Topics

حضرت ابو سعید خدریؓ

 

آپ کا نام سعید اور کنیت ابو سعید ہے۔ خاندان خدرہ سے تعلق تھا۔ والد کا اسم گرامی مالک بن سنان اور والدہ کا اسم گرامی انیسہ بنت ابی حارثہ ہے۔

ہجرت کے پہلے برس مسجد نبوی کی تعمیر شروع ہوئی۔ تعمیراتی کاموں میں حضرت ابو سعیدؓ بھی پیش پیش تھے۔ غزوۂ احد میں اپنے والد کے ہمراہ حضور ﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئے۔ رسول اللہ ﷺ نے سر سے پاؤں تک آپؓ کو دیکھا اور مسکرائے لیکن کم سن ہونے کی وجہ سے اجازت نہ دی۔

غزوۂ احد میں جب حضور ﷺ کا چہرہ مبارک زخمی ہوا تو آپؓ کے والد گرامی مالک بن سنانؓ نے آگے بڑھ کر خون پونچھا اور ادب کے خیال سے زمین پر پھینکنے کے بجائے پی گئے۔ اس روز حضور ﷺ نے فرمایا ۔”اگر کسی شخص کو ایسے شخص کے دیکھنے کی خواہش ہو جس کا خون میرے خون سے آمیز ہوا ہو تو وہ مالک بن سنان کو دیکھے۔“ بعد ازاں اسی غزوہ میں مالک بن سنانؓ کی شہادت ہوئی۔

حضرت ابو سعید خدریؓ یتیموں کی پرورش کیا کرتے تھے۔ آپؓ اپنے عہد کے بڑے فقہا میں شمار ہوتے تھے۔ حدیث و فقہ رسول اللہ ﷺ اور صحابہ کرام سے سیکھی تھی۔ آپؓ کا حلقۂ درس لوگوں سے بھرا رہتا تھا۔ کثرت سے حدیثیں یاد تھیں۔ 74ھ میں جمعہ کے دن مدینہ میں 86 سال کی عمر میں وفات پائی۔

حضرت ابو طلحہؓ

نام زید ، والد کا نام سہل بن اسود اور والدہ کا نام عبادہ ہے، آپ کی کنیت ابو طلحہ ہے۔

حضرت ابو طلحہؓ یثرب میں آباد قبیلہ عمرو بن مالک کے رئیس تھے۔

رسول اللہ ﷺ کی ہجرت سے پہلے یثرب سے جب ایک مختصر قافلہ رسول اللہ ﷺ سے بیعت کے لیے مکہ روانہ ہوا تو اس میں حضرت ابو طلحہؓ بھی شامل تھے۔

حضرت ابو طلحہؓ کو یہ شرف بھی ملا کہ انہیں نبی کریم ﷺ نے انصار کا نقیب مقرر فرمایا۔

ہجرت کے بعد حضرت ابو طلحہؓ انصاری کو مہاجر حضرت ابو عبیدہ بن الجراحؓ کا بھائی بنایا گیا۔

رسول اللہ ﷺ کے وصال کے بعد تدفین کے لیے قبر مبارک کی تیاری کا شرف بھی حضرت ابو طلحہؓ انصاری کو ملا۔

70 سال کی عمر میں 51 ہجری میں حضرت ابو طلحہؓ نے رحلت فرمائی۔

حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ

آپ کا نام عامر اور کنیت ابو عبیدہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے آپ کو امین الامت کا لقب عطا فرمایا۔ والد کا نام عبد اللہ ہے۔ لیکن اپنے دادا ابن الجراح کے نام سے مشہور ہوئے۔

حضرت ابو عبیدہؓ ، حضرت ابو بکر صدیقؓ کی تبلیغ و دعوت پر حلقہ بگوش اسلام ہوئے ۔ اسلام قبول کرنے کے بعد قریش مکہ کے ظلم و ستم سے دو مرتبہ ہجرت کر کے حبشہ تشریف لے گئے۔ آخری مرتبہ سب کے ساتھ مدینہ کی طرف ہجرت فرمائی۔

نبی کریم ﷺ کے ساتھ تقریباً تمام غزوات میں شریک ہوئے۔

حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ کا شمار عشرہ مبشرہ میں ہوتا ہے۔

18 ہجری میں وفات پائی۔

حضرت ابو قتادہؓ

حضرت ابو قتادہؓ کا اسم گرامی حارث اور لقب فارسِ رسول اللہ ﷺ ہے۔ والد کا نام ربعی بن بلدمہ اور والدہ کا نام کشبہ بنت مظہر ہے۔ آپؓ قبیلہ خزرج کے خاندان سلمہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپؓ نے اپنی کنیت ”ابو قتادہ“ سے زیادہ شہرت پائی۔

آپؓ نہایت ملنسار تھے۔ اس لیے آپؓ کے احباب کا ایک وسیع حلقہ تھا۔

حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ

آپؓ کا نام عبد اللہ اور کنیت ابو موسیٰ ہے۔ آپؓ کے والد کا نام قیس بن سلیم اور والدہ کا نام طیبہ بنت وہب ہے۔ حضرت ابو موسیٰؓ کا تعلق یمن کے قبیلہ اشعر سے تھا اس لیے آپؓ اشعری مشہور ہوئے۔ آپؓ کی والدہ اپنے صاحبزادہ کی ترغیب پر ایمان لائیں۔

حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ یمن میں ایک بڑے خاندان کے رئیس تھے۔ قبول اسلام کے بعد آپؓ مکہ سے واپس اپنے وطن کی طرف چلےگئے اور وہاں جا کر دین اسلام کی تبلیغ میں مصروف ہو گئے اور کچھ عرصہ بعد آپؓ ایک جماعت کو لے کر مدینہ منورہ میں حضور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو گئے۔ حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ فتح مکہ اور غزوۂ حنین میں شریک تھے۔

حضرت ابو موسیٰؓ کو بار گاہ نبوی ﷺ میں خاص تقرب حاصل تھا۔ عہدِرسالت ﷺ میں جن چند افراد کو نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے اور فتویٰ دینے کی اجازت ملی ان میں حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کا شمار بھی ہوتا ہے۔ آپؓ کو قرآن پاک میں بہت زیادہ شغف تھا۔ آپؓ کی آواز نہایت اچھی اور شیریں تھی۔ حضور ﷺ کو آپؓ سے قرآن سننا بہت پسند تھا۔ حضرت ابو موسیٰؓ کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔” انہیں لحن داؤدی سے حصہ ملا ہے۔“

آپؓ نے بہ اختلاف 44 ہجری میں وفات پائی۔

حضرت ابو وہب جشمیؓ

آپ کا نام مالک اور کنیت ابو وہب جشمیؓ ہے۔

حضرت ابو ہریرہؓ

حضرت ابو ہریرہؓ اہلِ صفہ میں سے مشہور صحابی تھے۔ آپ کے والد کا نام عامر بن عبدذی الشریٰ ہے۔ آپؓ کا خاندانی نام عبد شمس تھا۔ اسلام لانے کے بعد نبی کریم ﷺ نے آپؓ کا نام تبدیل کر کے عبد الرحمٰن رکھا، آپؓ اپنی کنیت ابو ہریرہ سے مشہور ہوئے۔

قبول ِ اسلام کے بعد حضرت ابو ہریرہؓ نے خود کو رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں وقف کر دیا ۔ زیادہ تر وقت مسجد نبوی میں موجود رہتے۔ رسول اللہ ﷺ کے وصال تک آپؓ نے شادی نہیں کی۔

حضرت ابو ہریرہؓ لوگوں کو اپنے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کی بہت زیادہ ترغیب دلایا کرتے تھے۔ عہد رسالت ﷺ میں جن چند افراد کو نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے اور فتویٰ دینے کی اجازت ملی ان میں حضرت ابوہریرہؓ کا شمار بھی ہوتا ہے۔

آپؓ صحابہ کرام کی جماعت میں بڑے حافظِ حدیث شمار کیے جاتے تھے۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ اور انس بن مالکؓ بھی حفاظ میں ممتاز درجہ رکھتے تھے لیکن حضرت ابو ہریرہؓ کو کثرت روایت پر ان پر بھی فوقیت حاصل تھی۔ حضور ﷺ فرماتے تھے کہ ” ابو ہریرہ ! علم کا ظرف ہیں۔“

مدینہ کے قریب وادی عقیق میں 57ھ میں 75 سال کی عمر میں وفات پائی۔

حضرت ابو ذر غفاریؓ

آپؓ کا اسم گرامی جندب اور کنیت ابو ذر ہے۔ آپؓ کے والد کا نام جنادہ بن قیس اور والدہ کا نام رملہ ہے۔ والدہ کا تعلق قبیلہ بنو غفار سے تھااور اس وجہ سے آپؓ غفاری کہلاتے ہیں۔

حضرت ابو ذرؓ کو حضرت محمد ﷺ کی بعثت کی اطلاع ملی تو یہ مکہ روانہ ہوگئے۔ مکہ میں ان کی ملاقات حضرت علیؓ سے ہوئی۔ حضرت علیؓ کی معرفت آپؓ کی ملاقات حضرت محمد رسول اللہ ﷺ سے ہوئی اور آپؓ نے اسلام قبول کر لیا۔

بتایا جاتا ہے کہ حضرت ابو ذر غفاریؓ نے اس وقت اسلام قبول کیا جب ساری دنیا میں صرف چار متبرک ہستیاں اس شرف سے بہرہ مند ہوئی تھیں۔ اس اعتبار سے اسلام لانے والوں میں حضرت ابو ذرغفاریؓ کا پانچواں نمبر ہے۔

ہجرت مدینہ کے بعد ابو ذر غفاریؓ مستقل آپ ﷺ کی خدمت میں آگئے اور حضور ﷺ نے حضرت منذر بن عمروؓ کے ساتھ آپ کا بھائی چارہ قائم کروا دیا۔ آپؓ تحصیل علم میں بہت حریص تھے۔

حضرت ابو ذرغفاریؓ کی فقیرانہ زندگی کو دیکھ کر حضور پاک ﷺ فرماتے تھے کہ ” میری امت میں سے ابو ذر میں عیسیٰ بن مریمؑ جیسا زہد ہے۔“ رسول اللہ ﷺ نے ابو ذر غفاریؓ کو ”مسیح الاسلام“ کا لقب عطا فرمایا۔

حضرت ابو ذرغفاریؓ نے مکہ کے قریب ربذہ نامی مقام پر 31 ہجری میں وفات پائی۔

Topics