Topics

انجمؔ رحمانی

    

 

جناب انجم رحمانی نعت اکیڈمی آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور پاکستان نعت کونسل کے اہم رکن ہیں ۔ آپ کا اصل نام سید حیدر علی ہے۔ آپ ۵ مئی ۱۹۵۶ ء کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔ بی ایس سی کرنے کے بعد آپ اپنے والد کے ساتھ ان کے کاروبار کی دیکھ بھال میں مصروف ہو گئے۔ شعر و ادب کی طرف بچپن سے ہی رجحان رہا۔ صوفی شاعر حبیب وارثی کا تعلق بھی آپ ہی کے خاندان سے ہے۔

انجمؔ رحمانی نے شاعری کی ابتدا ء ۱۹۷۲ء میں نعت گوئی سے کی۔ ۱۹۸۷ء میں ایک نعتیہ مجموعہ ”صاحبِ الجمال“ کے نام سے شائع ہوا۔ یوں تو انجم رحمانی کا حوالہ ہی نعتیہ شاعری ہے لیکن اپنے شعری سفر کے دوران انہوں نے دیگر اصناف سخن میں بھی طبع آزمائی کی اور خوبصورت منقبتیں ، نظمیں ، مرثیے ، سلام اور قطعات وغیرہ بھی لکھے بلکہ عمدہ غزلیں بھی کہیں۔

انجمؔ رحمانی تصوف میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں حضرت پیرانِ پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ ، لعل شہباز قلندر ؒ اور حضرت قلندر بابا اولیاء ؒ سے گہری عقیدت رکھتے ہیں۔

------------------------------------

صبح کی نورانیت

قائل حقانیت بابا حضور ؒ

حامل روحانیت بابا حضورؒ

مرتبہ دانِ جمالِ کن فکاں

عارفِ وحدانیت بابا حضور ؒ

زلفِ پیچاں شام کی تزئین ہے

صبح کی نورانیت بابا حضور ؒ

آپ سے وابستہ دنیا ہے مری

اور میری عافیت بابا حضور ؒ

جن کی پیشانی میں ہے نورِ خدا

وہ ہیں عالی مرتبت بابا حضور ؒ

آپؒ کے ہر ایک دیوانے میں ہے

آپؒ کی عرفانیت بابا حضور ؒ

ہم نے سب تاروں میں انجمؔ چن لیے

بر بنائے آخرت بابا حضور ؒ


Topics