Topics
آپ کے در سے ملا بابا قلندر اولیاءؒ
منزلِ حق کا پتا بابا قلندر اولیاءؒ
عرض کیا کیجئے ، مجھے کیا کچھ ہوا منکشف
میں نے دل پر جب لکھا بابا قلندر اولیاءؒ
جذب ہو یا ہو سلوک جاوداں دارین میں
فیض ہے یہ آپ کا بابا قلندر اولیاءؒ
اِک تسلسل سے ہے قائم مرحبا صد مرحبا
آپ ہی کا سلسلہ بابا قلندر اولیاءؒ
گوشہ ، گوشہ میں یہی کہتی ہے روحانیت
ہیں بھرم اجسام کا بابا قلندر اولیاءؒ
خود کو پہچانو ، خدا سے آگہی کے واسطے
درس کیا اچھا دیا بابا قلندر اولیاءؒ
منقبت خواں آپ کا مختارؔ اجمیری بھی ہے
کیجئے مقبول یا بابا قلندر اولیاءؒ