Topics
کیا حسین ہے اولیاء ؒ بابا قلندر کا چمن
جس میں لاکھوں پھول ہیں خوش رنگ و رنگیں پیرہن
ایک عالم ، ایک عارف ، ایک صوفی ، اِک ولی
اِک قلندر ، اپنی تنہا ذات سے ایک انجمن
اولیاءؒ بابا قلندر وہ عظیم ابدال ِ حق
جس سے زندہ ہیں تصوف کی روایات کہن
یہ قلندرؒ ہی تھا جو اقبال سے لکھوا گیا
”تُو جھکا جب غیر کے آگے تو تن تیرا نہ من “
یوں نظر بابا قلندر اولیاء کی دل پہ ہے
جیسے اِک چھوٹے سے آئینہ پہ سورج کی کرن
آپ نے سمجھایا کیا ہے فرق جن و انس میں
کیفیات منفی و مثبت کا جن میں ہے ملن
آپ نے آیاتِ قرآنی پہ وہ مضمون لکھے
کر گئے جو دل کو بحر معرفت میں غوطہ زن
آپ نے بتلایا کیا ہیں معنی موت و حیات
آپ نے سمجھایا کیا ہے رشتہ روح و بدن
اپنے اعمال آدمی دیکھے گا یوں مرنے کے بعد
دیکھتے ہیں ناظرین اب جس طرح ٹیلی ویژن
سچ کہی ہے خواجہ شمس الدین عظیمیؔ نے یہ بات
ہے نظامِ خانقاہی ، دافع رنج و محن
چشمِ باطن دیکھتی ہے آنے والا ہے وہ دور
عام ہو جائے گا جب دنیا میں باباؒ کا مِشن
آسمانی روشنی ذہنوں پہ یوں چھا جائے گی
دفن ہو جائے گی ظلمت اوڑھ کر شب کا کفن
ہے قلندر باباؒ کا سایہ جو اپنے باغ پر
لہلہاتا ہی رہے گا اب یہ روحانی چمن