Topics

تعمیر ِ شخصیت

 

حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کا لایا ہوا دین اسلام ، دین فطرت ہے۔ اسلام عقیدہ ، عبادت ، معاملات ، ظاہر و باطن ، مادہ و روح ، دنیا و آخرت غرض ہر معاملے اور ہر شعبے میں جامع اور قابلِ عمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات ڈیڑھ ہزار سالہ ماضی کے تمام ادوار کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنا لوجی کے اس دور میں رہنے والے انسانوں کے لیے بھی ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ حضرت محمد ﷺ قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے ہادی و رہنما ہیں۔

حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات انسان دوستی سکھاتی ہیں ، امن و سلامتی ، محبت و اخوت ، بھائی چارہ و باہمی احترام سکھاتی ہیں۔ ان تعلیمات کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ انسان کو خود اس کے اپنے حقوق سے آگاہ کرتی اور دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنی ذات کے احترام کی ترغیب دیتی ہیں۔

حضرت محمد رسول اللہ ﷺ اللہ کے ہر بندہ کو وقار و متانت کا پیکر دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ ﷺ لوگوں کو اور معاشروں کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی جانب لے جانا چاہتے ہیں۔ آپ ﷺ انسانوں کی رہنمائی اس طرح کرتے ہیں کہ اندھیروں سے روشنی کی جانب سفر کے مراحل سختی کے ساتھ نہیں بلکہ آسانی کے ساتھ طے ہو جائیں۔ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دنیا کا ہر فرد خواہ وہ کسی مذہب سے تعلق رکھتا ہو اپنی شخصیت کی تعمیر اور کردار سازی کے لیے معلمِ انسانیت حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات سے بخوبی استفادہ کر سکتا ہے۔

آیئے ! تعمیرِ شخصیت ، کردار سازی اور اعلیٰ انسانی اوصاف کے حوالہ سے معلم اعظم ﷺ کے ارشادات کے مطالعہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں جن پر عمل کر کے ہم مثبت سوچ رکھنے والے راست باز ، روشن نظر ، بلند عزم ، مستقل مزاج ، جرات مند ، احترام کی حامل ، محبوب اور ہر دلعزیز شخصیت بن سکتے ہیں۔

Topics