Topics

محمد انیسؔ حجازی

جناب محمد انیسؔ حجازی کی ولادت ۱۵ مئی ۱۹۷۲ء شاہ کوٹ ضلع شیخوپورہ میں ہوئی۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور سے اردو اور ایجوکیشن میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ تصوف اور روحانیت سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ کرکٹ و ہاکی سے لگاؤ ہے ، کلاسیکل و نیم کلاسیکل موسیقی شوق سے سنتے ہیں ، ادب سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں۔

حضور قلندر بابا اولیاء ؒ اور حضرت بابا تاج الدین ناگپوری ؒ کی شان میں اب تک ۲۷ مناقب تحریر کر چکے ہیں ۔ ۲ نعتیں اور ۱۲ مختلف موضوعات پر سنجیدہ و مزاحیہ نظمیں تحریر کیں۔ ستمبر ۱۹۹۷ ء سے لاہور کے ایک معروف تعلیمی ادارے میں اُردو کے سینئر اُستاد کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

-----------------------------

منم محو خیالِ اُو

جس نے رُوئے حضورؒ دیکھا ہے

اُس کو ہم نے مسرور دیکھا ہے

میں سراپا سکون ہوتا ہوں

جب بھی سُوئے حضورؒ دیکھا ہے

ہم کسی روشنی کو کیا جانیں

جب سے وہ کوہِ طور دیکھا ہے

آپؒ کے رحمدل سراپا میں

عکسِ ربِ غفور دیکھا ہے

اہلِ قلب و نظر غلام اُن کے

ان کو صدر الصدور دیکھا ہے

دستِ شفقت اُنہی کا ساتھ رہا

جب بھی اپنوں کو دور دیکھا ہے

آپ کی آنکھ کی لہروں میں انیسؔ

ہم نے کیف و سرور دیکھا ہے

-------------------------------

نگاہِ التفات

اِک قلندر نے جو فرمائی نگاہِ التفات

ہوگئے فوراً عیاں راز و رموزِ کائنات

حاملِ علمِ لدّنی ، واقفِ اسرار کن!

وہ تو ہیں اِک حاکمِ کروبیانِ شش جہات

جب زمیں والوں کو جھوٹے فلسفوں پر ناز تھا

آگیا میدان میں وہ بندۂ مولد صفات

کن کے پردے میں جو تھا لوح و قلم میں لکھ دیا

کر دیا سب پر عیاں ، کیا ہے نفی اور کیا ہے ثبات

اے کہ تو شہباز ہے اس آسمانِ زہد کا

تیرے پاؤں کے تلے پتھر کے سب لات و منات

تو ہے زندہ ترکہ تو قاصد خدائے زندہ کا

تیری رہ کی موت کیا فانی؟ نہیں ، عینِ حیات

ہاتھ پھیلائے ہوئے آئے ہیں یہ تیرے مزار

آپ کے دامنِ رحمت سے ملے مجھ کو زکوٰۃ

میں ہوں محتاج آپ کے لطف و کرم کا یا حضورؒ

غم ، پریشانی ، مصیبت سے ملے سب کو نجات

جو بھی آیا تیرے در پر شاد ہو کر ہی گیا

سبز ہو کر جا رہے ہیں آئے تھے جو سوکھے پات

سلسلہ جو آپ کا ہے وہ میری پہچان ہے

حضرت ِ عظیمی کے ہاتھوں میں ہیں میرے بھی ہات

میں ہوں راتوں کو تڑپنے والا وہ بسمل انیسؔ

تیری یادوں کا سہارا ہے مری یہ باقیات

---------------------------------

نگاہِ مومن

میرے تخیل کی ہے روش یہ کبھی کہیں نہ قرار کرنا!

کہ اپنی دنیا سے جاں چھڑانا کسی کی دنیا سے پیار کرنا

یہ سب ہیں اُس کے ، یہ سب ہے اُس کا ، مگر یہ قانون کون جانے؟

کسی کو بے اختیار کرنا ، کسی کو با اختیار کرنا

مجھے غرض اُس نماز سے کیا کہ جس میں واجب ہو مقتدی پر

بجائے ”اس“ کے حضور ہونا ، ثواب و جنت شمار کرنا

تیری نظر کا کمال ساقی ، شرف یہ ہے میکدے کو حاصل

کہ اِک نظر میں ہزار اہلِ خرد کو محو خمار کرنا

نگاہِ مومن کے سامنے تو ہزار عالم کھلے ہوئے ہیں

یہ حورو غلماں ، یہ عرش و رضواں ، یہ من میں یزداں شکار کرنا

جو چلتے چلتے ٹھہر گیا میں تو ہاتفِ غیب نے بتایا

کہ عقل مائل جو راہ میں ہو تو دینِ عشق اختیار کرنا

نوازشات ہزار اُس پر فریفتہ ہوں ، زمانہ دیکھے

جو قطرہ تجھ میں ملے تو اس کو سمندر ِ بے کنار کرنا!

تجھی سے نسبت ، یہی محبت ، یہی ضرورت ہماری لیکن

کہاں کا انصاف ہے بتائیں ہمیں یہاں بے قرار کرنا؟

جو تیرے دامن میں آگئے ہیں ، حیات ِ ابدی وہ پا گئے ہیں

خزاں کے سوکھے سے زرد پتوں کو رشکِ فصل بہار کرنا

ہزار روحیں تڑپ رہی ہیں ، حیاتِ ابدی وہ پا گئے ہیں

نگاہِ آفریں کا صدقہ نظر ذرا ایک بار کرنا!

وہ آشنا میرے من کے بھی ہیں ، وہ باخبر میرے تن سے بھی ہیں

مگر یہ کہنا انیس ؔ حاضر ! حضور جب پیش یار کرنا

---------------------------------------

قلندر شعور

ترا جسم جان جہان ہے ، تری روح تجلی طور ہے

تیری ذات مظہر مصطفیؐ، تُو تو اِک سراپائے نور ہے

نہ جہان میں کسی اور سے ، کبھی دل کی بات میں کہہ سکا

وہ ہیں تاجدارِ قلندراں ، مری عرض اُن کے حضور ہے

یہ وجود ظاہری مکر ہے ، مری اصل کیا ہے خبر نہیں

میں بھی ایک نسمہ نور ہوں ، تُو بھی ایک نسمہ نور ہے

جونہی پیش اپنے گناہ کئے ، تو فلک سے آنے لگی صدا

تو قلندروں کا غلام ہے ، تجھے بخشنا ضرور ہے

میں بھٹک کے راہ میں رہ گیا ، ترے مرتبے کو نہ پا سکا

تری نظر پاک تھی ہر طرف ، یہ حضور میرا قصور ہے

ہوں نوازشات ہر ایک پر ، نہ ہو قید مذہب و دیس کی

کہ ہر اک کا ”اس “ سے ہے رابطہ ، یہ قلندروں کا شعور ہے

اے انیسؔ منتظر کرم ، کرو التجا کہ رہے بھرم

تو ہے ایک بسمل نیم شب ، مگر آستانے سے دور ہے

-------------------------------

حاملِ علم لدنی

سوئے منزل کبھی مشکل جو مقام آتا ہے

خود بخود لب پہ قلندر کا ہی نام آتا ہے

حاملِ علمِ لدنی ترے افکار بلند

ہر مصیبت میں ترا نام ہی کام آتا ہے !

میرے آقا ، میرے خواجہ ہیں میرے شمس الدین

اولیاء کی صفِ اول میں یہ نام آتا ہے!

من کی تاریکیاں جب پیش کروں اُن کے حضور

پھر اُترتا ہوا روشن یہ کلام آتا ہے !

کیوں نہ افلاک کی ہر راہ میں تعظیم ملے

مِرا خواجہ کے غلاموں میں جو نام آتا ہے!

”میں خدا ہوں تو ہدایت کا بھی جاری ہے نظام“

لوحِ محفوظ سے اکثر یہ پیام آتا ہے!

منقبت لب پہ ہے ، کشکول عظیمی تھامے

شان دیکھو یہ قلندر کا غلام آتا ہے!

ایک مشعل سے کئی مشعلیں جلتی ہیں انیسؔ

دستِ ساقی سے یہ ہوتا ہوا جام آتا ہے!


Topics