Topics

غریبوں اور ناداروں سے حسن سلوک

 

ایک روز رسول اللہ ﷺ ایک مجلس میں تشریف فرما تھے۔ اس اثناء میں ایک شخص سامنے سے گزرا۔

حضور ﷺ نے دریافت کیا۔

اس کی نسبت تمہاری کیا رائے ہے؟

عرض کیا گیا

یہ امراء کے طبقہ سے ہے۔ اللہ کی قسم! یہ شخص اس لائق ہے کہ اگر یہ رشتہ چاہے تو کیا جائے اوراگر یہ کسی کی سفارش کرے تو قبول کی جائے۔

رسول اللہ ﷺ خاموش رہے۔ کچھ دیر بعد ایک اور شخص اس راہ سے گزرا۔

حضور ﷺ نے استفسار فرمایا۔

اور اس کی نسبت کیا کہتے ہو؟

جواب میں عرض کیا گیا۔

یارسول اللہ ﷺ! یہ فقرائے مہاجرین میں سے ایک ہے اور اس لائق ہے کہ اگر کوئی رشتہ چاہے تو واپس کر دیا جائے اور اگر سفارش کرے تو رد کر دی جائے اور اگر کچھ کہنا چاہے تو نہ سنا جائے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔

تمام روئے زمین میں اگر اس امیر جیسے آدمی ہوں تب بھی ان سب سے یہ ایک غریب بہتر ہے۔

حضرت سہل بن سعدؓ ۔۔ بخاری ۔ کتاب الرقاق۔ح۔ 6447۔ض۔38

حضرت عائشہؓ حضور ﷺ کو ایک دعا مانگتے دیکھا کرتی تھیں۔ ایک دن انہوں نے حضور ﷺ سے پوچھا۔

یا رسول اللہ ﷺ! آپ یہ دعا کیوں مانگتے ہیں کہ دنیا میں مجھے غریبوں اور مسکینوں کے ساتھ رکھ۔ انہی کے ساتھ میرا خاتمہ ہو اور قیامت کے دن غریبوں اور مسکینوں کے ساتھ ہی مجھے اُٹھا۔

حضور ﷺ نے فرمایا۔

اس لیے کہ یہ دولت مندوں سے پہلے جنت میں جائیں گے۔

پھر آپ ﷺ نے فرمایا۔

اے عائشہؓ ! کبھی کسی غریب مسکین کو اپنے دروازے سے نامراد نہ پھیرنا۔ اسے کچھ ضرور دے دینا خواہ چھوارے کا ایک ٹکڑا ہی کیوں نہ ہو۔

اے عائشہؓ ! غریبوں سے محبت رکھو۔ انہیں اپنے قریب کر لو۔ ایسا کرنے سے اللہ بھی تمہیں اپنے قریب کر لے گا۔

حضرت عائشہؓ ۔۔ ترمذی ۔ ابواب الزہد۔ح۔2169

بدترین کھانا اس ولیمہ کا کھانا ہے جس میں خوش حال لوگوں کو بلایا جائے اور ناداروں کو چھوڑ دیا جائے۔

حضرت ابو ہریرہؓ ۔۔ بخاری ۔ کتاب النکاح ۔ح۔5177

Topics