Topics
منفرد شان الگ انداز سے پہچانا ہے
دل نے تجھ کو تری آواز سے پہچانا ہے
تیرا فیضانِ نظر ہے یہ قلندر باباؒ!
ہم نے انجام کو آغاز سے پہچانا ہے
زہد و تقویٰ کسے کہتے ہیں طریقت کیا ہے
آپ ہی کے حرم ِ ناز سے پہچانا ہے!
رُوح کی قوتِ ادراک کسے کہتے ہیں
لامکاں تک تری پرواز سے پہچانا ہے
کس طرح روح کے امراض کا ہوتا ہے علاج
اے مسیحا ترے اعجاز سے پہچانا ہے
صحبتِ یار سے ہوتا ہے مداوا غم کا
ہم نے یہ قربتِ دمساز سے پہچانا ہے
فلسفہ رمز خودی کا تھا جو دشوار طلب
وہ ترے نطق کے اعجاز سے پہچانا ہے
تجھ کو ہم عصروں نے میدانِ سخن میں غازیؔ
اِک تری فطرتِ طناز سے پہچانا ہے