Topics
حضرت ابو
بکرؓ کا اسمِ گرامی عبد اللہ اور کنیت ابو بکر ہے۔ لقب صدیق اور عتیق ہے۔ آپؓ کے والد گرامی
کا نام عثمان اور کنیت ابو قحافہ ہے۔ والدہ کا نام سلمیٰ بنت صخر ہے۔ چھٹی پشت سے
آپؓ کا نسب حضرت محمد بن عبد اللہ ﷺ سے جا ملتا ہے۔
واقعہ فیل
کے دو سال بعد آپؓ کی ولادت مکہ میں ہوئی۔ حضرت ابو بکرؓ ایک متمول اور دیانت
دار تاجر اور مکہ کے نہایت معزز فرد تھے۔ ایام جاہلیت میں خون بہا کی رقم آپؓ ہی
کے پاس جمع ہوتی تھی۔
حضرت محمد ﷺ
کے ساتھ بچپن ہی سے آپؓ کو خاص اُنس اور تعلق تھا اور آپؓ حضرت محمد ﷺ کے حلقہ
احباب میں شامل تھے۔ غارِ حرا میں پہلی وحی کے نزول کے بعد جب حضرت محمد رسول اللہ
ﷺ نے اپنی رسالت کا اعلان اپنے قریبی لوگوں میں کیا تو مردوں میں سب سے پہلے حضرت
ابو بکرؓ نے اسلام قبول کیا۔
حضرت ابو
بکرؓ کی دعوت اور کوششوں سے مکہ کے ممتاز افراد میں سے حضرت عثمان غنیؓ ، حضرت
زبیر بن عوامؓ ، حضرت عبد الرحمن بن عوفؓ ، حضرت سعد بن ابی وقاصؓ ، حضرت طلحہ بن
عبید اللہؓ مشرف بہ اسلام ہوئے۔
اسلام قبول
کرلینے والے غلاموں اور کنیزوں کی کثیر تعداد مکہ میں اپنے مشرک آقاؤں کے ظلم و
ستم میں گرفتار تھی۔ حضرت ابو بکر صدیقؓ نے ان مجبور اور بے آسرا لوگوں کو ان کے
ظالم مالکوں کو بڑی بڑی رقوم ادا کر کے خریدا اور پھر انہیں آزاد کر دیا۔ حضرت
بلالؓ ، حضرت عامر بن فہیرہؓ ،حضرت نذیرہؓ ، حضرت نہدیہؓ ، حضرت جاریہؓ ، حضرت بنی
موملؓ اور بنت نہدیہؓ وغیرہ ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں حضرت ابو بکر صدیقؓ کی
وجہ سے اِس غلامی سے نجات ملی۔
کفارِ مکہ
نے واقعہ معراج کا بہت مذاق اڑایا۔ حضرت ابو بکرؓ کو واقعہ معراج کی اطلاع ملی تو
انہوں نے کفار کے سامنے اس واقعہ کی صداقت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اگر محمد ﷺ
یہ کہتے ہیں تو یہ بالکل سچ ہے۔ نبی کریم ﷺ کو حضرت ابو بکرؓ کے اِس جواب کی خبر
ملی تو آپ ﷺ نے ابو بکرؓ کو ”صدیق“ کا لقب عطا فرمایا۔
حضرت محمد
رسول اللہ ﷺ کی مکہ سے یثرب (مدینہ منورہ) ہجرت کے وقت حضرت ابو بکر صدیقؓ حضور ﷺ
کے ساتھ تھے۔
حضور ﷺ کے
ساتھ ہر غزوہ میں شریک ہوئے اور اسلام کی دعوت پھیلانے میں ہمیشہ زبردست مالی
تعاون بھی فرماتے رہے۔
ایک مرتبہ
نبی کریم ﷺ نے حضرت ابو بکر صدیقؓ کے اعزاز میں ارشاد فرمایا کہ تم میں سے کوئی
شخص ایسا نہیں کہ جس نے مجھ پر احسان کیا اور میں نے اس کا بدلہ نہ دیا ہو لیکن
ابو بکر صدیق کے احسانات کا بدلہ دنیا میں نہ دے سکا بلکہ قیامت میں اللہ تعالیٰ
ان کو اس کی جزا سے نوازے گا۔
عشرہ مبشرہ
اصحاب رسول ﷺ میں سے اُن مقدس و نیک ہستیوں کو کہا جاتا ہے جنہیں نبی کریم ﷺ نے ان
کی زندگی ہی میں جنت کی بشارت سے نوازا۔ حضرت ابو بکر صدیقؓ بھی اُن خوش نصیب
اصحاب یعنی عشرہ مبشرہ میں شامل ہیں۔ ٭
عہد رسالت ﷺ
میں جن چند افراد کو نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے اور فتویٰ دینے کی
اجازت ملی اُن میں حضرت ابو بکر صدیقؓ کا شمار بھی ہوتا ہے۔
حضرت ابو
بکرؓ کی صاحبزادی حضرت عائشہؓ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی زوجیت میں آئیں اِس طرح
حضرت ابو بکر صدیقؓ حضرت محمد ﷺ کے سسر بھی ہیں۔
نبی کریم ﷺ
کے وفات کے بعد حضرت ابو بکر صدیقؓ پہلے خلیفہ مقرر ہوئے۔ رسول اللہ ﷺ کے وصال کے
بعد سر زمین عرب میں جھوٹے مدعیان نبوت کے فتنے نے سَر اُٹھایا۔ اِس کے علاوہ
منکرینِ زکوٰۃ اور مرتدین بھی سامنے آئے۔ حضرت ابو بکر صدیقؓ نے فوری رد عمل ظاہر
کیا اور اُن کی سر کوبی کے لیے سخت اقدامات کیے۔
حضرت ابو
بکر صدیقؓ نے قرآن شریف کی کتابی صورت میں تدوین کے لیے حضرت زید بن ثابتؓ کو ذمہ
داری سونپی۔ دور صدیقی میں قرآن پاک کا ایک تحریری نسخہ ترتیب دے کر ام المومنین
حضرت حفصہؓ کے پاس رکھوایا گیا۔
حضرت ابو
بکرؓ نے نظامِ مملکت چلانے کے لیے مالی انتظامات کا نظام ترتیب دیا۔ حضرت ابو بکرؓ
کے دور میں فوجیوں کی باقاعدہ تربیت کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔
حضرت ابو
بکر صدیقؓ کے عہد میں شام اور عراق کی فتوحات ہوئیں۔ یرموک، دمشق اور حمص کے علاقے
فتح ہوئے۔
حضرت ابو
بکرؓ کی خلافت کا دور دو سال چار ماہ ہے۔ 13 ہجری ، 21 جمادی الآخر، منگل کی رات
مغرب اور عشاء کے درمیان آپؓ نے 63 سال کی عمر میں وفات پائی۔ حضرت عمر فاروقؓ نے
نمازِ جنازہ پڑھائی۔ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے بعد اُمت مسلمہ کے پہلے خلیفہ کے
جسدِ مبارک کی تدفین حجرہ عائشہؓ میں رسول اللہ ﷺ کے قبر انور کے ساتھ والی جگہ
میں دی گئی۔ اس طرح زندگی بھر رسول اللہ ﷺ کی رفاقت کا شرف پانے والے ابو بکرؓ کو
رسول اللہ ﷺ کے یارِ غار ہونے کے ساتھ ساتھ رفیقِ مزار ہونے کا شرف بھی مل گیا۔
٭ عشرہ مبشرہ کے اسمائے گرامی صفحہ 183 پر ملا
حظہ فرمائیں۔
حضرت عمر
فاروقؓ کی کنیت ابو حفص ہے۔ آپ کا لقب فاروق ہے۔ والد کا نام خطاب اور والدہ کا
نام ختمہ ہے۔ عدوی قریشی ہیں۔ حضرت عمرؓ کا سلسلہ نسب آٹھویں پشت میں حضرت محمد بن
عبد اللہ ﷺ سے مل جاتا ہے۔ عمر فاروقؓ نبوت کے چھٹے سال میں اسلام لائے اور بعض
روایت کے مطابق پانچویں سال میں اسلام قبول کیا۔ روایت کے مطابق ان سے پہلے
تقریباً چالیس مرد اور گیارہ عورتوں نے اسلام قبول کر لیا تھا۔ عمر بن خطابؓ مکہ
کے ایک نہایت معزز اور بارعب شخص تھے اور ان کا شمار اسلام اور پیغمبرِ اسلام ﷺ کے
شدید مخالفوں میں ہوتا تھا۔ مکہ میں ایک اور عمر یعنی عمر بن ہشام (ابو جہل) بھی
حضرت محمد ﷺ کی مخالفت میں پیش پیش تھا۔ حضور ﷺ نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا فرمائی
کہ اے اللہ! اسلام کو عمر بن ہشام یا عمر بن خطاب سے معزز فرما۔
اللہ تعالیٰ
نے اپنے نبی ﷺ کی یہ دعا حضرت عمرؓ کے حق میں قبول فرمائی۔
حضرت عمرؓ
کے اسلام قبول کرنے کا واقعہ بھی نہایت عجیب ہے۔
عمر اسلام
کی مخالفت میں آکر پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو قتل کرنے کے ارادے سے اپنے
گھر سے نکلے۔ راستہ میں کسی نے کہا کہ تمہاری بہن اور بہنوئی بھی اسلام قبول کر
چکے ہیں پہلے اپنے خاندان کے لوگوں کی خبر تو لے لو۔ عمر غصہ میں بھرے ہوئے اپنی
بہن کے گھر پہنچے دیکھا کہ بہن قرآن کی تلاوت کر رہی ہیں۔ عمر نے اپنی بہن کو خوب
مارا پیٹا اور ترک اسلام پر اصرار کیا۔ بہن نے کہا کہ عمر! تم ہماری جان لے لو مگر
ہم محمد ﷺ کے دین سے نہیں پھریں گے۔ بہن کے یہ جذبات دیکھ کر بھائی کا دل بھر آیا۔
بولے۔ اچھا سناؤ تم کیا پڑھ رہی تھیں؟ بہن نے سورہ حدید اور سورہ طہٰ کی آیات
سنائیں۔ جس کا ایک ایک لفظ عمر کے سینے میں انقلاب برپا کر گیا اور آخر کار عمر نے
حضرت محمد ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کر لیا۔
حضرت عمرؓ
کے قبول اسلام سے پہلے مسلمان چھپ کر اللہ کی عبادت کیا کرتے تھے۔ حضرت عمرؓ نے
مسلمانوں کی ایک جماعت کو ساتھ لے کر خانہ کعبہ میں جا کر قبول اسلام کا سر عام
اعلان کیا اور مسلمانوں کی ایک جماعت کے ساتھ کعبۃ اللہ میں نماز ادا کی۔ اسی وجہ
سے دربار رسالت سے حضرت عمرؓ کو ”فاروق“ کا لقب عطا کیا گیا۔
رسول اللہ ﷺ
کی جانب سے حضرت عمر فاروقؓ کو کئی اعزازات عطا ہوئے۔
حضرت عقبہ
بن عامرؓ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔”اگر میرے بعد کوئی نبی
ہوتا تو عمر بن خطاب ہوتے۔“
عہد رسالت ﷺ
میں جن چند افراد کو نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے اور فتویٰ دینے کی
اجازت ملی ان میں حضرت عمر فاروقؓ کا شمار بھی ہوتاہے۔ آپؓ عشرہ مبشرہ میں بھی
شامل ہیں۔
حضرت عمرؓ
کا شمار حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے معتمد مشیرِخاص میں ہوتا تھا۔
حضرت عمر
فاروقؓ کی صاحبزادی حضرت حفصہؓ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی زوجیت میں آئیں اس طرح
حضرت عمر فاروقؓ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے سسر بھی ہیں۔
رسول اللہ ﷺ
کے وصال کے بعد حضرت ابو بکر صدیقؓ کے دورِ خلافت میں حضرت عمرؓ نے قرآن پاک کی
کتابی صورت میں تدوین کا مشورہ دیا۔
حضرت ابو
بکر صدیقؓ کی وفات کے بعد حضرت عمر بن خطابؓ خلیفہ مقرر ہوئے۔ حضرت عمر فاروقؓ نے
ایک فلاحی مملکت قائم کی۔ حضرت عمرؓ کے دور میں اسلامی ریاست میں زبردست توسیع
ہوئی۔ ایران کے ساتھ روم و شام فتح ہوئے۔ فلسطین کی فتح کے بعد بیت المقدس اور مصر
سکندریہ حلت ، ہواز اور آذر بائیجان بھی اسلامی مملکت میں شامل ہوئے۔
عرب میں
قمری مہینوں پر مشتمل کیلنڈر تو رائج تھا لیکن کسی سَن کا کوئی رواج نہیں تھا۔
حضرت عمر فاروقؓ نے اس کمی کو محسوس کیا اور رسول اللہ ﷺ کی ہجرت کے سال کو بنیاد
بنا کر سنہ ہجری کے قیام کا حکم دیا۔ یہ واقعہ ہجرت کے سولہویں سال کا ہے۔
حضرت عمر
فاروقؓ نے ملکی نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے عراق کی پیمائش کرائی، قابلِ زراعت
اراضی کا بندوبست کیا۔ ترقی زراعت کے لیے نہری نظام بھی حضرت عمرؓ کے دور میں
باقاعدہ شروع ہوا۔ حضرت عمر فاروقؓ نے عشر و خراج کا طریقہ قائم کیا۔ عشر تجارت پر
چنگی وصول کرنے کو کہتے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے مردم شماری کا آغاز بھی کیا۔ باقاعدہ
عدالتیں قائم کیں۔ محکمہ قضا کے اصول و قوانین بنائے۔ قاضیوں کی تنخواہیں مقرر
کیں۔ ملک میں امن و امان کے لیے پولیس کا نظام متعارف کروایا۔ احتساب کا قانون بھی
حضرت عمرؓ نے پیش کیا۔ قیدیوں کے لیے جیل خانوں کے قیام کا فیصلہ کیا۔ خلافت
فاروقی سے پہلے مستقل خزانہ کا وجود نہ تھا کیونکہ جو کچھ آتا وہ اسی وقت تقسیم کر
دیا جاتا۔ حضرت عمر فاروقؓ نے مسلمانوں کی مالی اعانت کے لیے باقاعدہ ایک ادارہ
”بیت المال“ کے نام سے قائم کیا۔ رفاہِ عام کے لیے سڑکیں پُل اور مسجدیں تعمیر
کروائیں۔ مسافروں کے لیے مسافر خانہ کا نظام قائم کیا۔ حضرت عمرؓ نے فوجی نظام کو
مستحکم کرنے کے لیے باقاعدہ رجسٹر تیار کروائے جس میں ہر شخص کا نام و نسب لکھا
جاتا، اس میں ان کی تنخواہیں اور ان کے بیوی بچوں کے نام بھی درج کیے جاتے۔ ہر
سپاہی کو تنخواہ کے علاوہ کھانا ، کپڑا مفت مہیا کیا جاتا۔ فوجیوں کے رہائش کے لیے
فوجی چھاؤنیاں تعمیر کروائیں۔ ہر چار ماہ بعد سپاہی کو چھٹی دی جاتی ۔
ایک پارسی
شخص نے مدینہ میں بدھ کے دن 26 ذی الحج 23 ھ کو دورانِ نماز آپؓ کو خنجر کے وار سے
شدید زخمی کر دیا۔ اس حملہ کے تین دن بعد آپؓ نے پہلی محرم بروز اتوار 24ھ کو 63
سال کی عمر میں شہادت پائی۔
آپؓ کی
تدفین اس حجرہ میں ہوئی جس میں حضرت محمد رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابو بکر صدیقؓ آرام
فرما ہیں۔ اس طرح آپؓ کو بعد از وفات بھی رسول اللہ ﷺ کی قربت کا شرف ملا ہے۔
حضرت عثمان
غنیؓ کی کنیت ابو عبداللہ اور ابو عمر ہے۔ آپ کے والد کا نام عفان اور والدہ کا
نام ارویٰ ہے۔ آپؓ اموی قریشی ہیں۔ آپؓ کا لقب ذوالنورین ہے۔ حضرت عثمانؓ کا سلسلہ
نسب پانچویں پشت میں عبد مناف سے ہوتا ہوا حضرت محمد بن عبد اللہ ﷺ سے مل جاتا ہے۔
حضرت عثمانؓ
حضور ﷺ کے اعلانِ نبوت سے تقریباً تیس سال قبل مکہ میں پیدا ہوئے۔ آپؓ کا شمار اُن
لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اوائلِ عمری میں پڑھنا لکھنا سیکھ لیا تھا۔ آپؓ مکہ کے
نامور تاجر اور ایک انتہائی متمول شخص تھے۔
حضرت عثمانؓ
حضرت ابو بکرؓ کے دوستوں میں سے تھے۔ حضرت ابو بکرؓ سے آپؓ نے دعوتِ اسلام کے بارے
میں سنا اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے دستِ مبارک پر اسلام قبول کیا۔
حضرت عثمانؓ
نے حبشہ کی طرف دو مرتبہ ہجرت فرمائی۔ حضرت عثمانؓ کو یہ شرف بھی عطا ہوا کہ رسول
اللہ ﷺ کی دو صاحبزادیاں حضرت رقیہؓ اور حضرت اُمِ کلثومؓ یکے بعد دیگرے حضرت
عثمانؓ کی زوجیت میں آئیں۔ اسی سبب سے آپؓ کو ذوالنورین (دو نور والا ) کا لقب
ملا۔
حضرت عثمانؓ
نے اسلام کے لیے زبردست مالی ایثار کا مظاہرہ فرمایا۔ مدینہ میں زیادہ تر کنوئیں
کھارے پانی کے تھے۔ میٹھے پانی کا ایک کنواں ایک یہودی کی ملکیت تھا۔ حضرت عثمانؓ
نے یہ کنواں اس یہودی کو بیس ہزار درہم ادا کر کے خرید لیا اور اسے رفاہِ عام کے
لیے وقف کر دیا۔ مسجد نبوی میں جگہ کی کمی کا مسئلہ تھا۔ حضرت عثمانؓ نے ایک گراں
قدر رقم صرف کر کے مسجد نبوی کی توسیع کروائی۔ غزوہ تبوک کے موقع پر مسلمانوں کو
عسرت اور مالی تنگی نے پریشان کیا ہوا تھا۔ اس نازک موقع پر حضرت عثمانؓ نے اس قدر
مالی ایثار کیا کہ ہزاروں مجاہدین کے لیے نہ صرف اسلحہ و سواری فراہم کی بلکہ طعام
کا بندوبست بھی کیا۔ حضرت عثمانؓ ہر جمعہ کو ایک غلام آزاد کرنے کے علاوہ کئی
بیواؤں اور یتیموں کی خبر گیری اور مالی اعانت بھی فرمایا کرتے۔ ایک مرتبہ جہاد
میں ناداری و مفلسی کے باعث مسلمان اداس تھے اور اہل نفاق ہشاش بشاش اکڑتے پھر رہے
تھے ایسے میں حضرت عثمانؓ نے مسلمانوں کے لیے چودہ اونٹوں پر مشتمل سامان خوردو
نوش نبی کریم ﷺ کی خدمت میں روانہ کیا تاکہ نبی کریم ﷺ اس کو مسلمانوں میں تقسیم
کرا دیں۔
آپؓ غزوہ
بدر میں شریک نہ ہو سکے کیونکہ آپؓ کی زوجہ محترمہ حضرت رقیہؓ شدید علیل تھیں اس
کے علاوہ تمام غزوات میں شریک ہوئے۔ مقامِ حدیبہ میں جو بیعتِ رضوان واقع ہوئی اس
کی وجہ بھی مکہ میں سفیر کی حیثیت سے آپؓ کا جانا اور وہاں آپؓ کی شہادت کی افواہ
کا مشہور ہونا تھا۔
تحریر و
کتابت کی مہارت کی بنا پر حضور ﷺ نے آپؓ کو کتابتِ وحی پر بھی مامور کیا تھا۔ آپؓ
قرآنی آیات سے استدلال ، استنباط احکام اور مسائل کے معاملات میں خاص ملکہ رکھتے
تھے۔ عہد رسالت ﷺ میں جن چند افراد کو نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے
اور فتویٰ دینے کی اجازت ملی اُن میں حضرت عثمان غنیؓ کا شمار بھی ہوتا ہے۔ حضرت
عثمان غنیؓ عشرہ مبشرہ میں بھی شامل ہیں۔
حضرت عمر
فاروقؓ کی شہادت کے بعد آپؓ خلیفہ نامزد ہوئے۔ عہد عثمانی میں خراسان ، قسطنطنیہ ،
آرمینیا، افریقہ میں طرابلس، بقہ اور مراکش مفتوح ہوئے۔ ایران کی فتح تکمیل کو
پہنچی۔ ایران کے متصلہ ملکوں میں افغانستان ، خراسان اور ترکستان کا ایک حصہ زیر
نگین ہوا۔ دوسری سمت آرمینیا اور آذر بائیجان مفتوح ہو کر اسلامی سرحد کوہ قاف تک
پھیل گئی۔ اسی طرح ایشیائے کو چک کا ایک وسیع خطہ ملک شام میں شامل کر لیا گیا۔
اسلام کے
اولین برسوں میں دعوت اسلامی کے فروغ کے پیشِ نظر قرآن پاک کو مختلف لہجوں میں
پڑھنے کی اجازت تھی تاہم بعد میں مختلف لہجوں میں قرآن کا پڑھنا چند مسائل کا سبب
بننے لگا۔ بطور خلیفہ حضرت عثمانؓ نے مکی لہجہ میں قرآن پاک کی تلاوت کا حکم جاری
کیا۔ اس لیے آپؓ کو جامع قرآن بھی کہا جاتا ہے۔
18 ذی الحج
سن 35 ہجری میں جمعہ کے دن روزے کی حالت میں قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے آپؓ کی
شہادت ہوئی۔ آپؓ کی تدفین جنت البقیع میں ہوئی۔ آپؓ کی عمر 82 سال تھی بعض نے 88
سال بھی لکھی ہے۔ آپؓ کا دورِ خلافت بارہ سال پر محیط ہے۔
حضرت علیؓ
کی کنیت ابوالحسن ، ابوتراب ، المرتضیٰ اور لقب حیدر ہے۔ والد گرامی کا نام ابو
طالب بن عبد المطلب اور والدہ کا نام فاطمہ ہے۔
حضرت علیؓ
کے والد ابو طالب قبیلہ بنو ہاشم کے سردار اور مکہ کے انتہائی با اثر لوگوں میں
شامل تھے۔ حضرت محمد ﷺ نے والد اور اپنے دادا عبدالمطلب کی وفات کے بعد اپنے چچا
ابو طالب کی آغوش میں پرورش پائی تھی۔ حضرت ابو طالب نے ہر موقع پر اپنے بھتیجے
محمد بن عبداللہ ﷺ کا بھر پور ساتھ دیا۔ ابو طالب کے بیٹے حضرت علیؓ کی ولادت رسول
اللہ ﷺ کے اعلانِ نبوت سے دس برس پہلے ہوئی۔ رسول اللہ ﷺ پر پہلی وحی کے نزول کے
بعد جن چار ہستیوں کو اسلام قبول کرنے کا شرف ملا اُن میں حضرت خدیجہ الکبریٰؓ
حضرت ابو بکرؓ ، حضرت علیؓ اور حضرت زید بن حارثہؓ شامل ہیں۔
نبوت کے
تیرہویں سال حضرت محمد ﷺ نے مکہ سے مدینہ ہجرت فرمائی۔ ہجرت کی رات کفار مکہ رسول
اللہ ﷺ کے گھر کے گرد آپ ﷺ کو قتل کرنے کے ناپاک ارادوں کے ساتھ جمع تھے۔ حضور ﷺ
کے پاس اہلِ مکہ کی کئی امانتیں موجود تھیں۔ حضور ﷺ نے حضرت علیؓ کو حکم دیا کہ وہ
اُن کے بستر پر لیٹ جائیں اور بعد میں یہ امانتیں ان کے مالکوں کو واپس کر کے مکہ
سے مدینہ آجائیں۔ رسول اللہ ﷺ کے حکم کی تعمیل میں حضرت علیؓ بلا خوف و خطر رسول
اللہ ﷺ کے بستر پر لیٹ گئے۔ صبح سویرے کفار قتل کے ارادے سے اندر داخل ہوئے تو
رسول اللہ ﷺ کے بستر پر حضرت علیؓ کو پایا۔ کفار مکہ سخت غصہ میں پیچ و تاب کھاتے
ہوئے واپس چلے گئے۔
غزوہ بدر کے
بعد رسول اللہ ﷺ نے اپنی نہایت محبوب صاحبزادی حضرت بی بی فاطمہؓ کو حضرت علیؓ کی
زوجیت میں دے دیا۔ حضرت علیؓ اور حضرت بی بی فاطمہؓ کی اولاد میں حضرت امام حسنؓ ،
حضرت امام حسینؓ ، حضرت محسنؓ ، حضرت بی بی زینبؓ اور حضرت بی بی اُم کلثومؓ شامل
ہیں۔ حضرت محسنؓ بچپن ہی میں رحلت فرما گئے تھے۔
حضرت علیؓ
نے حضور ﷺ کے ساتھ تقریباً تمام غزوات میں شرکت فرمائی اور نہایت دلیری اور بے
جگری کے ساتھ اسلام کا دفاع کیا۔ غزوۂ احد میں حضور ﷺ کی حفاظت کرتے ہوئے زخمی بھی
ہوئے۔
7 ہجری میں
خیبر کا معرکہ پیش آیا۔ یہاں یہودیوں کے بڑے بڑے مضبوط قلعے تھے جن کا مفتوح ہونا
آسان نہ تھا۔ بہت کوششوں کے بعد بھی قلعہ فتح نہ ہوا تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا۔”کل
میں اُس شخص کو علم دوں گا جو کرار (بار بار حملہ کرنے والا) ہوگا۔ جو اللہ اور اس
کے رسول کا محبوب ہوگا“۔ صبح نبی کریم ﷺ نے حضرت علیؓ کو طلب فرمایا اس وقت آپؓ
آشوب چشم میں مبتلا تھے۔ نبی کریم ﷺ نے حضرت علیؓ کی آنکھوں میں اپنا لعابِ دہن
لگایا اور عَلم دیا۔ حضرت علیؓ کے ہاتھوں مر حب نامی شہ سوار ہلاک ہوا اور قلعہ
خیبر فتح ہوگیا۔
حضرت محمد
رسول اللہ ﷺ نے حضرت علیؓ کو باب العلم کے منفرد اعزاز سے نوازا ہے۔ آپ ﷺ نے
فرمایا کہ میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں۔
خلیفہ سوئم
حضرت عثمان غنیؓ کی شہادت کے بعد تین روز تک مسند خلافت خالی رہی۔ اس عرصہ میں
لوگوں نے حضرت علیؓ سے اس منصب کے قبول کرنے کے لیے سخت اصرار کیا۔ پہلے تو آپؓ نے
صاف انکار کر دیا لیکن مہاجرین و انصار کے اصرار پر منصبِ خلافت کو قبول فرمالیا۔
حالات کی
مناسبت سے حضرت علیؓ نے کوفہ کو اسلامی مملکت کا دارالخلافہ بنایا۔
حضرت علیؓ
نے قرآن پاک سے مکمل طور پر فیض حاصل کیا۔ آپؓ اُن اصحاب میں سے تھے جنہوں نے حضور
ﷺ کے دور ہی میں پورا قرآن حفظ کر لیا تھا۔ ابنِ سعد میں ہے کہ ایک موقع پر فرمایا
کہ میں ہر آیت کے متعلق بتا سکتا ہوں کہ یہ کہاں اور کیوں اور کس کے حق میں نازل
ہوئی۔
علم ِ نحو
کی بنیاد حضرت علیؓ کے دست مبارک سے رکھی گئی ہے۔ ایک مرتبہ ایک شخص کو قرآن پاک
غلط پڑھتے سنا، اس سے خیال پیدا ہوا کہ کوئی ایسا قاعدہ بنایا جائے جس سے اعراب
میں غلطی واقع نہ ہو سکے۔ چنانچہ ایک قابل شخص کو چند قواعد بتا کر اِس فن کی
تدوین پر مامور کیا۔ اس طرح علم نحو کے ابتدائی اصول بھی آپؓ ہی کی طرف منسوب ہیں۔
حضرت علیؓ
کو فقہ و اجتہاد میں بھی کامل دسترس حاصل تھی۔ عہد ِ رسالت ﷺ میں جِن چند افراد کو
نبی کریم ﷺ کی جانب سے مسائل کے جواب دینے اور فتویٰ دینے کی اجازت ملی ان میں باب
العلم حضرت علیؓ کا شمار بھی ہوتا ہے۔ حضرت علی بن ابی طالبؓ عشرہ مبشرہ میں بھی
شامل ہیں۔
ایک بدبخت
نے کوفہ میں 18 رمضان 35 ھ کو جمعہ کے دن فجر کے وقت دورانِ نماز حضرت علیؓ پر
تلوار سے وار کیا۔ اس حملہ میں زخمی ہونے کے تین دن بعد حضرت علیؓ نے 21 رمضان
المبارک ، 40ھ کو 63 سال کی عمر میں شہادت پائی۔
تصوف جو
شریعت کی روح اور خاصانِ اُمت کا حصہ ہے حضرت علیؓ نے اس کے حقائق و معارف بہت
خوبی سے بیان کیے ہیں۔
سلاسلِ
طریقت ان روحانی اسکول کو کہتے ہیں جس میں تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ باطن سے انسان
کا رشتہ استوار کروایا جاتا ہے۔ باطن سے آگاہی کے ذریعہ انسان کا اللہ تعالیٰ سے
قلبی و ذہنی ربط و تعلق پیدا ہو جاتا ہے۔ تقریباً تمام سلاسل تصوف حضرت علیؓ کو
اپنا امام مانتے ہیں۔ حضرت جنید بغدادیؒ کا قول ہے کہ ” اصول اور آزمائش امتحان
میں ہمارے شیخ الشیخ علی مرتضیٰؓ ہیں۔“
نواسۂ رسول
ﷺ حضرت امام حسنؓ کی کنیت ابو محمد اور خطاب سید اور ریحانۃ النبی ہے۔ لقب شبیۂ
رسول ﷺ سے مشہور ہیں۔ سنہ ہجری کے تیسرے سال رمضان المبارک میں پیدا ہوئے۔ نبی
کریم ﷺ کو ولادت کی خبر ہوئی تو آپ ﷺ اپنی بیٹی بی بی فاطمہؓ کے گھر تشریف لے گئے
اور کہا کہ مجھے بچے کو دکھاؤ۔ رسول اللہ ﷺ نے آپ کا نام حسن رکھا۔
نبی کریم ﷺ
کو حضرت امام حسنؓ سے غیر معمولی محبت و الفت تھی۔ نبی کریم ﷺ کبھی اپنی آغوشِ
شفقت میں لیے ہوئے ہوتے تو کبھی دوش مبارک پر سوار کیے رکھتے۔ حضرت امام حسنؓ کی
معمولی تکلیف سے نبی کریم ﷺ بے قرار ہو جاتے۔ ابھی امام حسنؓ آٹھ سال کے تھے کہ
نانا کا یہ سایۂ شفقت سر سے اُٹھ گیا۔
صدقات و
خیرات اور فیاضی و سیر چشمی حضرت امام حسنؓ کا خاندانی وصف تھا۔ اپنے اہل و عیال
کے اخراجات کے علاوہ جو کچھ بچتا وہ خیرات کر دیتے۔ ایک مرتبہ آپؓ اعتکاف میں تھے
کہ ایک ضرورت مند شخص نے سوال کیا۔ آپؓ اعتکاف سے نکل کر باہر آئے اور اس کی حاجت
پوری فرمائی۔ لوگوں نے اعتراض کیا تو نواسۂ رسول ﷺ حضرت حسنؓ نے فرمایا کہ اللہ کی
راہ میں کسی بھائی کی حاجت پوری کر دینا میرے نزدیک ایک ماہ کے اعتکاف سے بہتر ہے۔
ایک موقع پر
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا حسن کو میرا حلم اور میری صورت ملی ہے۔ نبی کریم ﷺ کو
اپنے تمام اہلِ بیت میں حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ بہت زیادہ عزیز تھے۔
حضرت انسؓ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ فرماتے تھے کہ اہلِ بیت میں مجھ کو حسن و
حسین سب سے زیادہ محبوب ہیں۔
حضرت امام
حسنؓ کا وصال 50 ہجری میں ہوا۔