Topics
تصوف عشق ہے اور عشق ہی معراج ِ انساں ہے
رضائے حسن ہے ایمان ہے منزل بہ داماں ہے
علاج ظلمتِ شب ہے سحر ہونے کا ساماں ہے
تصوف باعثِ ایمان ہے شمع ِ فروزاں ہے
نبی کے ہاتھ پر بیعت خدا کے ہاتھ پر بیعت
کسی مرشد سے بیعت بھی طریقِ فقر قرآں ہے
فقیری میں شہنشاہی میسر ہے فقیروں کو
اُنہی کہ ہاتھ میں بخشا گیا نظمِ گلستاں ہے
یہ وہ اقلیم ہے جس پر خلافت ناز کرتی ہے
کہ اس اقلیم کا والی علیؓ شیرِ یزداں ہے
یہ وہ رستہ ہے جس پر کوئی خطرہ ہو نہیں سکتا
محافظ قافلے کا غوث الاعظم شاہِ جیلاںؒ ہے
ضروری ہے کسی کے ہاتھ بِک جانا ضروری ہے
مری قسمت کہ مجھ پر بھی نگاہِ لطفِ سلطاںؒ ہے
یہ دربار ِ قلندر ہے یہاں پر فیض ملتا ہے
یقیں کے ساتھ آجائے یہاں جو بھی پریشاں ہے
خدا کے نیک بندے تھے خدا سے ہو گئے واصل
قلندر اولیاء بابا ترا دربارِ ذیشاں ہے
سلوک و معرفت کا راستہ آساں نہیں ناظمؔ
اگر مرشد ملے کامل تو پھر آساں ہی آساں ہے