Topics

شیبا آفتاب حیدری

 

محترمہ شؔیبا حیدری حمد ، نعت ، سلام ، مناقب ، قطعات اور غزل گوئی میں اپنا ایک خاص انداز اور منفرد مقام رکھتی ہیں۔ وہ پاکستان کی پہلی قطعہ نگار خاتون کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہیں۔ اب تک ان کے دو شعری مجموعے ”اُن کے لئے “ اور ”حمد نامہ“ منظر عام پر آچکے ہیں۔ آپ کی شاعری میں معاشرت ، تصوف ، تاریخ اور فلسفہ کا رنگ جھلکتا ہے۔ شؔیبا حیدری کو ان کی ادبی خدمات پر کئی ادبی تنظیموں نے اعزازات سے بھی نوازا ہے۔

-----------------------------

نقشِ دوام

دل پہ کندہ ہو گیا ہے جس کے نامِ برخؔیا

دُھل نہیں سکتا کبھی نقشِ دوامِ برخؔیا

نام لیوا اُن کے جتنے بھی یہاں موجود ہیں

اُن میں لگتا ہے ہر اِک ماہِ تمامِ برخؔیا

نقشِ پا رکھتے ہیں اُن کے اِس لئے تابندگی

اُٹھ نہیں سکتا غلط کوئی بھی گامِ برخؔیا

ہیں جو پیغمبر ہمارے رحمت اللعالمینؐ

لے کر جاتی ہے صبا اُن تک کلامِ برخؔیا

اللہ اللہ بارش ِ انوار کی اُمید میں

سب کھڑے رہتے ہیں شؔیبا زیرِ بامِ برخؔیا

Topics