانی 30 ھ میں انتقال ہوا اور بصرہ میں انتقال ہوا۔

Topics