Topics
جناب ڈاکٹر محمد آدم آدمؔ نے ایسے ماحول میں
جنم لیا جو مذہبی اور علمی تھا۔ ابتدائی تقسیمِ ہند کے بعد تعلیم کا سلسلہ دوبارہ
شروع کیا اور پولیٹکل سائنس میں پوسٹ گریجویشن کے بعد کراچی یونیورسٹی سے پی ایچ
ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہوگئے۔ والدہ محترمہ
کی خواہش پر ایل ایل بی کے لئے اسلامیہ لاء کالج میں داخلہ لیا تعلیم کے ساتھ ساتھ
پاکستان نیوی میں بطور ایجوکیشن آفیسر کے فرائض بھی سر انجام دیتے رہے۔
آدمؔ صاحب بنیادی طور پر غزل کے شاعر ہیں اور
ان کا کلام غزل کی روایت کا آئینہ دار ہے ۔” بہشتِ افکار “ غزلیں ، نظمیں اور
قطعات کا مجموعہ کلام ہے۔ نظمیں رومانی بھی ہیں اور ملی بھی ، ان میں بالعموم
معاشرتی احوال پر تبصرہ اور مسائل حاضرہ کا جائزہ ہے۔ آپ کی ایک کتاب ”اسلام کا
شورائی نظام“ کے عنوان سے بھی شائع ہو چکی ہے۔
---------------------------
رہبر کامل قلندر اولیاء
محرمِ منزل قلندر اولیاء
ہے خدا کے نیک بندوں میں شمار
اخلاق میں کامل قلندر اولیاء
تیرے بتلائے ہوئے اچھے اُصول
ہیں ہمیں حاصل قلندر اولیاء
خلق کی خدمت پہ تھے مامور آپ!
عامل و کامل قلندر اولیاء
تیری ہر ہر بات میں اے مردِ خدا!
منفعت شامل قلندر اولیاء
مرجع اہل محبت بے گماں
رونقِ محفل قلندر اولیاء
شک نہیں اس میں کہ آدمؔ! آپ ؒ ہیں
بے بدل عامل قلندر اولیاء