Topics

جناب محترم دلاور فگار

 

جناب محترم دلاور فگارؔ طنز و مزاح نگاری پر بھر پور دسترس رکھتے تھے۔ محترم دلاور فگار ؔ کا اصل نام دلاور حسین ہے۔ آپ کی ولادت 8 جولائی 1929ء کو شہر مردم خیز بدایوں میں ہوئی۔ آگرہ یونیورسٹی سے پہلے معاشیات میں ایم۔اے ۔ کیا پھر ایم۔اے اردو میں فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔ ایم اے پریویئس کر کے چھوڑ دیا اور بدایوں میں تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہوگئے۔ 1969 ء میں پاکستان تشریف لائے اور 1970ء میں ادارہ ترقیات کراچی K.D.A میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 1975ء میں کراچی کے ایک مقامی کالج میں شعبۂ اردو کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ان کی تصانیف میں قیامتِ اعمال ، آدابِ عرض ، انگلیاں فگار اپنی ، سنچری ، خدا جھوٹ نہ بلوائے ، مطلع عرض ہے ، فی سبیل اللہ اور ستم ظریفیاں طنزیہ اور مزاحیہ کلام پر مشتمل ہے۔ ”حادثے“ غزلیات کا مجموعہ ہے جب کہ ”خوشبو کا سفر“ امریکی و برطانوی شعراء کی نظموں کا اردو ترجمہ ہے۔ ”خوب ترکیاں“ سابق صدر امریکا جمی کارٹر کی سوانح کا اردو ترجمہ ہے۔”صلہ شہید کیا ہے“ نشانِ حیدر پانے والے پاک فوجیوں کے واقعاتِ شجاعت و شہادت پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ دلاور فگار ؔ کو ”آبشارِ نور“ کے عنوان سے سورۂالفاتحہ کی تفسیر نظم کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ دلاور فگارؔ آج ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن ان کے اشعار آج بھی ان کی کتابوں میں پوری شگفتگی اور رعنائی کے ساتھ ہم میں موجود ہیں۔ دلاور فگارؔ نہایت با عمل انسان تھے۔ دورِ حاضر میں اردو کے آسمانِ مزاح پر جو چند ستارے دمکتے چمکتے نظر آتے ہیں ان کے درمیان دلاور فگارؔ اپنی تابانی اور ضوفشانی میں نمایاں اور منفرد مقام رکھتے تھے۔

-----------------------------

Topics