Topics

عرض مُرَتِّب

 

میں یہ تو نہیں بتا سکتا کہ اس ہستی کو پہلی بار کب دیکھا تھا ہاں یہ ضرور بتا سکتا ہوں کہ اس دنیا میں آنے کے بعد زندگی کی جو اولین باتیں یادداشت میں محفوظ ہیں ان میں سب سے نمایاں اور سب سے موثر نقش اسی ہستی کا ہے۔ اس ہستی سے میرا کوئی خونی رشتہ نہیں نہ ماں ، نہ باپ ، نہ دادا ، نہ نانا لیکن اس ہستی کے ساتھ میرا تعلق ان تمام رشتوں سے زیادہ قوی ہے۔ اس ہستی سے مجھے ماں کا پیار ، باپ کی شفقت ، اُستاد کی رہنمائی اور دوستوں کا خلوص ملا ہے۔

کہتے ہیں کہ بچہ سب سے پہلے جو چند الفاظ بولتا ہے ان میں لفظ ماں بھی شامل ہے۔ یہ بات تو میری ماں ہی بتا سکتی ہیں کہ میں نے کس عمر میں بولنا شروع کیا اور ابتداء میں کیا لفظ بولے لیکن میں اتنا ضرور جانتا ہوں کہ میں نے اپنی ماں کو امی کہا اور محبت و شفقت کے اس پیکر کو جس کا نام محمد عظیم برخیا ہے میں نے ”اماں“ کہہ کر پکارا۔ ایک مرد کو ”اماں“ کہہ کر پکارا۔ جب میں کچھ بڑا ہوا شاید پانچ یا چھ سال کا تو مجھے یاد ہے کہ کئی لوگوں نے محترم بابا صاحب کے لئے میرے منہ سے لفظ اماں سن کر حیرت کا اظہار کیا۔ چند ایک نے ٹوکا بھی اور پوچھا کہ تم بابا صاحب کو ”اماں“ کیوں کہتے ہو۔ کسی نے کہا انہیں اماں نہ کہا کرو بلکہ دادا یا بابا صاحب کہا کرو، لیکن میرے ابا اور میری امی نے بابا صاحب کو اماں کہنے پر مجھے کبھی نہیں ٹوکا۔ خود بابا صاحب نے اس تخاطب سے مجھے منع نہیں کیا۔ کسی صاحب نے میرے ابا جی سے عرض کیا کہ آپ کے بیٹے کا حضور بھائی صاحب (بابا صاحب ) کو اماں کہنا بڑا عجیب سا لگتا ہے اسے بتائیں کہ بابا صاحبؒ کو اماں کے بجائے کسی اور نام سے پکارے۔ میرے اباجی نے فرمایا کہ بابا صاحب کو میرے بیٹے کے منہ سے اپنے لیے اماں کا لفظ اچھا لگتا ہے تو میں اسے کیوں منع کروں۔

میری طرح میرے دوسرے بہن بھائی بھی بابا صاحبؒ (قلندر بابا اولیاء) کو اماں کہہ کر پکارتے تھے۔ آج بھی جب آپس میں باتیں کر رہے ہوں اور ہمارے درمیان بابا صاحبؒ کا ذکر ہو رہا ہو تو ہم ان کا ذکر ”اماں“ کے نام سے ہی کرتے ہیں۔

اس سائنسی دور میں قلندر بابا اولیاءؒ کے علم ، فضائل اور ان کے اعلیٰ اوصاف کا ایک زمانہ معترف ہے۔ ان کے افکار و تعلیمات کے ذریعہ لوگ اپنے مقصد تخلیق کے حصول کے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ ان کے در سے، ان کے دامنِ ارادت سے وابستہ ہو کر لاکھوں بندگانِ خدا فیض اور سکون پا رہے ہیں لوگوں پر معرفت کے اسرار کھل رہے ہیں۔

اللہ کے دوست ، رسول اللہ ﷺ کے عاشق اور آپﷺ کے علوم کے وارث قلندر بابا اولیاءؒ کے دربار سے علوم کے خزانے بانٹے جا رہے ہیں ۔ متلاشیانِ علم و آگہی اپنی ہمت اور ظرف کے مطابق ان سے فیض پا رہے ہیں ۔ دنیا بھر میں قلندر بابا اولیاءؒ کا شہرہ ہے۔ چشم بینا یہ سب مناظر دیکھتی ہے۔ مجھے مسرت و طمانیت ملتی ہے۔ یہ احساس میرے دل کو خوشی سے بھر دیتا ہے کہ یہ سب لوگ اماں کے ہیں اور اماں میرے ہیں۔

سخنور خواتین وحضرات نے انہی ”اماں“ کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ عقیدت سے معمور یہ اشعار روحانی ڈائجسٹ کے صفحات پر شائع ہوتے رہے ۔ کئی سالوں کے شماروں سے منتخب اشعار کے موتیوں کی مالا ، پھولوں کا گلدستہ ، حضور قلندر بابا اولیاءؒ کی شان میں کہی گئی منقبتوں کا یہ مجموعہ جن میں بعض تازہ منقبتیں بھی شامل ہیں آپ کی خدمت میں پیش ہے۔

اس مجموعے کی ترتیب و اشاعت میں روحانی ڈائجسٹ کے ہونہار کارکن محمد ذیشان خان اور روحانی ڈائجسٹ کے قلمی معاون احتشام الحق نے جس لگن عقیدت اور خلوص کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ قابلِ ستائش ہے۔ ان دونوں کو اور اس مجموعے کی ترتیب و اشاعت میں حصہ لینے والے روحانی ڈائجسٹ کے کارکنان ، وابستگانِ سلسلہ عظیمیہ اور عقیدت مندانِ قلندر بابا اولیاءؒ پر اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنا فضل و کرم نازل فرمائیں۔۔ آمین یارب العالمین!

وقار یوسف عظیمیؔ

کراچی ۔ جنوری ۲۰۰۳ء


Topics