Topics

سید معراج جامؔی

 

جناب سید معراج جامؔی کا اصل نام سید معراج مصطفیٰ ہاشمی ہے۔ آپ ہندوستان کے شہر کلکتہ کے ہاشمی خاندان کے چشم و چراغ ہیں۔ آپ کی ولادت 12 مارچ 1955ء میں ہوئی۔ معراج جامؔی نے اسلامیات اور اُردو میں ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کیں۔ 1985 ء میں بیس سال کی عمر میں امریکن کلچر سینٹر کراچی کی طرف سے منعقد ہونے والے مقابلہ شعر گوئی میں شرکت کی اور 194 نوجوان شعراء کے مقابلے میں اول انعام حاصل کیا۔ معراج جامؔی نے ایک بڑے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کو کافی نہیں سمجھا بلکہ مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کی طرف اپنی توجہ مرکوز کی۔ معراج جامؔی کی شاعری میں ایک طرف شباب آرہا ہے تو دوسری طرف یہ تنقید کی طرف بھی بڑھ رہا ہے۔ آپ صحافت کے میدان میں بھی قدم جما چکے ہیں۔

-----------------------------

زینت ِ کون و مکاں

راہِ حق کے رازداں ہیں میرے بابا اولیاء ؒ

یعنی میر ِ کارواں ہیں میرے بابا اولیاء

عشق کے سر نہاں ہیں میرے بابا اولیاء

اِس زمیں کے آسماں ہیں میرے بابا اولیاء

معرفت کا ہر سفینہ پار لگتا ہے یہاں

ایک بحر بیکراں ہیں میرے بابا اولیاء

وہ ہیں محبوب خدا ، اُن پر خدا ہے مہرباں

زینتِ کون و مکاں ہیں میرے بابا اولیاء

معرفت کی منزلوں میں کر رہے ہیں رہبری

کامیاب و کامراں ہیں میرے بابا اولیاء

نام ہے لب پر اُنہی کا دل میں اُن کی یاد ہے

ہم پہ کتنے مہرباں ہیں میرے بابا اولیاء

اے دلِ بےتاب منزل ڈھونڈ جامؔی کے لئے

تو اُسے لے چل جہاں ہیں میرے بابا اولیاء


Topics