Topics

چوری کا مال

 

حضرت میمونہ بنت سعدؓ نے پوچھا کہ

”یارسول اللہ ﷺ! چوری کے مال کے متعلق کیا ارشاد ہے؟“

آپ ﷺ نے فرمایا۔

”جو شخص چوری کا مال کھائے اور اُسے یہ علم ہو کہ یہ مال چوری کا ہے تو وہ اس چوری میں شریک ہے۔“

(حضرت میمونہ بنت سعدؓ ۔۔طبرانی الکبیر۔25/35 ۔ح۔61۔ض۔61)

توکل

ایک آدمی نے حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں عرض کیا۔”اے اللہ کے رسول ﷺ! میں اونٹ باندھ کر توکل اختیار کروں یا اُسے چھوڑ کر؟“آپ ﷺ نے فرمایا۔

”اُسے باندھ لے اور پھر اللہ پر توکل کر۔“

(حضرت انسؓ ۔۔ ترمذی۔ابواب صفۃ القیامۃ۔ح۔2330)

”اگر تم اللہ پر اس طرح توکل کرو جس طرح کہ توکل کرنے کا حق ہے تو وہ تم کو ایسے روزی دے گا جیسے پرندوں کو روزی دی جاتی ہے۔ پرندے صبح سویرے خالی پیٹ (اپنے آشیانوں سے) نکلتے ہیں اور شام کو آسودہ ہو کر پلٹتے ہیں۔“

(حضرت عمر فاروقؓ ۔۔ ترمذی۔ابواب الزہد۔ح۔2161)

ذخیرہ اندوزی

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔

”تاجر کو روزی دی جاتی اور ذخیرہ اندوز پر لعنت کی جاتی ہے۔“

(حضرت عمر فاروقؓ ۔۔ ابن ماجہ۔کتاب التجارۃ۔ح۔2153)

”جو شخص اِس غرض سے غلہ جمع کر کے روک لے کہ نرخ بڑھنے پر بیچے گا تو وہ خطاکار ہے۔“

(حضرت معمر بن عبد اللہؓ ۔۔ ترمذی۔ابواب البیوع۔ح۔1134۔ض۔58)

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔

”ذخیرہ اندوزی کرنے والا خطاکار ہے۔“

(حضرت معمر بن عبداللہؓ ۔۔ ابن ماجہ۔کتاب التجارۃ۔ح۔2154)

”ذخیرہ اندوز بُرا آدمی ہے کہ بھاؤ سستا ہو جائے تو غمگین ہوتا ہے اور مہنگائی ہو جائے تو خوش ہوتا ہے۔“

(حضرت معاذ بن جبلؓ ۔۔ بحوالہ مشکوٰۃ۔کتاب البیوع۔ح۔2772)


 

قرض کی ادائیگی

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔

”دھاگہ اور سوئی(تک) ادا کر دو اور خیانت سے بچو اس لیے کہ یہ خیانت قیامت کے دن عار اور ندامت کا باعث ہوگی۔“

(حضرت عبادہ بن صامتؓ ۔۔ ابن ماجہ ۔ کتاب الجہاد۔ح۔2850۔ض۔40)

”جو شخص اِس نیت سے مال (قرض) لے کہ وہ اُسے ادا کرے گا تو اللہ اُس سے ادا کرادے گا اور جو اِس نیت سے لے کہ خُرد بُرد کر لے تو اللہ اُسے بھی خُرد بُرد کر دے گا۔“

(حضرت ابوہریرہؓ ۔۔ بخاری۔کتاب المساقاۃ۔ح۔2387)

”خبردار کسی پر ظلم نہ کرنا اور کان کھول کر سن لو کہ کسی شخص کا مال تمہارے لئے حلال نہیں ہو سکتا مگر وہ خوش دلی سے راضی ہو جائے۔

(حضرت ابو حرہ رقاشیؓ ۔۔بحوالہ مشکوٰۃ کتاب البیوع۔ح۔2818۔ض۔68

ایک آدمی نے رسول اللہ ﷺ سے قرض کی واپسی کا تقاضا کیا اور تلخ کلامی کی۔ آپ ﷺ کے اصحاب اُس پر بہت برہم ہوئے تو آپ ﷺ نے فرمایا۔

”جانے دو کیونکہ حق دار کو بولنے کا حق ہے۔ اُس کے لیے ایک اونٹ خرید دو اور اُسے دے دو۔ صحابہ کرام کو اُس شخص کے لیے اُس کے اونٹ جیسا اونٹ نہیں ملا البتہ اُس سے بہتر اونٹ مل رہا تھا۔ اِس پر صحابہ کرام نے حضور ﷺ کو صورتِ حال بتائی۔ آپ ﷺ نے فرمایا۔

”وہی خرید کر دے دو کیونکہ تم میں اچھا آدمی وہ ہے جو قرض ادا کرنے میں اچھا ہے۔“ ۔

(حضرت ابو ہریرہؓ ۔۔ بخاری۔کتاب الاستقراض۔ح۔2390)

”شہید کے تمام گناہ معاف فرما دیئے جاتے ہیں سوائے قرض کے۔“

(حضرت عبد اللہ بن عمروبن العاصؓ ۔۔ مسلم ۔کتاب الامارۃ۔ح۔4883)

حضرت عبد اللہ بن ابی ربیعہؓ کا بیان ہے کہ نبی کریم ﷺ نے مجھ سے بطور قرض چالیس ہزار درہم لیے۔ یہ رقم واپس کرتے وقت حضور ﷺ نے دعا فرمائی۔

”اللہ تعالیٰ تمہارے اہل و عیال اور مال میں برکت دے۔ بے شک اُدھار کا بدلہ شکریہ ادا کرنا اور دعا کرنا ہے۔“

(حضرت عبد اللہ بن ابی ربیعہؓ ۔۔ نسائی ۔ کتاب البیوع۔ح۔4690)

Topics