Topics
محترمہ سیدہ سعیدہ خاتون عظیمی کی پیدائش بھارت
کے شہر ناگپور میں ہوئی۔ قیامِ پاکستان کے بعد والد صاحب کا تبادلہ کراچی ہو گیا
اور اس طرح آپ اگست ۱۹۴۷ء کو کراچی آگئیں۔ شادی کے بعد ۱۹۶۱ ء میں آپ انگلینڈ
منتقل ہو گئیں اور وہیں پر قیام پذیر ہیں۔ مئی ۱۹۷۹ ء میں بڑی بہن کی وساطت سے
روحانی ڈائجسٹ میں آپ کی روحانی واردات و کیفیات شائع ہونا شروع ہوئیں۔
۱۹۸۰ ء میں جناب خواجہ شمس
الدین عظیمی صاحب نے انگلینڈ میں مراقبہ ہال کھولنے اور مراقبہ کرانے کی اجازت دے
دی۔ ۱۹۸۳ ء میں جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب پہلی بار انگلینڈ تشریف لے گئے
اور پھر باقاعدہ مراقبہ ہال کا افتتاح ہوا۔
آپ کی سلسلہ وار کہانیاں ، منقبتیں ، غزلیں
روحانی ڈائجسٹ میں متواتر چھپتی رہتی ہیں۔ سلسلہ وار کہانیوں میں ”خوشبو“ ، ”اندر
کا مسافر “ اور ”جوگن“ کتابی صورت میں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ قلندر بابا اولیاءؒ کے
روحانی مشن کی ترویج کے حوالے سے آپ کا نام ایک درخشندہ ستارہ ہے۔ کچھ عرصے تک آپ
سالفورڈ یونیورسٹی میں بطور وزیٹنگ پروفیسر روحانی علوم کی تدریس بھی کرتی رہی
ہیں۔
-------------------------------
چاند تاروں سے ہوا تھا اِک مسافر کا ظہور
تھا وہ دنیا کا اُجالا ، جانِ انساں کا سرور
چاند بادل سے نکلتا ہے اندھیری رات میں
آسمانِ دہر پر روشن ہوا عظمت کا نور
نور کے تاروں پہ چل کر یوں ہوا اس کا نزول
جوں ہوا کے دوش پر اُڑنے لگے رنگیں طیور
چھپ کے پردۂ غیب میں اب ہم کو دیتا ہے صدا
مار ڈالے گا تجھے خود تیری عقلوں کا فتور
نسل انساں پر ہوا اے دوست احسانِ عظیم
لڑکھڑاتے پاؤں سے چلتی ہے راہِ پر غرور
وہ ولی، وہ قلندر ، وہ عظیم برخیاؔ
جس کی آمد باغِ رضواں میں بہاروں کا صدور
---------------------------
ایک دانشور نے لوگو! یوں کیا مجھ سے سوال
جس کو کہتے ہیں قلندر اس کی کیا پہچان ہے
اُس کے اندر جستجوئے شوق باطن دیکھ کر
مسکرا کے میں یہ بولا وہ تو حق کی جان ہے
جان کو صورت عطا کر کے کیا رب نے خطاب
مردِ حق تو گنج دل کا موتی و مرجان ہے
تُو ہی میری آنکھ ہے ، تو ہاتھ ہے ، تو پاؤں ہے
تو مِرا اسرار ہے مخلوق سب انجان ہے
تیرے قالب میں ارادہ کام کرتا ہے مِرا
تیری ہر حرکت پہ شان لم یزل قربان ہے
تیری آنکھیں میری بینائی سے جب روشن ہوئیں
چاند تاروں کی نگاہیں دیکھ کے حیران ہے
میرا اندازِ تکلم بن گیا تیرا کلام
تیری صوتِ سرمدی پر آج مجھ کو مان ہے
لاکھ پردوں میں چھپا کر میں نے رکھا تھا جمال
تیری خوشبو سے مہکتا سنبل و ریحان ہے
چاند تاروں کی زمیں پر ہے بسیرا غیر کا
آ حریم دلبری کا آج تو مہمان ہے
محرم جاں تجھ کو ٹھہرا کر کئے راز و نیاز
کائنات دل میں تو ہی بندگی کی شان ہے
ساقی میخانہ ہے تو تشنہ لب سارے یہاں
معرفت کے جام بٹتے ہر گھڑی ہر آن ہے
لوح پر یہ لکھ دیا کاتب نے اپنے قلم سے
تجھ کو حاصل خالقِ کونین کا عرفان ہے
اے صدائے معرفت ، اے دیدہ ور ، حق کی زباں
تیرے بن راہ حقیقت و حشت ویران ہے
نام اُن کا ہے قلندر ؒ ذات ہے ان کی عظیم ؒ
اُن کے پردے میں چھپا خود دراصل رحمٰن ہے
سن اے دانشمند تو کچھ بھی نہیں ناچیز ہے
تیری جھولی میں عظیم برخیاؔ کا دان ہے
---------------------------------
آیا ہے دُھوم دَھام سے پھر جشنِ بے مثال
ہونے لگا ہر ایک کو پھر رویتِ ہلال
تابانی عظیم ہے وہ نام برخیاؔ
پھیلایا آفتاب نے ہر سُو ترا جمال
تارے چھپے ہوئے ہیں تری آستین میں
اے ماہتاب رات نے دیکھا ترا کمال
ہر ذرّہ تیرے نور سے تھرا کے رہ گیا
روحانیت پہ چھایا ہوا ہے ترا جلال
صبحِ تجلیات کی تقدیر دیکھئے
مکھڑے کو چھو کے تیرے ہوئی جاتی ہے نہال
اے رہ نوردِ عشق قدم تیز تر بڑھا
رہبر ہے خوبرو تو نہیں ہے تجھے ملال
دنیا میں جس نے پائی ترے در سے روشنی
اللہ کے کرم سے ملا بخت ذوالجلال
تجھ کو ملی ہے عرش سے وہ عظمت ِ علیم
جس کو اُٹھا سکے نہ سماء، اَرض ، نہ جبال
علم و ادب میں پھونک دی روحانیت کی روح
تا ابد زندہ رکھے خدا ہو نہ اب زوال
آفاق سے ملایکہ دیتے ہیں یہ صدا
یہ سلسلہ عظیم ہے ، اب بند کر سوال
بابا قلندریؒ کی عجب شان آج ہے
ہر شے میں زندگی کی نئی جان آج ہے