Topics

نقشِ قدم

 

جب سے دنیا آباد ہوئی ہے انسان کا شعور راحت و آرام کا متلاشی ہے۔

راحت و آرام اِرتقا کے دائرہ کار میں آتا ہے اور اِرتقاء اُس وقت ہوتا ہے جب انسان اپنی کمزوریوں کو چھپائے اور اچھائیوں کو ظاہر کر کے خود کو اچھا ثابت کرے۔ انسان ان چیزوں کو اہمیت دیتا ہے جو لوگوں کے پاس نہیں ہوتیں۔ یہی چیزیں کسی انسان کے لئے وجہ افتخار بن جاتی ہیں۔ یہ بات اپنی جگہ بڑی اہمیت کی حامل ہے کہ آسائش کی زیادتی سے ”سکون“ تقسیم ہو جاتا ہے اور سکون کی تقسیم سے ذہنی خلفشار پیدا ہوتا ہے۔ جب ایجادات میں افراط ہو جاتی ہے تو دنیاوی تقاضوں کی تکمیل ہی مقصد حیات بن جاتا ہے۔

یہ بتانے کے لئے کہ مقصد حیات محض آسائش ، آرام کا حصول نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے انبیاءؑ بھیجے۔ اُنہوں نے درس دیا کہ دنیا کے لوازمات آرام ، آرائش کے لئے تو ہیں لیکن ان میں دل لگانے سے آدمی صراطِ مستقیم سے دور ہو جاتا ہے۔

انبیاء اور اولیا ء نے صراطِ مستقیم پر قائم رہنے کے لئے جو اُصول مرتب کئے ہیں ، وہ یہ ہیں۔۔۔

٭ دنیا کی ہر نعمت کو اللہ کے شکر کے ساتھ استعمال کرو۔

٭ مقصدِ حیات اللہ کے بنائے ہوئے وسائل کو نہ بناؤ۔

٭ زندگی کا مقصد اللہ اور صرف اللہ ہونا چاہئے کہ اس نے تمہیں اور تمہارے لئے وسائل کو تخلیق کیا ہے۔

ان قواعد و ضوابط کو عوام تک پہنچانے کے لئے صحیفے اور آسمانی کتابیں نازل ہوئیں۔ لوحِ محفوظ میں قرآن کریم کو محفوظ کیا گیا تاکہ کوئی فرد مقصدِ حیات کے تعین میں ناکام نہ رہے۔ خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی ٰﷺ کے پردہ فرمانے کے بعد رُشد و ہدایت ، تلقین اور تبلیغ کا کام صحابہ کرامؓ کے بعد اولیاء اللہ نے سنبھال لیا اور اِن قدسی نفس حضرات نے حمد ، نعت ، نثر و نظم اور خطبوں کے ذریعے لوگوں تک اللہ کا پیغام پہنچایا۔ عباسی خلفاء کے دور میں یونانی فلسفیوں کے تراجم کے بعد جب اسلامی معاشرے میں زبردست انتشار پیدا ہو گیا۔ قرآنی علوم ، معجزات ، آخرت اور معراج جیسی حقیقت کو یونانی فلسفے کی عینک سے دیکھا جانے لگا تو اس طوفانِ بدتمیزی کے آگے مشہور صوفیاء حضرت جنید بغدادیؒ، حضرت بایزید بسطامیؒ اور حضرت ذوالنون مصریؒ نے بند باندھا۔ اسلامی معاشرے میں ذہنی انتشار کو ختم کرنے کے لیے ، تزکیۂ قلب ، سکون ، مشاہدہ اور باطنی اسرار کے لیے کتابیں تصنیف کیں۔

امام غزالیؒ نے معاشرے کے اخلاقی زوال کی اصلاح کے لیے ”احیاءُ العلوم“ کتاب لکھی۔

حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ نے سلسلہ قادریہ قائم کیا اور ”غنیۃ الطالبین“ جیسی مشہور کتاب لکھی۔۔ شیخ نجیب الدین ابو القاہر سہروردی ، ظاہری اور باطنی علوم دونوں کے معلم تھے۔ اُنہوں نے سلسلہ سہروردیہ کی بنیاد قائم کی۔

شیخ اکبر محی الدین ابن عربیؒ کی تصنیف کردہ تقریباً 150 کتابیں دنیا میں موجود ہیں۔ شیخ شہاب الدین سہروردیؒ نے ”عوارف المعارف“ تصنیف فرمائی۔ حضرت بابا فرید شکر گنجؒ اس کا درس دیا کرتے تھے۔

حضرت نجم الدین کبریٰؒ نے خالق اور مخلوق کے درمیان رابطہ قائم ہونے کے سلسلے میں نظم و نثر میں کئی کتابیں تصنیف کیں۔ عالم با عمل مولانا جلال الدین رومیؒ کو حضرت شمس تبریزؒ کی نگاہِ التفات سے علومِ باطنی حاصل ہوئے۔ شاہ ولی اللہؒ نے تکوین ، طریقت ، شریعت اور عرفانِ نفس کے بارے میں کتابیں تصنیف فرمائیں۔

داتا گنج بخشؒ نے کشف المحجوب تحریر فرمائی۔

ان بزرگ حضرات نے کلامِ الٰہی کے مطابق دین کی تعریف اور معنی تلاش کئے اُنہوں نے بتایا کہ یہ دنیا عارضی قیام گاہ ہے اصل مقام اس دنیا کے بعد دوسری دنیا ہے۔ ان حضرات نے اسرار و رموز واشگاف الفاظ میں بیان کئے۔ اپنے اپنے دور میں شعوری تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے روحانی علوم کی اس طرح تشریح کی کہ روحانی دنیا کے تجربات اور مشاہدات کا بھی لوگوں کو ادراک ہوا۔

اللہ تعالیٰ اُن کی ارواح کو حضوری عطا فرمائے۔ ان حضرات نے ہر شعبہ زندگی میں دین کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ کسی مسئلے کا مفہوم غلط نہ سمجھا جائے۔

اللہ کا اپنا ایک نظام ہے!

دنیا داری کا مفہوم یہ ہے کہ دنیا میں ارتقاء ہوتا رہے۔ دو سو سال سے سائنس ترقی پذیر ہے۔ یہ انسانی عقل کے لئے عروج کا دور ہے۔ پوری دنیا ایک کمرے میں سمٹ آئی ہے۔ فاصلے ناقابلِ ذکر بنتے جا رہے ہیں۔ زمین کے اندر کیا ہے اور خلا میں کیا کچھ ہے اس کا کھوج لگایا جا رہا ہے ۔ ہر ناممکن کو ممکن العمل بنانے کی کوشش جاری ہے۔ لیکن اس کے باوجود عروج کی یہ کہانی عجیب ہے کہ ترقی کے اس دور میں ہر شخص پریشان ہے ، مصیبت زدہ ہے، سکون ختم ہو گیا ہے ، بیماریوں نے جکڑ لیا ہے۔ ایک بیماری کا علاج پورا نہیں ہوتا دوسری دو بیماریاں حملہ آور ہو جاتی ہیں۔ عدم تحفظ نے زندہ درگور کر دیا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کے چالاک اور عیار ٹھیکیداروں نے اللہ کی مخلوق کو غلام بنانے کے لیے نئے نئے جال بچھا دیئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے محبت کرتے ہیں ۔ مخلوق کی بقاء چاہتے ہیں۔ مخلوق کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں۔ اپنی مخلوق کے اوپر رحمت کی بارش برسا کر خوش ہوتے ہیں۔

نوعِ انسانی کی درماندگی ، بے سکونی ، پریشانی اور خوف ختم کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے بیسویں صدی عیسوی میں ابدالِ حق حضور قلندر بابا اولیاؒ کو دنیا میں بھیجا ہے۔

حضور قلندر بابا اولیاءؒ نے اپنے پیشوا بزرگوں کے نقشِ قدم پر چل کر نظم و نثر میں کتابیں لکھ کر اللہ کی مخلوق کو روشن راستہ دکھایا ہے۔ نظم و نثر دونوں میں حضور قلندر بابا اولیاءؒ نے بتایا ہے کہ انسان کی زندگی کے دو رُخ ہیں۔ ایک رُخ مادی وجود ہے اور دوسرا رُخ روح ہے۔ مادی وجود کی اپنی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ مادی وجود ہمیشہ روح کے تابع ہو کر حرکت کرتا ہے کسی مردہ جسم نے کبھی حرکت نہیں کی جبکہ مردہ مادی وجود میں خدو خال موجود ہوتے ہیں۔

قلندر بابا اولیاءؒ فرماتے ہیں دنیا کی چیزیں اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے استعمال کے لیے بنائی ہیں۔ دنیا عارضی ہے اسی طرح دنیا کی ہر چیز عارضی ہے ۔ دنیا کی ہر آسائش سے فائدہ اُٹھاؤ اور اللہ کی طرف قدم بڑھاؤ۔۔ منزل پر پہنچنے کے لیے راستہ کی خوشنما چیزوں میں دل نہ لگاؤ کیونکہ اس طرح راستہ کھوٹا ہو جائے گا۔ منزل میں وہ سب کچھ موجود ہے جو راستہ میں مسافر کو نظر آتا ہے۔ مسافر جیسے آگے آگے بڑھتا ہے۔ دل موہ لینے والی تصویریں اور خوشنما مناظر سب پیچھے رہ جاتے ہیں۔۔

قلندر باباؒ فرماتے ہیں:

ہو جھونپڑی یا قلعہ تیری ملکیت

لیکن اَجل ایک دم کی نہیں دے گی مہلت

رکھ کر گڑھے میں کہیں گے احباب

پائی ہے فلاں ابنِ فلاں نے رحلت

٭٭٭٭٭

مٹی میں ہے دفن آدمی مٹی کا

پتلا ہے وہ ایک پیالہ بھری مٹی کا

میخوار پئیں گے جس پیالے میں شراب

وہ پیالہ بنے گا کل اِسی مٹی کا

اگر ہمارے پاس ہمارے بزرگوں کی تحریریں نہ ہوتیں اور ہمارے اسلاف ان تحریروں کو کتابوں کے ذریعے رہتی نسلوں تک نہ پہنچاتے تو اخلاقی قدروں میں ارتقا ء نہ ہوتا اندھیرے اور انحطاط ہمیں حیوانات کی صفوں میں دوبارہ دھکیل دیتے

اسلاف کے بنائے ہوئے ضابطوں اور قاعدوں پر رُک کر چل کر ٹھہر کر اور فیصلہ کر کے نورِ بصر حکیم وقار یوسف عظیمی نے بزرگوں کی روایات کو زندہ رکھا ہے۔ عزیز موصوف نے حضرت قلندر بابا اولیا ءؒ کی شان میں کہی گئیں مناقب کو کتابی صورت میں شائع کر کے نہایت مستحسن کام کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ حکیم وقار یوسف عظیمی کی اِس کاوش کو قبول فرمائے اور اُنہیں اولیاء اللہ کے فیوض و برکات سے مستفیض فرمائے۔ آمین

خواجہ شمس الدین عظیمی

مرکزی مراقبہ ہال۔ سرجانی ٹاؤن، کراچی

۴ جنوری ۲۰۰۳ء


Topics