Topics
جناب محترم صاؔبر براری کا اصل نام احمد مرزا
قادری ہے۔ آپ مولوی حمید مرزا کے صاحبزادے ہیں۔ محترم صابر براری 3 اکتوبر 1928ء
کو ایلچپور ضلع امراؤتی برار میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم جل گاؤں ، کھام گاؤں
اور مراؤتی کی درس گاہ سے حاصل کی۔ادارۂ ادبیات اردو ، حیدرآباد دکن سے اردو عالم
کی سند حاصل کی۔ کراچی یونیورسٹی سے بی اے اور جامعہ ملیہ کراچی سے بی ایڈ کیا۔
جناب صابؔر براری ایک فاضل اُستاد ، محقق اور
علم و آگہی کے شاعر ہیں ۔ زبان و بیان میں خدا داد صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ شعبہ درس
و تدریس کے ساتھ کافی عرصے سے وابستہ ہیں ۔ ان کے کئی شعری مجموعے شائع ہو چکے
ہیں۔ صابرؔ صاحب نہایت عمدہ نعت گو شاعر بھی ہیں۔ آپ کا پہلا مجموعہ نعت ”فردوسِ
عقیدت “ ہے۔ اس کے علاوہ بہشتِ مناقب ، انوار ِ پنجتن اور جامِ ظہور آپ کے نعتیہ
دیوان ہیں جو شائع ہو کر پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے شعور و آگہی کی
جس نعمت سے انہیں نوازا ہے اس کا استعمال آپ کی شاعری میں بھر پور نظر آتا ہے۔ کتاب
”تاریخِ رفتگاں“ میں آپ نے علماء ادبا ء ، مشائخ اور مشاہیر کے مختصر تذکرے کے
ساتھ اُن کے قطعاتِ تاریخ کو بھی جمع کیا ہے۔ یہ قطعاتِ تاریخ صابر صاحب نے ان
شخصیات کے سانحہ ارتحال پر کہے تھے۔