Topics

سلام و درود

 

”جو مجھ پر ایک مرتبہ درود پڑھتا ہے تو اللہ اُس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے۔ اُس کی دس خطاؤں کو معاف فرماتا اور دس درجات بلند فرماتا ہے۔“

(حضرت انسؓ ۔۔نسائی۔کتاب الافتتاح۔ح۔1300)

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔

”ملائکہ خطہ زمین پر گھومتے رہتے ہیں تاکہ میرے اُمتیوں کے پیش کردہ سلام مجھے پہنچائیں۔“

(حضرت عبداللہ بن مسعودؓ ۔۔نسائی۔کتاب الافتتاح۔ح۔1285)

”جب مجھ پر کوئی شخص سلام بھیجتا ہے تو اللہ تعالیٰ میری روح کو واپس فرماتا ہے اور میں اس کے سلام کا جواب دیتا ہوں۔“

(حضرت ابو ہریرہؓ ۔۔ ابی داؤد۔کتاب المناسک۔ح۔2041)

رسول اللہ ﷺ مجمع صحابہ میں تشریف لائے۔ آپ ﷺ کے چہرہ مبارک سے مسرت کے آثارنمایاں تھے۔

آپ ﷺ نے فرمایا:

”جبرائیلؑ میرے پاس آئے اور کہا کہ رب تعالیٰ فرماتا ہے کہ ”اے محمد ﷺ! کیا آپ اس بات سے مسرور نہیں ہوں گے کہ آپ کا کوئی امتی ایک بار درود شریف پڑھے تو میں اُس پر دس رحمتیں نازل کروں گا اور ایک بار آپ پر سلام پڑھے تو میں اُس پر دس بار سلامتی بھیجوں۔“

(حضرت ابو طلحہؓ ۔۔نسائی۔کتاب الافتتاح۔ح۔1298۔ض۔14)

ایک مرتبہ ہم رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر تھے اس وقت ایک شخص آیا اُس نے نماز پڑھی اور اللہ سے دعا کی ”اے اللہ! میری مغفرت فرما اور مجھ پر رحم کر۔“ نبی کریم ﷺ نے اُس شخص سے فرمایا ”اے نمازی تُونے مانگنے میں جلدی کی، طریقہ یہ ہے کہ نماز سے فارغ ہو کر حمد و ثنا کرتے اُس کے بعد مجھ پر درود پڑھتے پھر اللہ تعالیٰ سے جو چاہتے مانگتے۔“

کچھ دیر بعد ایک شخص آیا جس نے نماز پڑھنے کے بعد دعا کی تو پہلے اللہ کی حمد و ثنا کی اور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں درود کا ہدیہ پیش کیا تو آپ ﷺ نے اُس شخص سے فرمایا۔

”اے نمازی! اب اپنے لیے دعا کرو وہ قبول ہوگی۔“

حضرت فضالہ بن عبیدؓ ۔۔ترمذی۔کتاب الدعوات۔ح۔3253۔ض۔54)

انسانی حقوق کا اولین چارٹر

10 ہجری میں حضرت محمد رسول اللہ ﷺ تقریباً سوا لاکھ مسلمانوں کے ساتھ حج کے لیے تشریف لے گئے۔ تاریخ اسلامی میں رسول اللہ ﷺ کے اِس حج مبارکہ کو حجۃ الوداع کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ اِس موقع پر آپ ﷺ نے میدانِ عرفات میں واقع ایک چھوٹی سی پہاڑی ، جبل رحمت پر اپنی اونٹنی قصویٰ پر سوار ہو کر ایک نہایت عظیم المرتبت خطبہ ارشاد فرمایا۔ اس خطبہ کو خطبہ حجۃ الوداع بھی کہا جاتا ہے۔ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے اس خطبہ حجۃ الوداع کو بجا طور پر نوع انسانی کے لیے انسانی حقوق کے اولین چارٹر کی حیثیت حاصل ہے۔

خطبہ کی ابتداء میں آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء فرمائی پھر فرمایا:

”اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔ وہ یکتا ہے اور کوئی اس کا ساجھی نہیں ، اللہ نے اپنا وعدہ پورا کیا ، اس نے اپنے بندے کی مدد فرمائی اور تنہا اسی کی ذات نے باطل کی ساری قوتوں کو زیر کیا۔

لوگو! میری بات سنو۔ میں نہیں سمجھتاکہ آئندہ کبھی ہم اس طرح کسی مجلس میں یکجا ہو سکیں گے۔

لوگو! اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ:

انسانو! ہم نے تم کو سب کو ایک ہی مرد و عورت سے پیدا کیا اور تمہیں جماعتوں اور قبیلوں میں بانٹ دیا کہ تم الگ الگ پہچانے جا سکو۔ تم میں زیادہ عزت و توقیر والا اللہ کی نظر میں وہی ہے جو اللہ کے نزدیک زیادہ تقویٰ والا ہے۔ نہ کسی عربی کو عجمی پر کوئی فوقیت حاصل ہے اور نہ کسی عجمی کو عربی پر۔ کالا گورے سے افضل ہے نہ گورا کالے سے۔ ہاں بزرگی اور فضیلت کا کوئی معیار ہے تو وہ تقویٰ ہے۔

تمام انسان آدمؑ کی اولاد ہیں اور آدمؑ کی حقیقت اس کے سوا کیا ہے کہ وہ مٹی سے بنائے گئے۔ اب فضیلت و برتری کے سارے دعوے ، خون و مال کے سارے مطالبے اور سارے انتقام میرے پاؤں تلے روندے جا چکے ہیں۔

لوگو! تمہارے خون و مال اور عزتیں ایک دوسرے پر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے حرام کر دی گئی ہیں۔ ان چیزوں کی اہمیت ایسی ہی ہے جیسے تمہارے اس دن کی اور اس ماہِ مبارک (ذی الحج) کی خاص کر اس شہر میں ہے۔ تم سب اللہ کے آگے جاؤ گے اور وہ تم سے تمہارے اعمال کی باز پرس فرمائے گا۔

دیکھو! کہیں میرے بعد گمراہ نہ ہو جانا کہ آپس ہی میں کشت و خون کرنے لگو۔

اگر کسی کے پاس امانت رکھوائی جائے تو وہ اس بات کا پابند ہے کہ رکھوانے والے کو امانت پہنچا دے۔

لوگو! ہر مسلمان دوسرے کا بھائی ہے اور سارے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ اپنے غلاموں کا خیال رکھو ، ہاں غلاموں کا خیال رکھو۔ انہیں وہی کھلاؤ جو خود کھاتے ہو، ایسا ہی پہناؤ جیسا تم پہنتے ہو۔

دورِ جاہلیت کا سب کچھ میں نے اپنے پیروں سے روند دیا ہے۔ زمانہ جاہلیت کے خون کے سارے انتقام اب کالعدم ہیں۔ پہلا انتقام جسے میں کالعدم قرار دیتا ہوں میرے اپنے خاندان کا ہے۔ ابن ربیعہ الحارث کے دودھ پیتے بیٹے کا خون جسے بنو ھذیل نے مار ڈالا تھا، اب میں معاف کرتا ہوں۔ دورِ جاہلیت کا سُود اب کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ پہلا سُود جسے میں چھوڑتا ہوں عباس بن عبد المطلب کے خاندان کا سُود ہے، اب یہ ختم ہو گیا۔

لوگو! اللہ نے ہر حق دار کو اس کا حق خود دے دیا۔ اب کوئی کسی وارث کے حق کے لیے وصیت نہ کرے۔

قرض قابلِ ادائیگی ہے۔ عاریتاً لی ہوئی چیز واپس کرنی چاہیئے۔ تحفے کا بدلہ دینا چاہیئے اور جو کوئی کسی کا ضامن بنے وہ تاوان ادا کرے۔

کسی کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی سے کچھ لے ، سوائے اِس کے جس پر اُس کا بھائی راضی ہو اور خوشی خوشی دے ، خود پر اور ایک دوسرے پر زیادتی نہ کرو۔

دیکھو! تمہارے اوپر تمہاری عورتوں کے کچھ حقوق ہیں۔ اسی طرح ان پر تمہارے حقوق واجب ہیں۔ عورتوں سے بہتر سلوک کرو، کیونکہ وہ تمہاری پابند ہیں اور خود اپنے لیے وہ کچھ نہیں کر سکتیں چنانچہ ان کے بارے میں اللہ کا لحاظ رکھو کہ تم نے انہیں اللہ کے نام پر حاصل کیا اور اسی کے نام پر وہ تمہارے لیے حلال ہوئیں۔

میں تمہارے درمیان ایسی چیز چھوڑے جا رہا ہوں کہ اگر اس پر قائم رہے تو تم کبھی گمراہ نہ ہو سکو گے اور وہ اللہ کی کتاب اور میری سنت ہے اور ہاں دیکھو دینی معاملات میں غُلو سے بچنا کہ تم سے پہلے کے لوگ انہی باتوں کے سبب ہلاک کر دیئے گئے۔

شیطان کو اس بات کی کوئی توقع نہیں رہ گئی ہے کہ اب اس شہر میں اس کی عبادت کی جائے گی ، لیکن اس کا امکان ہے کہ ایسے معاملات میں جنہیں تم کم اہمیت دیتے ہو اس کی بات مان لی جائے اور وہ اسی پر راضی ہے، اس لیے تم اس سے اپنے دین و ایمان کی حفاظت کرنا۔

لوگو!اپنے رب کی عبادت کرو۔ پانچ وقت کی نماز ادا کرو۔ مہینے بھر کے روزے رکھو۔ اپنے مالوں کی زکوٰۃ خوش دلی کے ساتھ دیتے رہو، اللہ کے گھر کا حج کرو اور اپنے اہلِ امر کی اطاعت کرو تو اپنے رب کی جنت میں داخل ہو جاؤ گے۔

اب مجرم خود ہی اپنے جرم کا ذمہ دار ہوگا۔ اب نہ باپ کے بدلے بیٹا پکڑا جائے گا نہ بیٹے کا بدلہ باپ سے لیا جائے گا۔

سنو! جو لوگ یہاں موجود ہیں انہیں چاہیئے کہ یہ احکام اور یہ باتیں ان لوگوں کو بتا دیں جو یہاں نہیں ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ کوئی غیر موجود تم سے زیادہ سمجھنے اور محفوظ رکھنے والا ہو۔

لوگو! تم سے میرے بارے میں سوال کیا جائے گا ۔ بتاؤ تم کیا جواب دو گے۔۔؟“

لوگوں نے جواب دیا کہ ”ہم اس بات کی شہادت دیں گے کہ آپ ﷺ نے امانت پہنچا دی اور آپ ﷺ نے حقِ رسالت ادا فرمایا اور ہماری خیر خواہی فرمائی۔“

یہ سن کر حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نے اپنی انگشتِ شہادت آسمان کی جانب اُٹھائی اور لوگوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تین مرتبہ فرمایا:

”اے اللہ ! گواہ رہنا

اے اللہ ! گواہ رہنا

اے اللہ ! گواہ رہنا “

(حضرت ابو بکر صدیقؓ ۔۔مسلم۔کتاب القسامۃ والمحاربین۔ح۔4383)

(حضرت جابر بن عبداللہؓ ۔۔مسلم۔کتاب الحج۔ح۔2950)

اور دیگر کتب احادیث۔

Topics