Topics

قادریؔ العظیمی

 

جناب محترم غلام رسول قادری ہندوستان کے شہر دہلی کے قریب موضع گڑ گانواں میں ۶ دسمبر ۱۹۰۳ء کو پیدا ہوئے۔ ۱۹۲۱ء میں تعلیم کے حصول کے بعد دہلی میں ٹیلیفون ریونیو اکاؤنٹس میں ملازمت اختیار کی۔ قیامِ پاکستان کے بعد آپ راولپنڈی آگئے۔ دورانِ ملازمت کراچی تبادلہ ہوگیا۔ ۱۹۶۰ ء میں آپ اکاؤنٹس سپرنٹنڈنٹ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ آپ نے ابتدائی روحانی تعلیم و تربیت سلسلہ قادریہ میں حاصل کی اور ۱۹۷۱ ء میں سلسلہ عظیمیہ میں داخل ہوئے۔

جناب غلام رسول قادری صاحب کو ہندی اور فارسی زبان پر عبور حاصل تھا۔ ہندی زبان میں دوہے اور بھجن بھی کہے۔ ہندی میں نکھداس تخلص کرتے تھے۔ شعرو سخن سے گہری دلچسپی تھی۔ آپ انتہائی ہنس مکھ ، ملنسار اور شگفتہ مزاج طبیعت کے مالک تھے۔ ایک موقع پر جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے آپ کو ”ہرے بھرے بابا “ کہہ کر مخاطب کیا ، بعد میں آپ کا نام یہی پڑ گیا دسمبر ۱۹۹۵ ء میں آپ کا انتقال ہوا ، اور ایک مہذب ، خوش اخلاق ، علم و آگہی سے مالا مال شخصیت عالم بالا میں تشریف لے گئی۔

---------------------------

فیضان شاہانہ

حبذَّا بابا قلندرؒ نوری میخانہ ترا

بادۂ عرفان کا گردش میں پیمانہ ترا

تشنہ کامان محبت پی رہے ہیں بے دریغ

عام ہے سب کے لئے فیضانِ شاہانہ ترا

بس رہی ہے ہر طرف مئے ناب گلگوں کی شمیم

جھومتا ہے کیف سے مخمورِ مستانہ تیرا

آئیں فرزانے جہاں کے دیکھیں میخانے کا رنگ

لاکھ فرزانوں پر بھاری ایک دیوانہ تیرا

پیتے ہی اِک گھونٹ اس کے سب لطیفے کھل گئے

مل گیا لبریز جس کو جَامِ رندانہ ترا

شمع نورِ تجلی ذاتِ انور ہے تری

خود بھی روشن ہو گیا ہر ایک پروانہ ترا

یک نگاہ لُطف اے ساقی مرے بندہ نواز

قادری لایا ہے دل کا اپنے نذرانہ ترا

---------------------------

بادۂ عرفاں

جب نظر سے نظر ملائی جاتی ہے

نظروں نظروں میں ہی پلائی جاتی ہے

میکدہ ہے عظیم ، مرشد کا

بادۂ عرفاں لُٹائی جاتی ہے

حق قلندر کے بادہ خواروں کا

ایک محفل سجائی جاتی ہے

یہ قلندر کا آستانہ ہے

یاں پہ بگڑی بنائی جاتی ہے

غمزدوں ، بے کسوں ، غریبوں کی

آتشِ غم بجھائی جاتی ہے

فیض بٹتا ہے جھولیاں بَھر بَھر

یاں سخاوت یہ پائی جاتی ہے

حق سے ملنے کو چاہے گر بندہ

راہ اُس کو دکھائی جاتی ہے

قادریؔ            کیوں      ہے      آزردہ

تیری باری بھی آئی جاتی ہے


Topics