Topics

راز داری

 

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

”اپنی ضروریات کے حصول میں کامیابی کے لیے رازداری سے مدد لو کیونکہ ہر صاحب نعمت محسود ہے یعنی وہ حسد یا رقابت کا نشانہ بن سکتا ہے۔“

(حضرت معاذ بن جبلؓ ۔۔ طبرانی الصغیر۔2/292۔ح۔1186 ۔ض۔56)


 

کاروباری معاملات

رسول اللہ ﷺ غلہ کے ایک ڈھیر پر سے گزرے۔ آپ ﷺ نے اپنا ہاتھ اُس ڈھیر کے اندر ڈال دیا۔ آپ ﷺ کی انگلیوں نے تری اور گیلا پن محسوس کیا۔

آپ ﷺ نے فرمایا:

اے غلہ والے! یہ کیا معاملہ ہے؟

اس نے جواب دیا۔

”اس ڈھیر پر بارش پڑ گئی تھی۔“

آپ ﷺ نے فرمایا۔

”تم نے بھیگے ہوئے غلہ کو اوپر کیوں نہ رکھا تاکہ لوگ اسے دیکھ لیتے۔“ اس کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا۔

”جو دھوکہ دے اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔“

(حضرت ابو ہریرہؓ ۔۔ مسلم۔ کتاب الایمان۔ح۔284)

”جو شخص عیب دار چیز بیچے اور اس کے عیب کو ظاہر نہ کر دے وہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے غضب میں رہے گا اور فرشتے اس پر لعنت کرتے رہیں گے۔“

(حضرت واثلہ بن اسقعؓ ۔۔ ابن ماجہ۔کتاب التجارۃ۔ح۔2247)

”کوئی اپنے بھائی کی بیع(خریدنا) پر بیع نہ کرے اور اپنے بھائی کے پیام پہ پیام نہ دے مگر اس کی اجازت سے۔“

(حضرت عبداللہ بن عمرؓ ۔۔ مسلم۔کتاب النکاح۔ح۔3455)

”ناجش (خریدار کو فریب دینے کے لیے اپنے ایجنٹوں سے بولی زیادہ دلوانے والا) سود خور اور خائن کے شمار میں ہے۔ یہ نا جائز دھوکہ ہے۔“

(حضرت ابن ابی اوفیؓ ۔۔ بخاری۔کتاب البیوع۔باب۔60۔ض۔09)

حکیم بن حزام نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔

”یا رسول اللہ ﷺ! ایک شخص میرے پاس آتا ہے اور مجھ سے ایک چیز خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتا ہے، اور وہ چیز میرے پاس موجود نہیں ہوتی تو وہ چیز اس کے لیے میں بازار سے خریدتا ہوں۔ (کیا یہ درست ہے؟)“

آپ ﷺ نے فرمایا۔

”وہ چیز جو تیرے پاس موجود نہیں ہے اُسے فروخت نہ کر۔“

(حضرت حکیم بن حزامؓ ۔۔ نسائی۔کتاب البیوع۔ح۔4620۔ض۔30)

Topics