Topics

قمر وارثی

 

محترم جناب قؔمر وارثی صاحب کا اصل نام ارشاد حسین وارثی ہے۔ آپ بھارت کے شہر فرخ آباد (یوپی) میں ۵ جنوری ۱۹۵۰ ء کو پیدا ہوئے۔ ۱۹۶۵ء میں قومی نغمے تحریر کر کے شاعری کا آغاز کیا۔ اس کے بعد غزل ، نعت اور منقبت وغیرہ بھی لکھیں۔

اب تک آپ کی 6 تصانیف شائع ہو چکی ہیں ۔ جن میں دو نعتیہ مجموعہ ”شمس الضحیٰ“ اور ”کہف الوریٰ“ ایک غزل کی کتاب ”یمِ تحریک“۔ سلسلہ چشتیہ کے بزرگ حضرت ظہور احمد شاہ نورانی کے حالاتِ زندگی پر ”آئینہ ظہور“ کے عنوان سے ایک کتاب تحریر کی اور دو منقبت کا مجموعہ ”حضور ِ وارث“ اور عطائے ظہور“ کے عنوان سے بھی شائع ہوئے، حضرت حاجی وارث علی شاہؒ اور حضرت ظہور احمد شاہ نورانی ؒ کی شان میں کہی گئی منقبتوں کو ان دونوں مجموعوں میں شامل کیا گیا ہے۔

جناب قؔمر وارثی صاحب فروغ نعت و حمد کے ادارے ” دبستانِ وارثیہ۔ کراچی“ کے صدر ہیں جو عرصہ دس سال سے حمد و نعت کے فروغ کے لئے کام کر رہا ہے اور حمد و نعت کے اب تک 9 مجموعے شائع کر چکا ہے۔

---------------------------

رنگِ فقیرانہ

بقیدِ ہوش دیوانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

عجب رنگِ فقیرانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

یہ رنگِ زندگی ، آئندگی تعلیم کرتے ہیں

کرم کتنا جدا گانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

نہ کیوں دل کا مقدر عالم وارفتگی ٹھہرے

نظر میں آئینہ خانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

حصولِ منزلِ حق آگہی میں کامیابی تک

چراغِ راہ کاشانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

بہ حسنِ مقصد ِ ہستی ہم اہلِ دل کے دامن میں

محبت جیسا نذرانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

مقدر کے دھنی ہیں کس قدر کیا پوچھئے وہ لب

کہ جن پر نام روزانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

قؔمر جس پر فدا ہیں رونقیں دربارِ شاہی کی

وہ رشکِ دید ویرانہ قلندر اولیاءؒ کا ہے

 

Topics