Topics
جناب تنویر پھول کا اصل نام تنویر الدین احمد صدیقی ہے۔ انہوں نے ادبی سرگرمیوں کا آغاز مارچ 1957ء سے کیا۔ ابتدائی شاعری کا آغاز نومبر 1960ء سےکیا۔ 1967ء میں روز نامہ ”حریت“ کی جانب سے کُل پاکستان مقابلے میں بہترین شاعر کا اعزاز حاصل کیا اس کے علاوہ 1968ء میں ماہنامہ ”غنچہ“ کراچی بچوں کے بہترین شاعر ، 1969 ء میں قرآن مجید کی منظوم تفہیم پر شعور اکادمی کراچی سے ”قمر الشعراء“ کا خطاب حاصل کیا۔
جناب تنویر الدین احمد صدیقی صاحب 3 ستمبر 1947 ء میں مظفر پور میں پیدا ہوئے۔ ایم ۔ اے تاریخ اسلام کی ڈگری حاصل کی۔ جنوری 1970ء میں ”گلشن سخن“ ، اکتوبر 1983 ء میں ”خوشبو بھینی بھینی “ (نظمیں ) ، ”تنویر حرا“ مارچ 1996 میں ”انوار ِ حرا“ (مجموعہ حمد و نعت) جولائی 1997ء میں ”دھواں دھواں چہرے“ (غزلیات) اپریل 1999ء میں شعری مجموعے کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
---------------------------------
توصیفِ بابا اولیاءؒ
عارف مولائے محشر تم ہو بابا اولیاء !
اور محبِ ذاتِ سرورؐ تم ہو بابا اولیاء !
جن کو قربت مل گئی ہر دم یہی کہتے ہیں وہ!
معرفت کا اِک سمندر تم ہو بابا اولیاء !
ہے نمایاں شان بے شک اولیاء کی بزم میں !
وہ ولیِ ربِّ اکبر تم ہو بابا اولیاء !
تم کو ہے محبوب قرآں ، اُسوۂ سرکار ؐ بھی
تابعِ فرمانِ داور تم ہو بابا اولیاء !
جو سبق تم نے دیا اُس پر عمل ہے لازمی
دینِ حق کے ایک رہبر تم ہو بابا اولیاء !
ہے جہاں پر حق کی رحمت ، جلوۂ خیر الوریٰؐ!
دل یہ کہتا ہے وہاں پر تم ہو بابا اولیاء !
جو تمہارے ہیں مُحب وہ یاد کرتے ہیں سدا!
یوں سمجھ لو آج گھر گھر تم ہو بابا اولیاء !
پھولؔ! سن لو کہہ رہا ہے ہر محبِّ برخیا!
ہر گھڑی اس دل کے اندر تم ہو بابا اولیاء !
-----------------------------------
مردِ عظیمؒ
حاصل ِعلم ِ فیض ولایت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
حامل شرع و راہِ طریقت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
عارفِ ذاتِ رَبِ دو عالم اور دل میں عرفانِ نبیؐ
عامل ِ قرآں ، عاشقِ سنت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
راہِ نبیؐ پر چلتے رہنا ، دل سے تم سمجھو قُرآن!
دیتے سب کو درسِ ہدایت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
کوئی نہ تھا محرومِ عنایت ، سب پہ نوازش اُن کی وہی
خلقِ خدا سے کرتے محبت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
حق کا کلام ہمیشہ پڑھتے ، دل میں نہاں اُس کا جلوہ
صبح و مسا مصروفِ تلاوت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
خدمتِ خلق ہے اُن کا وتیرہ خوش خلقی اُن کا شیوہ
دل سے رب کی کرتے اطاعت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
ذکرِ خدا اور ذِ کر شہہؐ دیں ، اُن کا یہ معمول رہا!
رہتے یوں مشغولِ عبادت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
ہاتفِ ربی کا تھااشارہ ، سامنے تھے قرطاس و قلم !
پھولؔ نے لکھی آپ کی مدحت بابا قلندرؒ مردِ عظیم!
-----------------------------------
نذرِ باباؒ
آج کیسا سج گیا دربار بابا اولیاءؒ
مقبرہ ہے منبعِ انوار بابا اولیاءؒ
زندگی بھر اُسوۂ سرکار ؐ تھا پیشِ نظر!
ہے مثالِ آئینہ کردار بابا اولیاءؒ
گُل شریعت کے طریقت کے یہاں کھلتے رہے
معرفت کا باغ ہے گلزارِ بابا اولیاءؒ
تھے بلند اطوار بابا اولیاءؒ اس واسطے
بے خطر باطل سے ہے سر شار بابا اولیاءؒ
رب کی قربت تھی میسر ، معرفت کا آئینہ
دیکھتا تھا دیدۂ بیدارِ بابا اولیاءؒ
آئینہ دارِ طریقت ، سرِ حق ہے عکس ریز
قیمتی گنجینہ اسرار بابا اولیاءؒ
رحمت و شفقت کے گُل ہیں اور اُلفت کی بہار!
آؤ دیکھو گلشنِ بے خارِ بابا اولیاءؒ
پؔھول ہو کر رہ گیا اُن کا اسیر حُسن وہ!
خواب میں جس نے کیا دیدارِ بابا اولیاءؒ