Topics

سبکتگین صبؔا

محترم سبکتگین صبؔا کا تعلق لاہور سے ہے ۔ پیدائش کے وقت نام سکندر ذوالقرنین رکھا گیا مگر بعد میں اُن کے دادا منشی غلام رسول (مرحوم) نے تبدیل کر کے سبکتگین رکھ دیا۔ اردو میں ایم ۔ اے کی ڈگری حاصل کی۔ پھر شعبۂ درس و تدریس سے وابستہ ہو گئے۔ 1984ء میں مقابلے کا امتحان پاس کر کے درس و تدریس کے شعبۂ کو خیر باد کہہ دیا اور بطور ِ اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز اینڈ ایکسائز تعینات ہو گئے۔ محترم سبکتگین صباؔ نے خود کو مخصوص اصناف تک محدود نہیں رکھا بلکہ شاعری کی بیشتر اصناف میں اپنے جوہر دکھائے۔ سبکتگین صباؔ نے غزلیں بھی کہی ہیں اور نظمیں بھی ۔ ماہنامہ ظرافت کے اعزازی مدیر بھی رہے۔

ُاسلوبِ بندگی

بابا قلندر اولیاء کی ذات بھی کیا خوب ہے

چاہنے والا بھی خود ، اور آپ ہی محبوب ہے

رب کے بندوں کو اگر راضی کرو ، راضی ہے وہ

بندگی کرنے کا یہ بھی خوب اِک اسلوب ہے

ہو بھلا دنیا کی جھنجھٹ سے نہ ہو وہ آزاد کیوں

جو قلندر اولیاءؒ کی ذات سے منسوب ہے

ہے یقین پھر چھوڑ دے دنیا وہ اور پائے فلاح

اپنی اپنی خواہشوں سے جو یہاں مغلوب ہے

جس کا ہر دم ساتھ دے ، بابا قلندر اولیاءؒ

اس کی ہر اِک بات پھر دنیا میں بھی مرغوب ہے

بابا قلندر اولیاءؒ کی شان میں کہنا ہی کیا

اِک زمانہ اُن کی ہستی سے رہا مرعوب ہے

ہے عجب اُس کی ادا ، ہر چیز ٹھکرادی صباؔ

ورنہ ہر اِک کو یہاں دنیا ہی بس مطلوب ہے

Topics