Topics
ہم اپنی ذات
میں تفکر کریں ، اپنے اردگرد دیکھیں تو ہمیں ہر طرف اللہ تعالیٰ کی نعمتیں اور
رحمتیں نظر آئیں گی۔ ہمارا اپنا وجود اللہ وحدہ لاشریک کی صفت خالقیت اور اس کی بے
شمار نعمتوں کا ایک حیرت انگیز مظہر ہے۔ یہی حال کائنات کی تمام مخلوقات کا ہے۔ اس
کائنات میں لاکھوں کہکشائیں ، کروڑوں ستارے ، اربوں سیارے اور ان میں آباد کھرب در
کھرب مخلوقات سب کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا اور اللہ ہی اُن کی زندگی کے تمام
مراحل کو اپنی رحمت سے سنبھالے ہوئے ہے۔
انسانوں کے
لیے اللہ کی رحمت کا اظہار اللہ کے بھیجے ہوئے پیغمبروں کے ذریعہ بھی ہوا ہے۔ اللہ
کے بھیجے ہوئے یہ بر گزیدہ بندے انسانی تہذیب و تمدن کے اولین معمار ہیں۔ تاریخ
شاہد ہے کہ نوع انسانی نے علمی و فنی لحاظ سے جتنی بھی ترقی کی ہے اُس کی ابتدا
اللہ کے پیغمبروں کے ہاتھوں یا اُن کی رہنمائی کے زیر اثر ہوئی ہے۔
انسان کا
ایک سفر انسانی جسم اور ذہن کو سمجھنے اور اس زمین و آسمان کی حقیقتوں کے تجسس پر
مبنی ہے تو ایک سفر اپنے وجود کی حقیقت کو سمجھنے اور اپنے خالق و مالک کے عرفان
کی کوششوں پر مبنی ہے۔
اس زمین پر
انسانی حیات کی ابتدا ء آدمؑ و حوا سے ہوئی۔ آدمؑ سے لے کر آج تک انسانی ذہن مسلسل
ارتقائی حالت میں ہے۔ ذہنی ارتقاء کا یہ عمل قیامت تک اسی طرح جاری رہے گا۔
زمین پر
انسانی ذہن کے ارتقاء کے مراحل کا جائزہ لیا جائے تو ہمیں چار نہایت واضح اور
بنیادی مراحل نظر آتے ہیں۔ ارتقاء کا پہلا مرحلہ حضرت آدمؑ سے شروع ہوتا ہے۔
حضرت محمد ﷺ
نوع انسانی کے مُزکّی ہیں۔ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام انسانوں کا تزکیہ فرماتے ہیں
یعنی آپ ﷺ انسانوں کی تربیت فرماتے ہیں ، لوگوں کی فکر کو سنوارتے ہیں ، سوچ کو
مثبت رخ عطا فرماتے ہیں ، نیتوں کو درست کرنا سکھاتے ہیں، انسان کو اپنے باطن میں
دیکھنے کی ، اپنے نفس کو سمجھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
حضرت محمد ﷺ
پوری انسانیت کے معلم ہیں۔ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام حقوق اللہ سے متعارف کراتے
ہوئے ان حقوق کی ادائیگی کی تعلیم دیتے ہیں۔ بندوں کے حقوق متعین فرماتے ہیں اور
اُن حقوق کی ادائیگی کے طریقے سکھاتے ہیں۔ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام رہنمائی فرماتے
ہیں کہ ایک بہتر معاشرہ کیسے تشکیل دیا جائے۔ علم حاصل کر کے بندوں کے حقوق کیسے
ادا کیے جائیں اور اللہ کا عرفان کیسے حاصل کیا جائے۔ اِس دنیا کو انسانوں کے لیے
ایک پُرامن اور محفوظ مقام کس طرح بنایا جائے ۔ اس دنیا میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں
سے استفادہ کرتے ہوئے آخرت کی تیاری کیسے کی جائے۔
معلم اعظم
حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے ارشادات علوم و معرفت کا سمندر ہیں۔ حضرت محمد ﷺ کی
تعلیمات نوع انسانی کے لیے ایک ایسا وسیع و عریض قیمتی خزانہ ہیں جسے جتنا بھی
استعمال کر لیا جائے اس میں کوئی کمی نہ آئے گی اور اس خزانہ کو استعمال کرنے والے
کی دنیا اور آخرت سنورتی چلی جائے گی۔
حضرت محمد
رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ِ گرامی ہے۔
میری طرف سے
لوگوں کو پہنچا دو ! چاہے وہ ایک چھوٹی سی بات ہی کیوں نہ ہو۔
اپنے آقا و
مولا ، معلم اعظم ، رحمۃ اللعالمین حضرت محمد ﷺ کے اس ارشاد کی تعمیل میں ایک
نہایت ادنیٰ اُمتی کی جانب سے مختلف موضوعات پر چند احادیث کا یہ مختصر مجموعہ
امتِ مسلمہ اور پوری نوع انسانی کی خدمت میں پیش ہے۔
اس کتاب
میں جو احادیث مبارکہ درج کی گئی ہیں ان کے ساتھ حدیث کے راوی کا اسم مبارک اور اس
کتاب کا نام بھی درج ہے جہاں سے یہ حدیث لی گئی ہے۔ اس مجموعہ احادیث کے آخر میں
ایک ضمیمہ کی شکل میں راویانِ احادیث کے مختصر حالات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ حدیث
کے ذکر میں کسی راوی کا جہاں پہلی مرتبہ ذکر آیا ہے وہاں ان کے نام کے آگے ض۔۔لکھ
کر نمبر درج کیا گیا ہے جہاں ضمیمہ میں ان کے حالات درج ہیں۔ مثال کے طور پر حضرت
ابو بکر صدیقؓ ض ۔ 01 ۔ حضرت
زبیر بن عوامؓ ۔ ض۔30۔
علاوہ ازیں
اس کتاب میں ان مبارک و سعید ہستیوں کے اسمائے گرامی پر مشتمل ایک ضمیمہ بھی شامل
ہے جنہیں ان کی زندگیوں میں نبی کریم ﷺ نے جنت کی بشارت سے نوازا۔ ان مبارک ہستیوں
کو عشرہ مبشرہ کہا جاتا ہے۔
اس کتاب کی
تیاری میں حوصلہ افزائی اور گراں قدر رہنمائی پر میں اپنے والد محترم اور سلسلہ
عظیمیہ کے مرشد حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب ، استاذ الحدیث محترم ڈاکٹر فضل
احمد صاحب ، استاذ الاساتذہ محترم ڈاکٹر رشید احمد صاحب کا بطور خاص احسان مند
ہوں۔ ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے اراکین بطورِ خاص عامر غنی اور دانش علی کی حوالہ
جات کے حصول ، کمپوزنگ ، پروف ریڈنگ اور ٹائٹل کی تیاری میں خدمات قابل قدر ہیں۔
اس مجموعہ کی کمپوزنگ میں یا کہیں اور کوئی غلطی نظر آئے تو اسے ہماری کوتاہی
سمجھتے ہوئے ہمیں فوری طور پر مطلع فرما دیں تاکہ آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کر
دی جائے۔
دعا فرمائیے
کہ اللہ تعالیٰ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے ایک ناچیز اُمتی کی یہ خدمات قبول فرمائے
۔ اس دنیا میں ہمیں معلم اعظم ﷺ کے ارشادات و تعلیمات کا صحیح فہم عطا ہو۔ روزِ
قیامت میرے مرشد ، میرے والدین ، میرے اساتذہ کرام ، سلسلہ عظیمیہ کے اراکین ،
مجھے اور میرے اہل و عیال ، میرے تمام محبین اور تمام مسلمانوں کو رحمت اللعالمین
ﷺ کی شفاعت نصیب ہو ۔ آمین !
ڈاکٹر وقار
یوسف عظیمی
کراچی
28/جولائی 2008