Topics
علم و عرفان کا سمندر تھا
وقت کا تیسرا قلندر تھا
خاک بھی ، نور کا ذخیرہ بھی
عشق کی گدڑیوں کا ہیرہ بھی
تھا لقب بابا اولیاء اُس کا
اور تخلص تھا برخیاؔ اُس کا
لمحہ لمحہ حیات کا بے عیب
آدمی وہ عظیمؔ تھا لاریب
اُس کا بچپن بھی تھا بہت درویش
سر سے پیروں تلک وہ خیر اندیش
تھا وہ دریا ، خراج لہر کا تھا
رہنے والا ”بلندِ شہر“ کا تھا
اُس کی یکتائیوں کی دیوانی
اُس کا ایثار اُس کی قربانی
علی گڑھ یونیورسٹی میں پڑھا
پھر تصوف کی روشنی میں پڑھا
تھا حسؔ عسکری کی نسل میں وہ
ولی ابن ولی تھا اصل میں وہ
تاج الدین اولیاءؒ کا مُرید
حق کا ابدال ، معرفت کی نوید
فیض ابو الفیضؔ سے بہت پایا
تھا غنی اور فقیر کہلایا
ظاہری باطنی حسین تھا وہ
فطرتاً مخلص و ذہین تھا وہ
بیٹھنے دی نہ دل پہ غیر کی گرد
سمجھا اوروں کا درد ، اپنا درد
مصطفےٰؐ نے لُدنّی علم دیا
وا ، در ہر رموز ، اُس پہ کیا
فیوز بجلی کے بیچنے والا
جذب و مستی کے چاند کا ہالہ
نفس کو ، رب کو ، اس نے پہچانا
اپنے منصب کو اُس نے پہچانا
جو عدم سے وجود میں لایا
اُس کو چشم شہود میں لایا
اس کی ہر ایک سانس وجدانی
سجدہ سجدہ تھی اُس کی پیشانی
مسندِ بہتریں پہ جا بیٹھا
حدِ حقّ الیقین پہ جا بیٹھا
فیض ِ انسانیت کا پروردہ
اُس کا اظہار بھی تھا اِک پردہ
علم تھا اُس کا ، خود فراموشی
حق کا اعلان ، اُس کی سرگوشی
حیرتوں سے سُرور اُس نے لیا
نور والے سے نور اُس نے لیا
اس کی تنہائی بھی تھی ایک جتھا
کُل میں ضم ہو کے ، بُجز جُز نہ تھا
تھا دوئی کے مقام سے آگے
وہ کھڑا تھا امام سے آگے
حسنِ اُخریٰ خطاب ہے اُس کا
لاجوابی ، جواب ہے اُس کا
خود ہی دولہا تھا خود ہی باراتی
اس کی ہر سانس تھی کراماتی
میرے دل میں بھی وہ اُتر سا گیا
میرا احساس بھی نکھر سا گیا