Topics

ناظم القادری

 

دریا حباب میں

وہ حُسنِ اول وہ ربِ اعلیٰ اَحد کے لُبِ لُباب میں ہے

یہ عشقِ اول یہ نور ِ مولا چھپا بشر کے حجاب میں ہے

تلاشِ حسنِ اَزل میں گُم ہے ، بشر بھٹکتا سراب میں ہے

نظر جو دل کی ملے تو دیکھے کہ سارا دریا حباب میں ہے

قدم قدم ہیں اُسی کے جلوے ، نفس نفس ہے اُسی کی دھڑکن

چمن چمن ہے اُسی کی رنگت ، اسی کی خوشبو گلاب میں ہے

وہی بنے گا خدا کا مسکن ، قبول ہوں گے اُسی کے سجدے

وہ دل ہو جس میں نبی کی الفت وہ سر جو اُن کے جناب میں ہے

جہاں میں جتنے نبی بھی آئے حضور تم سب کے کام آئے

تمہاری روحِ عظیم شامل جہاں کے ہر انقلاب میں ہے

متاعِ عشق نبی ؐ خریدو پھر اس سے اپنے خدا کوسمجھو

گُماں کی منزل سے تب بچوگے جو عقلِ خانہ خراب میں ہے

جو فیض مُرشد نے رنگ بدلا تو نعت کہنے کا ذوق سنبھلا

ملا ہے ناظم تجھے وہ مُرشد جو سایۂ بوتراب میں ہے



Topics