Topics

اسلم فریدی

 

جناب اسلؔم فریدی کا نام اردو شاعری کے حوالے سے نیا نہیں بلکہ ریڈیو کے سامعین تو اُن سے بخوبی واقف ہیں۔ اسلم فریدی موضع چک بہاؤالدین ضلع دربھنگہ (حالیہ سسمتی پور) بہار انڈیا میں 1946ء میں ولادت ہوئی۔ اسلؔم فریدی کا خاندانی نسب حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ سے جا ملتا ہے۔

1962ء میں ہجرت کر کے مشرقی پاکستان کے ایک شہر دیناجپور چلے آئے یہاں پر اُنہوں نے دوبارہ میٹرک کیا۔ دینا جپور سے ڈھاکہ منتقل ہوئے تو قائد اعظم کالج میں ایڈمشن لے لیا۔ڈھاکہ میں ان کی ملاقات فروغ احمد فروؔغ سے ہوئی اُن سے اپنے اشعار کی اصلاح لیتے رہے اور یوں تعلیم کے ساتھ ساتھ شعر گوئی کا سلسلہ جاری رہا۔

پھر ڈھاکہ میں ان کی ملاقات ماہرؔزیدی سے ہوئی جب تک ڈھاکہ میں رہے شاگردی کا یہ رشتہ قائم رہا۔ 1979 ء میں ہجرت کر کے کراچی آگئے۔ ریڈیو پاکستان کراچی میں ان کی بے شمار غزلوں ، گیتوں اور ملی نغموں کو مختلف گلوکاروں نے اپنی آواز میں ریکارڈ کیا۔ اسؔلم فریدی کے پسندیدہ شاعروں میں صباؔ اکبر آبادی ، صہباؔ اختر اور احمد ندیم ؔ قاسمی شامل ہیں۔ ان کے اب تک دو مجموعے ”افکار فریدی “ اور”پچھلے پہر کا چاند “ شائع ہو چکے ہیں۔

---------------------------------

قلندر بابا کے حضور

اے اولیاء اے اولیاء ، بابا قلندر اولیاءؒ

تم سا نہیں دوسرا ، بابا قلندر اولیاءؒ

اپنی پریشانی لئے در پر کھڑا ہوں دیر سے

سُن لو ذرا دُکھڑا مرا ، بابا قلندر اولیاءؒ

میں نے سُنا ہے جھولیاں بھرتی ہیں منگتے کی یہاں

مجھ پر کرم کر دو ذرا، بابا قلندر اولیاءؒ

دل کے نگر سے دور ہوں تاریکیوں کے سلسلے

دکھلاؤ اپنا معجزہ ، بابا قلندر اولیاءؒ

میں خادموں کی صف میں اِک ادنیٰ سا خادم ہوں مگر!

سر پر ہے شفقت کی ردا ، بابا قلندر اولیاءؒ

ہے آرزو دل کی سنور جائے میری تقدیر بھی

قدموں میں ہو یہ سر جھکا ، بابا قلندر اولیاءؒ

یونہی نہیں بخشا گیا تم کو مقام و مرتبہ

تم سے ہوا راضی خدا ، بابا قلندر اولیاءؒ

چشمِ فریدیؔ دید کی حسرت میں پُرنم ہو گئی

اپنا رُخِ زیبا دکھا ، بابا قلندر اولیاءؒ


Topics