Topics
بابا قلندر اولیاءؒ ہمارے عہد کے بڑے اور صاحبِ
طریقت صوفیا میں تھے ، انہوں نے مادیت کے اس دور میں عالم روحانی کی کنہ تک رسائی
حاصل کی اور اس کا ایک اسلوب وضع کیا۔ ان سے ہزاروں افراد نے فیضان حاصل کیا۔ اللہ
سے اپنے تعلق اور نبی ﷺ سے محبت و عقیدت کی شمعیں روشن کیں اور اپنی زندگیوں کو
سنوارا ، اُن کے اس اسلوب کی آبیاری جناب خواجہ شمس الدین عظیمی ؔ نے کی اور اس کو
خالص علمی اور سائنسی بنیادوں پر استوار کر کے ایک نئی معنویت دی۔ عظیمی صاحب بابا
قلندر اولیا ءؒ کے فیض یافتہ ، رمز شناس اور ان کے علم کے امین ہی نہیں اُس کے
فروغ کا سبب بنے ہیں۔ ان کی متعدد کتب اردو اور انگریزی میں شائع ہوچکی ہیں اور
روحانی مدارج کے ارتقائی مراحل پر ان کی کاوشیں بعض جامعات میں تدریسی نصاب میں
شامل ہیں اور یہ سب بابا قلندر اولیاءؒ کا فیضان ہے۔ مجھے بابا صاحب ؒ کا نیاز
حاصل نہ ہو سکا، عظیمیؔ صاحب سے نیاز مندی ہے، ان کا حب رسول ﷺ ، ان کی متانت اور
طبیعت کا حلم ، انسانوں سے ہمدردی اور مخلوقِ خدا سے محبت میری طرح کتنوں کو متوجہ
کرتی ہے۔ اب تو ان کی روحانی فیضِ رسانی علمی حلقوں سے نکل کے عوامی سطح تک منتقل
ہو چکی ہے۔ عظیمیؔ صاحب کے صاحبزادے جناب وقار یوسف عظیمیؔ نے جو روحانی ڈائجسٹ کے
مدیر بھی ہیں بابا قلندر اولیاء کی منقبت میں ہمارے عہد کے بعض معروف شعراء کی
نظمیں مرتب کی ہیں اور ان کے اظہار عقیدت کو یکجا کر دیا ہے۔ ان نظموں سے محض
عقیدت کا اظہار ہی نہیں ہوتا بلکہ بابا صاحبؒ کے حالات و کوائف پر بھی مختصر روشنی
پڑتی ہے۔ عظیمی صاحب کے خاندان کی یہ دوسری پشت ہے جو بابا صاحبؒ کے روحانی فیض کو
عام کرنے میں کوشاں ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مساعی کو قبول فرمائے۔
---------------------------------------------------