Topics

فیض عالم بابر

 

جناب فیض عالم باؔبر کا اصل نام فیض عالم ہے۔ ۱۰ اپریل ۱۹۷۴ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ بی ایس سی انجینئرنگ کی سند رکھتے ہیں اور مقامی اخبار سے وابستہ ہیں۔ شاعری کا باقاعدہ آغاز ۱۹۹۶ء سے کیا اور بہت کم عرصے میں علم ِ عروض اور فن ِ شاعری کے دیگر رموز سے واقفیت حاصل کر لی۔ فیض عالم باؔبر علامہ اقبال اور پروین شاکر کی شاعری سے متاثر ہیں۔ فیض عالم باؔبر کی غزلیں اور نظمیں اخبارات و رسائل کی اکثر زینت بنتی رہتی ہیں۔ شہر کی معروف ادبی تنظیم حلقۂ دانش کے اہم رکن بھی ہیں۔ ان کی شاعری میں سماجی ، معاشی اور معاشرتی رویوں کے اثرات نظر آتے ہیں۔

----------------------------------

میرے عظیم رہبر

دنیا گواہ ساری میرے عظیم رہبر

ہے فیض ترا جاری میرے عظیم رہبر

تیرے سوا میں ساری دنیا کو بھول جاؤں

وہ بے خودی ہو طاری میرے عظیم رہبر

ملتی ہے تیرے در سے منگتوں کو بادشاہی

خود سر کو انکساری میرے عظیم رہبر

جاؤں گا میں یہاں سے من کی مراد پا کے

اس در کا ہوں بھکاری میرے عظیم رہبر

نسبت سے تیری خود کو کہتے ہیں ہم عظیمی

سُن لے صدا ہماری میرے عظیم رہبر

تعلیم دی کہ چلنا دونوں کو ساتھ لے کر

دنیا و دینداری میرے عظیم رہبر

رونق گہہ جہاں میں پھنس کر ہی رہ نہ جائیں

رکھنا خبر ہماری میرے عظیم رہبر

لاکھوں بشر نے تیرے افکارِ نو سے باؔبر

ہے زندگی سنواری میرے عظیم رہبر

Topics