Topics

بحرِ تصوف

 

بندۂ حق ہیں سخنور ہیں قلندر باباؒ

یا تصوف کا سمندر ہیں قلندر باباؒ

اوڑھ کر آپ کی خوشبوئیں ، ہوا رقص کرے

گلشن دیں یا گل تر ہیں قلندر بابا ؒ

آبِ کوثر سے ہے دھوئی ہوئی اندر کی زباں

سچ ہیں اور روح کے لب پر ہیں قلندر باباؒ

حجرۂ قبر میں بھی جاگ رہے ہیں جیسے

عشق کا قیمتی زیور ہیں قلندر باباؒ

حسنِ باطن کی جھلک دیکھنی مشکل ہے بہت

چار دیواری ہیں چادر ہیں قلندر باباؒ

چشم ِ ظاہر سے دکھائی جو نہیں دے سکتا

بند آنکھوں کا وہ منظر ہیں قلندر باباؒ

جس کے ماتھے پر محمد کے نشانِ پا ہیں

اُس بلندی کے برابر ہیں قلندر باباؒ

غور سے آپ کو ہر لمحہ سنا کرتا ہے

اپنی تنہائی کا محشر ہیں قلندر باباؒ

اُن کے کردار کے آئینے میں دیکھا ہے انہیں

سادہ ہیں سادگی پرور ہیں قلندر باباؒ

شوق و احساس کے کپڑوں پہ لگا کے دیکھو

عطر ہیں ، مشک ہیں، عنبر ہیں قلندر باباؒ

دائرہ چاروں طرف اُن کے بنا کر دیکھو

نقطۂ مرکز و محور ہیں قلندر باباؒ

بانٹتے رہتے ہیں یوں اُن کو محبت والے

جیسے ایمان کا لنگر ہیں قلندر باباؒ

نفس سے جنگ کریں اُن کو پہننے والے

دل و جاں کا زرہ بکتر ہیں قلندر باباؒ

اُتنا مسرور ہے وہ اُتنا ہی آباد ہے وہ

جس کو جتنے بھی میسر ہیں قلندر باباؒ

دوسری بار لکھی منقبت اُن کی میں نے

میرے اندر بھی مظفرؔ ہیں قلندر باباؒ


Topics