امتیاز ساغرؔ
جناب امتیاز ساغرؔ کا شمار موجودہ عہد کے نمائندہ شعراء میں ہوتا ہے۔ آپ نے 1964ء میں باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا۔ ان کے کلام میں پختگی اور شگفتگی ہے۔ امتیاز ساغرؔ کا اصل نام امتیاز احمد خان ہے۔ وہ 11 جون 1949ء کو دلدار نگر ضلع غازی پور (یوپی) بھارت میں پیدا ہوئے۔ ڈھاکہ یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد بینکاری کے شعبے سے وابستہ ہو گئے اور تا حال اسی شعبے سے وابستہ ہیں۔
امتیاز ساغر 1976ء سے کراچی میں مقیم ہیں۔ ان کا اولین شعری مجموعہ ”صحرا کی ہوا“ جنوری 1995 ء میں منظر عام پر آیا۔
---------------------------------
خانقاہِ عشق
(بابا قلندر اولیاء کی خدمت اقدس میں)
عشق کی خانقاہ میں کل رات
کیف و مستی کا رقص جاری تھا
ایک نشہ فضا پہ طاری تھا
اور میں۔۔۔۔۔۔۔
ایک اجنبی کی طرح
کسی جانب کھڑا تھا لب بستہ
ناگہاں نُور کے جھماکے میں
میری آنکھوں کے بادبان کھلے
سب حجابات ِ ذات اُٹھنے لگے
میں تحیر کے اِک جہان میں تھا
عشق کی خانقاہ روشن تھی
اور اِک سمت فرش پہ بیٹھے
کسی درویش کے پیالے سے
ماہ و اختر نمود پاتے رہے